ٹیم انڈیا نے مردوں کے جونیئر ایشیا کپ کے فائنل میں ۳؍کے مقابلے۵؍گول سے کامیابی حاصل کی،اریجیت سنگھ ہندل نے ۴؍گول کئے۔
EPAPER
Updated: December 06, 2024, 12:31 PM IST | Agency | Muscat
ٹیم انڈیا نے مردوں کے جونیئر ایشیا کپ کے فائنل میں ۳؍کے مقابلے۵؍گول سے کامیابی حاصل کی،اریجیت سنگھ ہندل نے ۴؍گول کئے۔
اریجیت سنگھ ہندل کے ۴ ؍ گول کی بدولت ہندوستان نے گزشتہ روز مردوں کے جونیئر ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو ۳؍کے مقابلے ۵؍گول سے شکست دے کر اپنا خطاب برقرار رکھا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان پانچویں بار یہ ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
عمان کے دار الحکومت مسقط میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے میچ کے تیسرے ہی منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ حالانکہ اس کے ایک منٹ بعد ہندوستان کے اریجیت سنگھ ہندل نے چوتھے منٹ میں پنالٹی کارنر کی مدد سے گول کرکے اسکور ایک ایک سے برابر کردیا۔ اس کے بعد ہندوستان کے اریجیت سنگھ ہندل نے دوسرے کوارٹر کے ۱۸؍ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر پھر سے کمال کیا اور ہندوستان کو آگے کر دیا۔ ٹیم انڈیا کے دلراج سنگھ نے۱۹؍ویں منٹ میں گول کر کے ہندوستان کی برتری کو تین ایک سے بڑھا دیا۔
پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے ۳۰؍ویں اور ۳۹؍ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے اسکور ۳۔ ۳؍ سے برابر کردیا۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام کے بعد دونوں ٹیموں کا اسکور ۳۔ ۳؍ پر برابر رہا۔ چوتھے کوارٹر میں اریجیت سنگھ ہندل نے کھیل کے ۴۷؍ویں منٹ میں فیلڈ گول اور پھر ۵۴؍ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کر کے اسکور کو ۳۔ ۵؍کر دیا اور ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔ ہندوستان نے مسلسل دوسری بار مردوں کے جونیئر ایشیا کپ کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔ ہندوستان ۲۰۲۳ءمیں بھی اس ٹورنامنٹ کا چمپئن تھا۔ اس سے قبل ہندوستان نے ۲۰۱۵ء، ۲۰۰۸ء اور ۲۰۰۴ءمیں بھی یہ خطاب جیتا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے منگل کے روز سیمی فائنل میں ملائیشیاکو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا۔