• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہاردک پانڈیا ٹی۔ ۲۰؍ سیریز کیلئےٹیم کے کپتان ہوں گے

Updated: July 17, 2024, 11:16 AM IST | New Delhi

ذاتی وجوہات کے سبب پانڈیا سری لنکا کے خلاف یکروزہ سیریز نہیں کھیلیں گے، ہندوستانی ٹیم کا سری لنکا کا دورہ ۲۷؍جولائی سے شروع ہوگا۔

Hardik Pandya with flag. Photo: INN.
ہاردک پانڈیا ترنگے کے ساتھ۔ تصویر:آئی این این۔

ہاردک پانڈیا ۲۷؍ جولائی سے سری لنکا کے خلاف شروع ہونے والی ۳؍میچوں کی ٹی۔ ۲۰؍سیریز میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔ تاہم یہ اسٹار آل راؤنڈر ذاتی وجوہات کی بنا پر اس کے فوراً بعد منعقد ہونے والی ۳؍ یکروزہ میچوں کی سیریز میں شرکت نہیں کریں گے۔ 
بی سی سی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ ہاردک ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ میں ٹیم کے نائب کپتان تھے۔ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور سری لنکا کے خلاف ۳؍ میچوں کی ٹی۔ ۲۰؍ سیریز کے لئے دستیاب ہوں گے اور وہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔ سری لنکا کے خلاف ٹی۔ ۲۰؍سیریز ۲۷؍سے۳۰؍جولائی تک پلیکل میں کھیلی جائے گی جبکہ ۲؍سے ۷؍ اگست تک کولمبو میں ۳؍ ون ڈے میچ کھیلے جائیں گے۔ سری لنکا کے لئے ٹیم کا اعلان ایک دو روز میں کیا جا سکتا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ہاردک پانڈیا کا نائب کون ہوگا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ سوریہ کمار یادو اور شبھمن گل میں سے کسی ایک کو نائب کپتان بنایا جا سکتا ہے۔ زمبابوے کے خلاف حالیہ ٹی۔ ۲۰؍ سیریز میں گل کپتان تھے جو ہندوستانی ٹیم نے ایک کے مقابلے ۴؍میچ سے جیتی تھی۔ سوریہ پچھلے سال جنوبی افریقہ کے دورے پر ٹی۔ ۲۰؍ ٹیم کی کپتانی کر چکے ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق ہاردک نے ون ڈے سیریز سے آرام طلب کیا ہے اور انہوں نے اس بارے میں ٹیم کے باقاعدہ کپتان روہت شرما کو آگاہ کر دیا ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ہاردک نے ذاتی وجوہات کے سبب بریک لیا ہے اور ان کی فٹنس سے متعلق کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یکروزہ سیریز کے لئےشبمن گل یا کے ایل راہل کو ٹیم کی کپتانی سونپی جا سکتی ہے۔ 
اسٹار کرکٹرز کو گھریلو میچ کھیلنے ہوں گے
بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ اگر ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی گئی تو تمام اسٹار کرکٹرز کو بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی ہوگی۔ روہت، وراٹ کوہلی اور جسپریت بمراہ کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی چاہتا ہے کہ دیگر تمام ٹیسٹ کھلاڑی اگست میں دلیپ ٹرافی کا کم از کم ایک میچ کھیلیں۔ اس کے بعد ٹیم کو بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بار دلیپ ٹرافی کے لئے کوئی زونل سلیکشن کمیٹی نہیں ہے اور صرف قومی سلیکٹرز ٹورنامنٹ کے لئے ٹیم کا انتخاب کریں گے۔ ٹیسٹ ٹیم میں کھیلنے کے لئےتمام دعویداروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ روہت، وراٹ اور بمراہ کے پاس اختیار ہوگا کہ وہ کھیلنا چاہتے ہیں یا نہیں۔ 
گمبھیر سینئر کھلاڑیوں کو شامل کرنا چاہتے ہیں 
خبروں کے مطابق سری لنکا کے خلاف یکروزہ سیریز میں وراٹ کوہلی، روہت شرما اور جسپریت بمراہ کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ٹیم کے کوچ گوتم گمبھیر نے سینئر کھلاڑیوں کو اپنی چھٹیاں ختم کرکے سری لنکا کے خلاف سیریز میں شرکت کےلئے کہا ہے۔ واضح رہے کہ روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے ٹی۔ ۲۰؍ورلڈ کپ جیتنے کے بعد اس فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے اور وہ اس وقت چھٹیاں منا رہے ہیں۔ 
گوتم گمبھیر کا خیال ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد کھلاڑیوں کو بریک ملے گا کیوں کہ بنگلہ دیش کے خلاف گھریلو سیریز۱۹؍ستمبر سے شروع ہوگی۔ فروری میں ہونے والی چمپئن ٹرافی کے مد نظر گوتم گمبھیر چاہتے ہیں کہ روہت شرما اور وراٹ کوہلی سری لنکاکے خلاف ضرور کھیلیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK