• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

جرمنی نے ہنگری کوہراکرناک آؤٹ مرحلے میں قدم رکھا

Updated: June 21, 2024, 10:57 AM IST | Agency | Leipzig

فاتح ٹیم کیلئے جمال موسیالا اور ایلکے گنڈوگن نے ایک ایک گول کئے،سوئزرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کا میچ ڈرا۔

Jamal Musyala (right) celebrates with a teammate after scoring a goal. Photo: INN
جمال موسیالا(دائیں)گول کرنےکے بعد ساتھی کھلاڑی کے ساتھ خوشی مناتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

جرمنی جمال موسیالا کے شاندار گول کی بدولت یورو کپ گروپ’ اے‘ کے میچ میں ہنگری کو دو صفرسے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ بدھ کی دیر رات کھیلے گئے میچ میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہوئے موسیالا نے پہلے ہاف کے ۲۲؍ویں منٹ میں گول کر کے جرمنی کو برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف میں جرمنی کے کپتان ایلکے گنڈوگن نے ۶۷؍ویں منٹ میں آسان گول کر کے برتری کو دُگنا کر دیا۔ 
  میزبان جرمنی نے یورو کپ ۲۰۲۴ءکے ناک آؤٹ مرحلے میں شاندار طریقے سے جگہ بنالی ہے۔ یوروپی چمپئن شپ میں یہ ان کی دوسری فتح ہے۔ اس کے ساتھ وہ دوسرے راؤنڈ میں داخل ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ جرمنی نے اپنے پہلے میچ میں ا سکاٹ لینڈ کو ایک کے مقابلے ۵؍ گول سےشکست دی تھی۔ 
  جرمنی کے اسٹار مڈفیلڈر ایلکے گنڈوگن نے پہلے جمال موسیالا کے لئے گول کرنے کا شاندار موقع فراہم کیا اور پھر خود ہی گول کر کے جرمنی کی ہنگری پر آسان فتح میں اہم رول ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی میزبان ملک جرمنی یورو کپ ۲۰۲۴ء کے ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنے والا پہلا ملک بن گیا۔ پہلے ہاف کے اسٹاپیج ٹائم میں ہنگری کی جانب سے رولینڈ سلائی نے گول کیا تھا لیکن اسے مسترد کردیا گیا۔ اس کے علاوہ ہنگری نے گول کرنے کے دوسرے اچھے مواقع بھی ضائع کردئیے۔ ہنگری نے کھیل کا بہتر آغاز کیا تھا اور پہلے ہی منٹ میں گول کرنے کا سنہرا موقع گنوا دیا۔ جرمنی کے گول کیپر مینوئل نیور نے جوشوا کِمِچ کا ریٹرن پاس رولینڈ سالائی تک پہنچنے سے پہلے ہی روک لیا تھا اور اس طرح ہنگری گول کرنے سے محروم رہ گیا۔ 
  یاد رہے کہ ۱۹۵۴ءکے ورلڈ کپ فائنل کے بعد جرمنی کی ہنگری کے خلاف یہ پہلی فتح ہے۔ اُس وقت جرمنی کا ۴؍ عالمی خطابات میں پہلی کامیابی تھی۔ شائقین اب گھریلو سرزمین پر بھی چوتھی یورپی چمپئن شپ جیتنے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ 
اسکاٹ لینڈ کو سوئزر لینڈ نے برابری پر روکا
’شیک‘ نے ایک بار پھر حیرت انگیز کھیل کا کا مظاہرہ کیا۔ ۳۲سال کی عمر میں بھی زیردان شکیری نے شاندار گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم سوئزرلینڈ کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف ایک ایک سے میچ ڈرا کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ شکیری نے ۲۰؍میٹر کی دوری سے شاندار گول کیا۔ سوئزر لینڈ کے کوچ مرات یاکن نے کہا کہ ’’اس نے آج ثابت کر دیا کہ وہ ایسے لمحات کے لئے ہی جیتے ہیں اور سانس لیتے ہیں۔ ‘‘ 
 واضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ نے ۱۳؍ویں منٹ میں برتری حاصل کی جب اسکاٹ میک ٹومینے نےگول کیا تھا۔ ایک گول سے پچھڑنے کے بعد شکیری نے ۲۶؍ویں منٹ میں انتھونی رالسٹن کے ایک ڈھیلے پاس پر قبضہ کیا اور بائیں پاؤں کے شاٹ سے گول کرتے ہوئے اسکور برابر کر دیا۔ میچ کے بعد ا سکاٹ لینڈ کے منیجرا سٹیو کلارک نے کہا کہ اگر سوئس ٹیم کے کسی اور کھلاڑی کو گول کرنے کا یہ موقع ملتا تو وہ گول نہ کر پاتا۔ جب گیند شکیری کی طرف جا رہی تھی، آپ کو معلوم تھا کہ یہ نیٹ کے پچھلے حصے میں ہی جائےگی۔ وہ شاندار کھلاڑی ہیں اور آپ ایسے کھلاڑی کو ذرا بھی موقع دیں گے تو وہ فوراً ا س سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرےگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK