• Sun, 22 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہاردک پانڈیا کی ممبئی انڈینس میں واپسی، گجرات ٹائٹنس نے شبھمن گل کوکپتان مقررکیا

Updated: November 28, 2023, 11:09 AM IST | Agency | Mumbai

ہاردک پانڈیا نے ممبئی انڈینس میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ گجرات ٹائٹنس کو ممبئی انڈینس کی جانب سے ٹرانسفر فیس بھی ملے گی۔

Shubman Gill. Photo: INN
شبھمن گل۔ تصویر : آئی این این

ہاردک پانڈیا کے ممبئی انڈینس میں لوٹنے کے فیصلے کے بعد گجرات ٹائٹنس نے پیر کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۲۰۲۴ء سیزن کیلئے شبھمن گل کو کپتان مقرر کیاہے۔
 ۱۵؍کروڑ روپے کے علاوہ گجرات ٹائٹنس کو ممبئی انڈینس سے ٹرانسفر فیس کے طور پر ایک بڑی رقم بھی ملے گی، جس کا ایک حصہ اس کرکٹر کو بھی جائے گا۔پانڈیا کی روانگی کی تصدیق کے بعد ۲۴؍ سالہ اوپننگ بلے باز گل بطور کپتان واضح پہلی پسند تھے جنہوں نے گزشتہ سیزن میں ۸۹۰؍ رن کے ساتھ باوقار `اورنج کیپ جیتی تھی۔ گل کی کارکردگی وراٹ کوہلی کے ایک سیزن میں ۹۷۳؍رن کے آل ٹائم ریکارڈ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔
 گِل نے اپنے بیان میں کہاکہ ’’میں گجرات ٹائٹنس کی کپتانی سنبھالنے پر خوش اور فخر محسوس کر رہا ہوں اور اتنی عظیم ٹیم کی قیادت کرنے کے لئے مجھ پر اعتماد کرنے پر فرنچائزی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ ہمارے پاس دو غیر معمولی سیزن رہے ہیں اور میں کرکٹ کے اپنے دلچسپ برانڈ کے ساتھ ٹیم کی قیادت کرنے کا منتظر ہوں ۔‘‘
 ٹائٹنس ٹیم کے ڈائریکٹر وکرم سولنکی نے گزشتہ دو سیزن میں ٹیم کی کامیابی میں پانڈیا کے تعاون کی تعریف کی۔سولنکی نے ایک بیان میں کہا کہ ’’گجرات ٹائٹنس کے پہلے کپتان کے طور پر ہاردک پانڈیا نے فرنچائزی کو دو سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں مدد کی جس میں ٹیم نے ایک بار آئی پی ایل ٹائٹل جیتا اور ایک بار رنر اپ رہا۔‘‘انگلینڈ کے اس سابق بلے باز نے کہاکہ ’’انہوں نے اب اپنی ابتدائی ٹیم ممبئی انڈینس میں واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور مستقبل کیلئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ہم سبھی کھلاڑیوں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں اس لئے ہم نے ہاردک کو بھی روکنے کی کوشش نہیں کی۔ وہ اپنا مستقبل جہاں بہتر سمجھتے ہیں جاسکتے ہیں ۔ 
 خیال رہے کہ اتوار کی رات تک فیصلہ نہیں ہوسکا تھا کہ ہاردک پانڈیا گجرات سے کھیلیں گے یا ممبئی کی ٹیم سے اگلا آئی پی ایل کھیلیں گے۔ دیررات ہاردک پانڈیا کے ممبئی انڈینس میں دوبارہ شامل ہونے کی خبر آئی اور ممبئی انڈینس نے اپنے سبھی سوشل میڈیا ہینڈل پر اس کی تصدیق کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK