میگھنا سنگھ اور ڈوٹن کی شاندار گیندبازی۔ ہرلین نے ۷۰؍رن بنائے۔ گجرات کی ۵؍وکٹ سے کامیابی
EPAPER
Updated: March 08, 2025, 6:13 PM IST | Lucknow
میگھنا سنگھ اور ڈوٹن کی شاندار گیندبازی۔ ہرلین نے ۷۰؍رن بنائے۔ گجرات کی ۵؍وکٹ سے کامیابی
میگھنا سنگھ (۳؍ وکٹ) اور دیاندرا ڈوٹن (۲؍ وکٹ) کے بعد ہرلین دیول ( ناٹ آؤٹ ۷۰؍رن) اور بیتھ مونی(۴۴؍رن) کی شاندار کارکردگی کی بدولت گجرات جائنٹس نے جمعہ کو ویمنز پریمیر لیگ کے۱۷؍ویں میچ میں دہلی کیپٹلس کو ۵؍ وکٹ سے شکست دے دی۔
دہلی کیپٹلس کے۱۷۸؍رن کے جواب میں بیٹنگ کرنے آئی گجرات جائنٹس کی شروعات اچھی نہیں رہی اور دوسرے ہی اوور میں دیلان ہیملتا (ایک رن) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد بلے بازی کیلئے آنے والی ہرلین دیول نے بیتھ مونی کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان دوسرے وکٹ کیلئے ۸۸؍ رن کی شراکت ہوئی۔ منو مانی نے۱۲؍ویں اوور میں بیتھ مونی کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ بیتھ مونی نے۳۵؍ گیندوں پر ۴۴؍رن کی اننگز کھیلی، ۶؍ چوکے لگائے۔ کپتان ایشلے گارڈنر ۲۲؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ڈوٹن ۲۴؍رن اور فوبی لیچ فیلڈ صفر پر آؤٹ ہوئیں۔ ہرلین دیول نے۴۹؍ گیندوں پر۹؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر۷۰؍ رن کی اننگز کھیلی۔ کاشوی گوتم۹؍رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ گجرات جائنٹس نے۱۹ء۳؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر ۱۷۸؍رن بنائے اور میچ ۵؍ وکٹ سے جیت لیا۔
دہلی کیپٹلس کی جانب سے شیکھا پانڈے اور جیس جانسن نے ۲۔۲؍ وکٹ لئے۔ منو مانی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل جمعہ کی رات گجرات جائنٹس کے کپتان ایشلے گارڈنر نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ دہلی کیپٹلس کیلئے بلے بازی کیلئے آتے ہوئے میگ لیننگ اور شیفالی ورما کی اوپننگ جوڑی نے طوفانی شروعات کی اور پہلے وکٹ کیلئے ۱۰۸؍رن جوڑے۔ میگھنا سنگھ نے ۹؍ویں اوور میں شیفالی ورما کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ شیفالی ورما نے ۲۷؍ گیندوں پر۴۰؍ رن کی اننگز کھیلی جس میں ۳؍ چوکے اور ۳؍ چھکے شامل تھے۔ اس کے بعد وہ بیٹنگ کیلئے آئی (۹؍رن)، جمائمہ روڈریگیز۴ ؍ اور اینابیل سدرلینڈ ۱۴؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ دہلی کا پانچواں وکٹ۲۰؍ویں اوور کی پانچویں گیند پر میگ لیننگ کی صورت میں گرا۔ میگ لیننگ نے ۵۷؍ گیندوں پر۹۲؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلی،۱۵؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ انہیں ڈوٹن نے بولڈ آؤٹ کیا۔ دہلی کیپٹلس نے مقررہ۲۰؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر ۱۷۷؍رن بنائے۔ میریجان کپ ۷؍رن اور سارہ برائس ۶؍رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ گجرات جائنٹس کی جانب سے میگھنا سنگھ نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ڈوٹن نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔