میزبان ٹیم آسٹریلیا نے برسبین ٹیسٹ کے دوسرے دن ۷؍وکٹ پر ۴۰۵؍رن بنالئے۔ ہیڈ نے ۱۵۲؍ اور اسمتھ نے ۱۰۱؍ رن بنائے
EPAPER
Updated: December 16, 2024, 2:38 PM IST | Agency | Brisbane
میزبان ٹیم آسٹریلیا نے برسبین ٹیسٹ کے دوسرے دن ۷؍وکٹ پر ۴۰۵؍رن بنالئے۔ ہیڈ نے ۱۵۲؍ اور اسمتھ نے ۱۰۱؍ رن بنائے
ٹریوس ہیڈ(۱۵۲؍رن) اور اسٹیو اسمتھ(۱۰۱؍رن) کی سنچری اننگز کی بدولت آسٹریلیا نے اتوار کو تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک ۷؍وکٹ پر۴۰۵؍ رن بنا کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔
چائے کے بعد دن کے آخری سیشن میں جسپریت بمراہ ایک بار پھر فارم میں نظر آئے۔ بمراہ نے اسٹیو اسمتھ کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ اسمتھ نے۱۹۰؍ گیندوں پر۱۲؍ چوکوں کی مدد سے ۱۰۱؍ رن کی اننگز کھیلی۔ بمراہ کا اگلا شکارمشیل مارش (۵؍ رن) بنے۔ اس کے بعد انہوں نے ٹریوس ہیڈ (۱۵۲؍ رن) کو پنت کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان کو ایک بڑی کامیابی دلائی۔ اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ ہندوستان میچ میں واپسی کرے گا لیکن کپتان پیٹ کمنس اور ایلکس کیری نے ہندوستانی امیدوں کو جھٹکا دیا۔ دن کا ساتواں وکٹ کپتان پیٹ کمنس(۲۰؍رن) کی صورت میں گرا۔ انہیں محمد سراج نے آؤٹ کیا۔
اتوار کے دن کھیل ختم ہونے کے وقت آسٹریلیا نے ۷؍ وکٹ پر۴۰۵؍ رن بنا لیے ہیں اور ایلکس کیری ( ناٹ آؤٹ۴۵؍رن ) اور مشیل اسٹارک (ناٹ آؤٹ۷؍رن) کریز پر موجود ہیں۔ آسٹریلیا نےسنیچر کے اسکور۲۸؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ابھی ٹیم کے اسکور میں ۳؍ رن کا اضافہ ہوا تھا کہ جسپریت بمراہ نے عثمان خواجہ(۲۱؍رن) کو رشبھ پنت کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ کروا کر ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔۱۹؍ویں اوور میں بمراہ نے نیتھن میکسوینی (۹؍رن) کو بھی اپنا شکار بنالیا۔ ۳۳؍ ویں اوور میں نتیش کمار ریڈی نے مارنس لبوشین (۱۲؍رن) کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلوی ٹیم کھانے کے وقت تک۱۰۴؍رن پر ۳؍ وکٹ گنوانے کے بعد مشکل میں پڑ گئی تھی۔ بحران کے ایسے وقت میں بلے بازی کے لئے آنے والے اسٹیو اسمتھ اور ٹریوس ہیڈ نے اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بنائے۔ چائے کے وقت تک ٹریوس ہیڈ نے اپنی سنچری مکمل کر لی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں یہ ان کی چوتھی سنچری ہے۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے ۵؍ اور نتیش کمار ریڈی اور محمد سراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔