• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بروک بن گئے ملتان کےنئے سلطان، پاکستان پر شکست کاخطرہ

Updated: October 11, 2024, 2:48 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

ہیری بروک کی ٹرپل سنچری، انگلینڈ نے ۸۲۳؍رنوں کا پہاڑ کھڑا کرکے اننگز ڈکلیئر کردی،میزبان ٹیم نےدوسری اننگز میں ۶؍وکٹیں گنوا دیں۔

England batsman Harry Brooke scored a triple century. Photo: INN
انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک نےٹرپل سنچری بنائی۔ تصویر : آئی این این

۲۰۰۴ء میں ملتان کے کرکٹ گراؤنڈ پر ٹرپل سنچری بنا کر پہلے ہندوستانی بننے والے وریندر سہواگ کو’ ملتان کا `سلطان‘ کہا جاتا ہے۔ اب ۲۰؍سال بعد ملتان کے اسی گراؤنڈ پر انگلینڈ کے بلے باز ہیری بروک ٹرپل سنچری بنا کر ملتان کے نئے سلطان بن گئے ہیں۔ سہواگ نے جہاں ۳۰۹؍رنوں کی اننگز میں ۳۶۴؍ گیندیں کھیلی وہیں بروک نے ٹرپل سنچری بنانے کے لئے صرف ۳۱۰؍گیندیں کھیلیں۔ بروک کی ۳۱۷؍رنوں کی دھماکہ خیز اننگز کے بوتے انگلینڈ نے پہلی اننگز میں ۷؍ وکٹوں پر ۸۲۳؍ رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا، جس کے تحت پاکستانی ٹیم کی سانسیں نکل گئیں۔ دوسری اننگز میں پاکستان نے ۱۵۲؍رنوں پر ۶؍ وکٹیں گنوا دی ہیں اور وہ اب بھی ۱۱۵؍رنوں سے پیچھے ہے۔ 
  بنگلہ دیش سے دو صفرسے شکست کے بعد پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ اننگز سے ہارنے کا خطرہ ہے۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک سلمان آغا ۴۱؍اور عامر جمال ۲۷؍رن پر کھیل رہے ہیں۔ 
 ۳۴؍سال بعد انگلش بلے باز نے ٹرپل سنچری بنائی
  ٹیسٹ کرکٹ کے ۲۵۵۳؍ویں میچ میں بروک نے ۳۱۷؍ رن بنائے۔ اس دوران ان کے بلے سے ۲۴؍چوکے اور ۳؍ چھکے لگے۔ بروک ۳۴؍برسوں میں (۱۹۹۰ءسے) ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے پہلے انگلش کرکٹر اور مجموعی طور پر چھٹے انگلش بلے باز بن گئے۔ بروک ٹیسٹ تاریخ کی تیز ترین ٹرپل سنچری بنانے کے معاملے میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس معاملے میں سہواگ سرفہرست ہیں جنہوں نے چنئی میں جنوبی افریقہ کے خلاف صرف ۲۷۸؍گیندوں میں ٹرپل سنچری بنائی تھی۔ 
 روٹ کے ساتھ مل کر پاکستانی گیندبازوں کی دھنائی 
 ہیری بروک کے علاوہ جو روٹ نے بھی ۲۶۲؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ ان دونوں کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے۴۵۴؍ رنوں کی شراکت ہوئی جو ٹیسٹ کی تاریخ کی چوتھی بہترین شراکت ہے۔ ٹیسٹ کی تاریخ میں یہ صرف تیسرا موقع ہے کہ ۲؍ بلے بازوں نے ایک اننگز میں ۲۵۰؍سے زیادہ رن بنائے۔ سب سے بڑی شراکت داری کا ریکارڈ سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے نام ہے جنہوں نے ۲۰۰۶ءمیں جنوبی افریقہ کے خلاف ۶۲۴؍رنوں کی شراکت داری کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK