• Fri, 20 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گنگولی نے پجارا اور سرفراز کی حمایت کی

Updated: July 01, 2023, 9:12 AM IST | new Delhi

سابق کپتان نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے بھی کسی کھلاڑی کو آئی پی ایل میں مضبوط کارکردگی کی ضرورت ہے

Sarfraz Khan
سرفراز خان

ہندوستانی ٹیم کے دورۂ ویسٹ انڈیز کے لئے منتخب ٹیسٹ ٹیم کے تعلق سے کافی بحث ہو رہی ہے۔ ایک طرف تو بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ چتیشور پجارا کے دن ختم ہو گئے ہیں، دوسری طرف کچھ لوگوں نے یہ دلیل بھی دی کہ پجارا اکیلے نہیں ہیں، جن کے بلے سے رن نہیں بن رہے ہیں۔ وراٹ کوہلی کی فارم پجارا سے بھی خراب ہے۔ دوسری جانب سنیل گاوسکر سمیت تمام سابق کھلاڑیوں نے سرفراز خان کو منتخب نہ کرنے پر سوالات اٹھائے تھے۔
 اب ٹیم انڈیا کے سابق کپتان سورو گنگولی نے بھی سلیکٹرس پر سوال داغے  ہیں۔ ہندوستانی سلیکٹرس نے چتیشور پجارا جیسے تجربہ کاربلے باز کو باہر کرکے تبدیلی کا عمل شروع کردیا ہے۔ دوسری طرف گنگولی چاہتے ہیں کہ ہندوستان کیلئے ۱۰۰؍  سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کھلاڑی کے ساتھ بات چیت واضح ہو۔ انہوں نے کہاکہ  `سلیکٹرس کو ان (پجارا) کے بارے میں واضح ہونا چاہئے تھا۔ چاہے وہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں مزید موقع دینا چاہتے ہیں یا وہ نوجوانوں کے ساتھ ٹیم میں تبدیلی کرنا چاہتے ہیں، انہیں اس کے بارے میں بتایا جانا چاہئے تھا۔ آپ پجارا کے قد کے کسی کھلاڑی کو ٹیم سے باہر نہیں کر سکتے، پھر اندر اور پھر باہر، پھر دوبارہ۔ اجنکیا رہانے کا بھی یہی حال ہے۔
 ٹیم انڈیا کے سابق کپتان نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم میں جگہ بنانے کیلئے بھی کسی کھلاڑی کو آئی پی ایل میں مضبوط کارکردگی کی ضرورت ہے جیسا کہ رتوراج گائیکواڑ نے کیا تھا۔ تاہم گنگولی اس سے متفق نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرفراز خان جیسے اچھے  بلے باز جو آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی پیش نہیں کر سکے انہیں خود کو ثابت کرنے کا موقع دینا چاہئے تھا۔
 گنگولی نے کہا کہ `میرے خیال میں یشسوی جیسوال نے رنجی ٹرافی، ایرانی ٹرافی، دلیپ ٹرافی میں کافی رن بنائے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ اسی لئے وہ ٹیم میں ہیں۔ میرے خیال میں سرفرازخان کو بھی موقع دینا چاہئے تھا، انہوں نے بھی پچھلے ۳؍برسوں میں کافی رن بنائے ہیں، یہی حال ابھیمنیو ایشورن کا ہے جنہوں نے پچھلے ۵۔۶؍ برسوں میں بہت زیادہ رن  بنائے ہیں۔  میں حیران ہوں کہ یہ دونوں ٹیم میں نہیں ہیں لیکن انہیں مستقبل میں موقع دیا جائے لیکن یشسوی جیسوال کا انتخاب اچھا ہے۔گنگولی نے ورلڈ کپ کے مقامات کے انتخاب پر آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) اور بی سی سی آئی (بورڈ آف کرکٹ ان انڈیا) دونوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہاکہ  `اس کا شیڈول بہت اچھا ہے اور میچ اچھے اسٹیڈیم میں کرائے جاتے ہیں۔ بی سی سی آئی اور آئی سی سی نے صحیح مقامات پر صحیح میچ کرائے ہیں اور میں جانتا ہوں کہ یہ ایک زبردست ورلڈ کپ ہوگا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK