• Fri, 31 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

گالے ٹیسٹ : عثمان خواجہ کی شاندار ڈبل سنچری

Updated: January 31, 2025, 1:24 PM IST | Agency | Galle/ Sri Lanka

سری لنکا کے خلاف آسٹریلیا نے ۶۵۴؍ رن پر اننگز ڈکلیئر کردی ، سری لنکا کا خراب آغاز ، ۳۰؍ رن پر ۳؍ وکٹ گنوادئیے۔

Australian batsman Usman Khawaja after completing a double century. Photo: Agency
آسٹریلیائی بلے باز عثمان خواجہ ڈبل سنچری مکمل کرنے کے بعد۔ تصویر:ایجنسی

 عثمان خواجہ(۲۳۲)، اسٹیو اسمتھ(۱۴۱)اور جوش انگلس (۱۰۲) کی شاندار سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے جمعرات کو گالے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کے سامنے ۶؍ وکٹ پر۶۵۴؍رنوں کا پہاڑ کھڑا کرنے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی۔ اس کے بعد میزبان سری لنکابلے بازی کیلئے آئی اور ۳؍ وکٹ کے نقصان پر صرف۴۴؍ رن بنا سکی۔ 
  آسٹریلیا کے ۶۵۴؍ رنوں کے جواب میں سری لنکا کی شروعات خراب رہی اور صرف۳۰؍ رن پر اس کے دونوں سلامی بلے باز تین وکٹ گر گئے۔ دنیش چندیمل اور کامندو مینڈس نے اوشادا فرنانڈو (۷)، دیموتھ کرونارتنے (۷) اور اینجلو میتھیوز (۷) کے آؤٹ ہونے کے بعد میزبان ٹیم کی لڑکھڑاتی ہوئی اننگز کو سنبھالا۔ اسٹمپ کے وقت سری لنکا نے ۱۵؍ اووَر میں ۳؍ وکٹ پر ۴۴؍ رن بنالئے تھے جن میں دنیش چندیمل (ناٹ آؤٹ۹) اور کامندو مینڈس (ناٹ آؤٹ ۱۳) کریز پر موجود تھے۔ سری لنکا اس وقت آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے اسکور سے۶۱۰؍ رن پیچھے ہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، میتھیو کنمین اور نیتھن لیون نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ 
 اس سے قبل جمعرات کو آسٹریلیا نے اپنی اننگز۳۳۰؍ رن سے دوبارہ شروع کی۔ آسٹریلیا نے اپنا تیسرا وکٹ اسٹیو سمتھ(۱۴۱) کی صورت میں گنوایا۔ وہ جیفری وینڈرسے کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اس کے بعد پربھات جے سوریہ نے عثمان خواجہ کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو بڑا جھٹکا دیا۔ عثمان خواجہ نے ۳۵۲؍گیندوں پر۱۶؍چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۳۲؍ رن بنائے۔ جوش انگلس نے ۹۴؍ گیندوں پر۱۰؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۱۰۲؍ رن بنائے۔ انہیں بھی جے سوریہ نے آؤٹ کیا۔ بو ویبسٹر(۲۳) رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا نے ۱۵۴؍ اوور میں ۶؍ وکٹ کے نقصان پر۶۵۴؍ رن بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی۔ ایلکس کیری۴۶؍ اور مچل اسٹارک۱۹؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے پربھات جے سوریہ اور جیفری وینڈرسے نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ 
عثمان خواجہ کی کریئر کی پہلی ڈبل سنچری 
  آسٹریلیا کے اوپنر عثمان خواجہ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعرات کو اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی دوہری سنچری بنائی۔ عثمان خواجہ نے آج پربھات جے سوریہ کے اوور کی پہلی گیند پر ایک رن ​​بنا کر۲۹۰؍ گیندوں میں اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔ اس کے ساتھ وہ سری لنکا میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے آسٹریلیائی کھلاڑی بھی بن گئے۔ اس سے قبل۲۰۲۳ء میں عثمان خواجہ کا جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین اسکور ناٹ آؤٹ۱۹۵؍ رن تھا۔ 
اسٹیو اسمتھ کے ۱۰؍ ہزار رن مکمل 
 آسٹریلیائی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ گالے ٹیسٹ کے دوسرے دن کرکٹ میں ۱۰؍ ہزار رن مکمل کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق گالے میں اسٹیو اسمتھ نے ٹیسٹ کرئیر میں ۱۰؍ ہزار رن مکمل کرنے والے۱۵؍ ویں اور چوتھے آسٹریلوی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ۳۵؍سالہ بیٹر اپنے ہم وطن کھلاڑیوں رکی پونٹنگ، ایلن بارڈر، اسٹیو واہ کے ساتھ۱۰؍ ہزار رن بنانے والوں کی فہرست میں شامل ہوگئے جبکہ ریڈ بال میں سب سے زیادہ۱۵؍ہزار ۹۲۱؍ رنز بناکر سچن تنڈولکر پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ سابق ہندوستانی کپتان سنیل گاوسکر نے سب سے پہلے ٹیسٹ کرکٹ میں ۱۰؍ ہزار رن بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ انہوں نے یہ کارنامہ۱۹۸۷ء میں احمدآباد میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انجام دیا تھا۔ اسٹیو اسمتھ اس سیریز میں آسٹریلیا کے کپتان ہیں کیونکہ پیٹ کمنز اپنے دوسرے بیٹے کی پیدائش کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK