• Sat, 16 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہرمن پریت اور اسمرتی مندھانا نے رن ریٹ کی رکاوٹ کو پار کر لیا

Updated: October 11, 2024, 11:45 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

ویمنز ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ کے گروپ’اے‘ میں ہندوستان نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ ’اے‘ میں دوسرا مقام حاصل کرلیا۔سری لنکا کو۸۲؍رنوں سے ہرایا۔

The Indian women`s team played an all-round role and defeated Sri Lanka in a one-sided match. Photo: PTI
ہندوستان کی خاتون ٹیم نے آل راؤنڈ کا رکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے دی۔ تصویر :پی ٹی آئی

نیوزی لینڈ کے خلاف ۵۸؍رنوں کی شکست سے رن ریٹ میں ہونے والے نقصان سے نجات پانے کےلئے ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور اور نائب کپتان اسمرتی مندھانا نے خواتین کے ٹی۔ ۲۰؍ ورلڈ کپ میں اہم کردار ادا کیا۔ دبئی میں سری لنکا کے خلاف میچ میں دونوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کی نصف سنچریوں کے بعد ہندوستانی خواتین ٹیم نے آشا اور اروندھتی کی شاندار بولنگ کی بنیاد پر سری لنکا کو ۸۲؍رنوں سے شکست دے دی۔ 
 سلو آؤٹ فیلڈ کے باعث رن بنانا مشکل
  دبئی کی پچ پر ہرمن پریت اور اسمرتی کی نصف سنچریوں کی بنیاد پرہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف۳؍وکٹ پر ۱۷۲؍رن بنائے۔ ۱۷۳؍ رن کے بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بلے بازی ڈگمگا گئی اور صرف ۹۰؍ رنوں پر ڈھیر ہو گئی۔ دھیمی وکٹ پر رن بنانا سری لنکائی بلے بازوں کےلئے کافی مشکل ثابت ہوا۔ ٹورنامنٹ کے سب سے زیادہ ا سکور کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ ٹیم کا آغاز بہت مایوس کن رہا۔ تیسرے اوور میں ہی سری لنکا نے صرف ۶؍رن کے اسکور پر ۳؍بلے باز گنوا دئیے۔ اس کے بعد کویشا (۲۱) اور انوشکا (۲۰) نے کچھ دیر تک اننگز کو سنبھالا لیکن مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے پوری ٹیم ۱۹ء۵؍اووروں میں ۹۰؍ رنوں پر سمٹ گئی۔ 
گیندبازوں کی شاندار کارکردگی
  ۱۷۳؍رنوں کے بڑے اسکور کا دفاع کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کے گیندبازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورپاور پلے میں ہی سری لنکا کے ٹاپ آرڈر بیٹنگ آرڈر کو پویلین بھیج دیا۔ ٹیم کی جانب سے اروندھتی ریڈی اور آشا شوبھنا نے ۳۔ ۳؍ جبکہ رینوکا ٹھاکر نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ رینوکا نے جہاں ٹیم کو اچھی شروعات دلائی وہیں آشا اور اروندھتی نے درمیانی اووروں میں تہلکہ مچا دیا۔ 
 کپتان اورنائب کپتان نے ذمہ داری سنبھالی
  گزشتہ میچ میں ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والی کپتان ہرمن پریت کور اس میچ میں بالکل بھی پریشان نظر نہیں آئیں اور انہوں نے ۲۷؍ گیندوں میں ۸؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست ۵۲؍رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز کی بدولت ہندوستانی ٹیم آخری ۵؍اووروں میں ۴۶؍رن جوڑنے میں کامیاب رہی جو موجودہ ٹورنامنٹ میں کسی بھی ٹیم کی بہترین کارکردگی ہے۔ اسمرتی مندھانا نے ۳۸؍گیندوں میں ۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۵۰؍رن بنانے کے علاوہ شیفالی ورما (۴۳) کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے۹۸؍رن جوڑ کر ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد آخر میں ہرمن پریت نے رن ریٹ کی رکاوٹ کو دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ رن ریٹ میں اس بہتری کے ساتھ ہی ہندوستان گروپ’ اے‘ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور کو ۵۲؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK