ہندوستان نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں یشسوی جیسوال کی ناٹ آؤٹ ڈبل سنچری، سرفرازخان کی نصف سنچری اوراس کے بعد رویندر جڈیجا کے ۴۱؍رن دے کر ۵؍ وکٹ کی شاندار گیند بازی کی بدولت چوتھے دن اتوار کو انگلینڈ کو ریکارڈ۴۳۴؍ رن سے شکست دے دی
EPAPER
Updated: February 18, 2024, 9:40 PM IST | Rajkot
ہندوستان نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں یشسوی جیسوال کی ناٹ آؤٹ ڈبل سنچری، سرفرازخان کی نصف سنچری اوراس کے بعد رویندر جڈیجا کے ۴۱؍رن دے کر ۵؍ وکٹ کی شاندار گیند بازی کی بدولت چوتھے دن اتوار کو انگلینڈ کو ریکارڈ۴۳۴؍ رن سے شکست دے دی
ہندوستان نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں یشسوی جیسوال کی ناٹ آؤٹ ڈبل سنچری، سرفرازخان کی نصف سنچری اوراس کے بعد رویندر جڈیجا کے ۴۱؍رن دے کر ۵؍ وکٹ کی شاندار گیند بازی کی بدولت چوتھے دن اتوار کو انگلینڈ کو ریکارڈ۴۳۴؍ رن سے شکست دے دی۔دوسری اننگز میں۵۵۷؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم رویندر جڈیجا اور کلدیپ یادو کی اسپن بولنگ کا شکار ہوگئی اور پوری ٹیم۳۹ء۴؍ اوورس میں۱۲۲؍ رن پر ڈھیر ہوگئی۔ اس کے ۶؍بلے باز دُہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ یہ ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کی سب سے بڑی فتح ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو۳۷۲؍ رن سے شکست دی تھی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ۵؍ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں۱۔۲؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔جیک کراؤلی۱۱؍ رن، بین ڈکٹ ۴؍ رن، اولی پوپ ۳؍ رن، جو روٹ ۷؍ رن، جونی بیریسٹو ۴؍ رن، کپتان بین اسٹوکس ۱۵؍ رن، بین فاکس۱۶؍ رن، ریحان احمد صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے، ٹام ہارٹلی ۱۶؍ رن کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ مارک ووڈ نے سب سے زیادہ ۳۳؍ رن بنائے۔ جیمس اینڈرسن ایک رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے آل راؤنڈررویندر جڈیجا نے ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ کلدیپ یادو نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ جسپریت بمراہ اور آر اشون نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ہندوستان نے یشسوی جیسوال کی۲۱۴؍ رن کی ناٹ آؤٹ ڈبل سنچری اور سرفراز خان کی ۶۸؍ رن کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ۴؍ وکٹ پر۴۳۰؍ رن بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ ڈکلیئرکرنے کے ساتھ ہی ہندوستان کی برتری ۵۵۶؍ رن تک پہنچ گئی اور انگلینڈ کو یہ میچ جیتنے کے لئے تقریباً ڈیڑھ دن میں۵۵۷؍ رن بنانے تھے۔ یشسوی نے اپنی ڈبل سنچری میں ۱۴؍ چوکے اور۱۲؍ چھکے لگائے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ہندوستان کیلئے ایک سیریز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ یشسوی کی یہ لگاتار دوسری ڈبل سنچری ہے۔ سرفراز اپنے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے چوتھے ہندوستانی بلے باز ہیں۔ سرفراز نے ۶؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۶۸؍ رن کی اننگز کھیلی۔
اس سے قبل ہندوستان نے پہلی اننگز میں ۴۴۵؍ رن بنائے تھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی پہلی اننگز۳۱۹؍ رن پر سمٹ گئی تھی۔ ۱۲۶؍ رن کی برتری کے ساتھ ہندوستان نے دوسری اننگز میں کپتان روہت شرما۱۹؍ رن اور رجت پاٹیدار صفر پر وکٹ گنوانے کے بعد۱۹۶؍ رن بنا لئے تھے۔ دن کے کھیل کے اختتام پر شبھمن گل ۶۵؍ رن بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے اور نائٹ واچ مین کے کردار میں کلدیپ یادو ۳؍ رن بنانے کے بعد کریز پر موجود تھے۔
جیسوال نے اپنے ٹیسٹ کریئر کے ساتویں میچ میں۱۲۲؍ گیندوں پر ۹؍ چوکوں اور ۵؍ چھکوں کی مدد سے اپنی تیسری سنچری مکمل کی۔ اس سے پہلے یشسوی نے آخری ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔ پٹھوں میں کھنچاؤ کی وجہ سے یشسوی کو ۱۰۴؍ رن کے ذاتی اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹنا پڑا تھا۔ ہندوستانی گیند بازوں نے مہمان بلے بازوں کو جکڑ رکھا تھا۔ بین ڈکٹ کے ۱۵۳؍ رن کے علاوہ کوئی اور انگلش بلے باز کریز پر اثر انداز ہونے میں ناکام رہا۔ کپتان بین اسٹوکس ۴۱؍ رن بنا کر کچھ دیر کریز پر رہ کر ہندوستانی گیند بازوں کا سامنا کرنے کی ہمت دکھائی۔ محمد سراج (۴؍ وکٹ)، کلدیپ یادو (۲؍ وکٹ)، رویندر جڈیجا (۲؍ وکٹ) اور جسپریت بمراہ (ایک وکٹ) نے انگلینڈ کی اننگز کو سمیٹ دیا۔