• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

فٹبال: لامین یمال نے’ گولڈن بوائے‘ ایوارڈحاصل کیا

Updated: November 29, 2024, 1:47 PM IST | Agency | London

بارسلونا فٹبال کلب کے فارورڈ کھلاڑی  ۱۷؍سالہ لامین یمال نے گزشتہ روز ۲۰۲۴ءکا گولڈن بوائے ایوارڈ جیت لیا۔ وہ  ۲۱؍ سال سے کم عمر مرد کھلاڑی کے  اس ایوارڈ کو جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔

Lamine Yamal. Photo: INN
لامین یمال۔ تصویر : آئی این این

بارسلونا فٹبال کلب کے فارورڈ کھلاڑی  ۱۷؍سالہ لامین یمال نے گزشتہ روز ۲۰۲۴ءکا گولڈن بوائے ایوارڈ جیت لیا۔ وہ  ۲۱؍ سال سے کم عمر مرد کھلاڑی کے  اس ایوارڈ کو جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ اسی طرح بارسلونا کی اسٹار کھلاڑی۱۸؍سالہ وکی لوپیز نے گولڈن گرل ایوارڈ حاصل کیا۔
 ۱۷؍ سالہ یمال گزشتہ۴؍ برسوں میں بارسلونا کیلئے یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے تیسرے  مرد کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے ان کے ساتھی پیڈری اور گاوی اس ایوارڈ کو اپنے نام کر چکے ہیں۔  دوسری جانب  لوپیز نے خواتین کے زمرے میں بارسا کیلئے تیسرا ایوارڈ جیتا ہے۔ان سے قبل  جولے برانڈ اور کائسیڈو نے یہ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
 یمال نے ریئل میڈرڈ کے جوڈ بیلنگھم کی جگہ لی ہے، جنہوں نے گزشتہ سال یہ ٹرافی جیتی تھی۔ اس سے پہلے کے دیگر فاتحین میں ارلنگ ہالاند،کیلیان ایمباپے اور لیونل میسی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گولڈن بوائے کا ایوارڈ۲۰۰۳ء میں  اتالوی اخبار ٹوٹو اسپورٹس نے شروع کیا تھا۔
 ۲۰۲۳ء میں ۱۵؍ سال کی عمر میں بارسلونا کی سینئر ٹیم کیلئےڈیبیو کرنے کے بعد  یمال نے کئی اعزازات حاصل کئے ہیں۔ اسی سال اکتوبر میں،انہوں نے بیلون ڈی اور تقریب میں کوپا ٹرافی جیتی تھی اور یہ ٹرافی جیتنے والے وہ اب تک کے سب سے کم عمر فاتح بن گئے تھے۔اس کے علاوہ، یمال گزشتہ سال کلب اور ملک کیلئے شاندار سال کے بعد بیلون ڈی اور کی ووٹنگ میں آٹھویں نمبر پر رہے تھے۔ انہوں نے اسپین کو یوروپی چمپئن شپ کی جیت میں مدد کی اور  ہینسی فلک کی تربیت میں ایک نئی شکل اختیار کرنے والی بارسلونا ٹیم میں نمایاں کردار ادا کیا۔یورو کپ میں،  یمال کو ٹورنامنٹ کا بہترین نوجوان کھلاڑی قرار دیا گیا تھا، ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں بھی انہیں شامل کیا گیا اور ان کے فرانس کے خلاف سیمی فائنل گول کو ٹورنامنٹ کا بہترین گول قرار دیا گیا تھا۔ بارسلونا کیلئے انہوں نے گول کرنے اور گول کرنے میں معاون کا کردار ادا کرنے کے معاملے میں عمر سے متعلق کئی ریکارڈ توڑے ہیں۔اس سیزن میں تمام مقابلہ  میں ۱۶؍ میچ میں یمال نے ۶؍ گول کئےہیں اور ۸؍گول کرنے میں مدد کی ہے۔وہ بارسلونا کے گزشتہ۳؍ میچوں میں ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے نہیں کھیل سکے ہیں لیکن کوچ فِلک کو سنیچر کو  لاس پالماس کے خلاف لالیگا  میچ  میں ان کے کھیلنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK