• Sun, 06 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج ہندوستان اور پاکستان میں گھمسان

Updated: October 06, 2024, 10:58 AM IST | Dubai

ویمنز ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ سے ملنےوالی مات کو بھول کر روایتی حریف سے مقابلہ کریگی۔ پاکستان بھی مقابلے کیلئے تیار۔

Pakistan players are ready to compete against India. Photo: INN
پاکستان کی کھلاڑی ہندوستان سے مقابلے کے لئے تیار ہیں۔ تصویر: آئی این این

پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست سے مایوس ہندوستان اگر ویمنز ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں اپنی مہم کو دوبارہ پٹری پر لانا چاہتا ہے تو اسے پاکستان کے خلاف میچ میں اپنی ٹیم کمبی نیشن کی خامیوں کو دور کرنا ہوگا۔ خیال رہے کہ اتوار کو یہاں ہندوستان اورپاکستان کے درمیان  ٹی ۲۰؍ میچ ہوگا۔  ہندوستانی ٹیم کو جمعہ کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف۵۸؍ رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس سے اس کی سیمی فائنل میں جگہ بنانے کی امیدوں کو دھچکا لگا اور اس کیلئے اگلے تمام میچ بہت اہم ہو گئے۔
 ہندوستان کا نیٹ رن ریٹ اچھا نہیں ہے اور اب اسے پاکستان، سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف میچ ہر قیمت پر جیتنا ہوں گے۔ ہرمن پریت کور کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیل کے تینوں شعبوں میں خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے پاس اب وقت نہیں ہے اور اسے جلد از جلد اپنی کمزوریوں پر قابو پانا ہوگا۔ یہ کام اتنا آسان نہیں ہے کیونکہ اب ان کا سامنا پاکستان سے ہے جس نے پہلے میچ میں سری لنکا کو شکست دی تھی۔
 ہندوستان کو پاکستان کے خلاف میچ سے قبل اپنا ٹیم کمبی نیشن بہتر کرنا ہو گا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف، ہندوستان کو اروندھتی ریڈی کی شکل میں ایک اضافی تیز گیند باز کو شامل کرنے کیلئے  اپنے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلیاں کرنا پڑیں۔ اس کی وجہ سے ہرمن پریت کور کو تیسرے نمبر پر، جمائما روڈریگیز کو چوتھے نمبر پر اور رِچا گھوش کو پانچویں نمبر پر بلے بازی کرنا پڑی، جب کہ عام طور پر وہ ان پوزیشنز پر بیٹنگ نہیں کرتی ہیں۔
ہندوستان کا ۳؍ تیز گیند بازوں کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ درست ثابت نہیں ہوا کیونکہ پچ نم نہیں تھی اور نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے آسانی کے ساتھ ان کا سامنا کیا جس کی وجہ سے ہندوستان اپنے تیز گیند بازوں کا بھرپور استعمال نہیں کر سکا جس کی ایک مثال پوجا وستراکر ہیں جنہوں نے صرف ایک اوور پھینکا۔ ۳؍ تیز گیند بازوں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ہندوستان کو بائیں ہاتھ کی اسپنر رادھا یادو کو ڈراپ کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستانی بلے بازوں کی کارکردگی اچھی نہیں رہی۔ ان کی طرف سے سب سے زیادہ اسکور ۱۵؍ رن تھا جو کپتان ہرمن پریت کورنے بنایا۔
 ہندوستان اب دیالن ہیملتا کو پلیئنگ الیون میں شامل کر کے اپنی بلے بازی کو مضبوط کر سکتا ہے۔  ٹیم انڈیا کا پاکستان کے خلاف شاندار ریکارڈ ہے۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے ۱۵؍ ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میچوں میں سے ہندوستان نے۱۲؍ میچ جیتے ہیں۔ تاہم، ہندوستان اپنے حریف کو کمتر سمجھنے کی غلطی نہیں کرسکتا جس کے پاس بہت مضبوط بولنگ  اٹیک ہے۔ پاکستان کے پاس تجربہ کار ندا ڈار، کپتان فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال جیسے اچھے بولرس ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK