گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں سے اہم کھیلوں کو باہر کرنے پرہاکی کے اسٹار کھلاڑی ہرمن نے اسے بدقسمتی قرار دیا۔
EPAPER
Updated: October 23, 2024, 1:15 PM IST | Agency | New Delhi
گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں سے اہم کھیلوں کو باہر کرنے پرہاکی کے اسٹار کھلاڑی ہرمن نے اسے بدقسمتی قرار دیا۔
گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں سے کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، شوٹنگ، ریسلنگ، تیر اندازی، اسکواش، ٹرائیتھلون اور ٹیبل ٹینس کوباہر کرنے پر ہندوستانی ہاکی ٹیم کے اسٹار ہرمن پریت سنگھ اور بیڈمنٹن کے کوچ پلیلا گوپی چند نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
گلاسگو کامن ویلتھ گیمز۲۰۲۶ء سے ہاکی کو ہٹانے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے کہا کہ دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنا ان کی ٹیم کا ہدف تھا۔ کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان کے تمغہ جیتنے کے امکانات کو دھچکا لگا ہے کیونکہ میزبان شہر گلاسگو نے۲۰۲۶ء کے کھیلوں کے پروگرام سے ہاکی، بیڈمنٹن، ریسلنگ، کرکٹ اور شوٹنگ جیسے بڑے کھیلوں کو ہٹا دیا ہے ۔
جرمنی کے خلاف۲۳؍ اور۲۴؍ اکتوبر ۲۰۲۴ءکو میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹیسٹ میچوں سے قبل پریس کانفرنس میں جب ہرمن پریت سے اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کیا گیا تو انہوں نے کہاکہ ’’ مجھے ابھی پتہ چلا ہے کہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ ایک اچھا ٹورنامنٹ تھا۔ اس بار ہمارا ہدف اس میں گولڈ میڈل جیتنا تھا۔ خیال رہےکہ ہندوستانی ٹیم۲۰۲۲ء میں برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کے فائنل میں آسٹریلیا سے۰۔۷؍ سے ہار گئی تھی جبکہ۲۰۱۸ء میں گولڈ کوسٹ گیمز میں انگلینڈ سے۱۔۲؍گول سے ہارنے کے بعد چوتھے نمبر پر رہی تھی۔ ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم نے کبھی بھی دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ نہیں جیتا ہے جبکہ خواتین کی ٹیم نے۲۰۰۲ء میں مانچسٹر گیمز میں پیلا تمغہ جیتا تھا۔
بیڈمنٹن کھلاڑی اورکوچ پلیلا گوپی چند اور ومل کمار نے منگل کو۲۰۲۶ء کے گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں سے بیڈمنٹن جیسے کھیلوں کو خارج کرنے کے فیصلے کی تنقید کی اور ملک پر زور دیا کہ وہ ان کھیلوں میں ٹیم نہ بھیجے کیونکہ اس کا مقصد ہندوستان کی ترقی کو روکنا ہے۔
سابق ہندوستانی کوچ ومل نے کہاکہ `کامن ویلتھ گیمز کی ضرورت نہیں ہے۔ میرے نقطہ نظر سے انہیں ختم کرنا چاہئے۔ کامن ویلتھ گیمز کے بجائے اولمپکس اور ایشین گیمز کا انعقاد ہی بہتر ہے۔ یہ افسوسناک ہے، میں انتہائی مایوس ہوں۔ گوپی چند نے کھیلوں کے منتظمین کے اس قدم کو خوفناک قرار دیا۔ سابق آل انگلینڈ چمپئن نے کہاکہ ’’میں بیڈمنٹن کو۲۰۲۶ء کے کامن ویلتھ گیمز سے خارج کرنے کے فیصلے سے انتہائی حیران اور مایوس ہوں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ فیصلہ ہندوستان جیسے ممالک کی ترقی کو روکنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ بیڈمنٹن نے ہمارے لئے بہت فخر اور کامیابی حاصل کی ہے۔
کرکٹ، ہاکی سمیت ۹؍ کھیلوں کو۲۰۲۶ء کے کامن ویلتھ گیمز سے خارج کیا گیا
کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، شوٹنگ، ریسلنگ، تیر اندازی، اسکواش، ٹرائیتھلون اور ٹیبل ٹینس کو ۲۳؍ جولائی سے ۲؍ اگست۲۰۲۶ء تک اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز سے باہر کر دیا گیا ہے تاہم کرکٹ کو ہٹانے کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی گئی۔۲۰۲۶ء میں مجموعی طور پر صرف۱۰؍ کھیل ہوں گے۔ اس سے قبل یہ کامن ویلتھ گیمز آسٹریلیا میں ہونے والے تھے لیکن گزشتہ سال آسٹریلوی حکومت نے اس تقریب کے انعقاد سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد گلاسگو (اسکاٹ لینڈ) میں گیمز کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کامن ویلتھ گیمز اسوسی ایشن کی چیف کیٹی سیڈلیئر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہم دولت مشترکہ کھیلوں کی دوبارہ تشکیل اور اس کی وضاحت کرنا چاہتے ہیں۔ ۲۰۲۶ء کا ایونٹ اس سمت میں پہلا قدم ہوگا۔ ہم مستقبل میں کھیلوں کا ایک لچکدار اور پائیدار ایونٹ چاہتے ہیں، جو ماحولیات کیلئے مددگار ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی اثرات کا حامل ہو۔ ہم نے گیمز کی تعداد بھی کم کر دی ہے۔‘‘