پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹورنامنٹ کی وجہ سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ کھلاڑیوں کی میچ فیس میں بھی تخفیف کردی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: March 18, 2025, 1:14 PM IST | Agency | New Delhi
پاکستان کرکٹ بورڈ کو ٹورنامنٹ کی وجہ سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ کھلاڑیوں کی میچ فیس میں بھی تخفیف کردی گئی ہے۔
(نئی دہلی ):پاکستان نے چند روز قبل چمپئن ٹرافی۲۰۲۵ء کا انعقاد کیا تھا، اس امید کے ساتھ کہ اس سے عالمی کرکٹ میں اس کی پوزیشن مضبوط ہوگی اور اس کی مالی حالت بھی بہتر ہوگی لیکن اس کے برعکس ہوا۔
خراب معیشت کا سامنا کرنے والے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو چمپئن ٹرافی کی وجہ سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پی سی بی کھلاڑیوں کا فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام روک کر اور ان کی میچ فیس میں کمی کرکے اس کی تلافی کرے گا۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چمپئن ٹرافی کے انعقاد میں سخت محنت کرنا پڑی۔ اس کے باوجود، پڑوسی ملک فائنل کی میزبانی نہیں کر سکا کیونکہ بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کے لئے پاکستان کا سفر کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ اسی وجہ سے ہندوستان نے دبئی میں اپنے تمام میچ ہائبرڈ ماڈل پر کھیلے جن میں فائنل بھی شامل ہے اور اس میں ٹیم کو کامیابی ملی تھی۔
کروڑوں روپے کا نقصان ہوا
ایسی صورتحال میں پاکستان کو چمپئن ٹرافی میں۸۵؍ ملین امریکی ڈالر یعنی تقریباً۸۶۹؍ کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ٹیلی گراف کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان نے چمپئن ٹرافی کے لئے تقریباً۱۸؍ ارب پاکستانی روپے خرچ کئے اور یہ رقم راولپنڈی، لاہور اور کراچی کے ۳؍ اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش پر خرچ کی گئی۔ یہ قیمت پی سی بی کے تخمینہ سے۵۰؍ فیصد زیادہ نکلی۔ اس کے بعد پاکستان نے ایونٹ کی تیاریوں پر۴۰؍ ملین ڈالر خرچ کئے تاہم اس کی کمائی آٹے میں نمک کے برابر رہی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے صرف۶؍ ملین ڈالرس کمائے۔ خیال رہے کہ ٹکٹوں کی فروخت اور اسپانسر شپ سے ہونے والی آمدنی نہ ہونے کے برابر تھی۔
میچ فیس میں تخفیف
رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے نیشنل ٹی ۲۰؍ چمپئن شپ کی میچ فیس میں۹۰؍ فیصد تک کمی کر دی ہے۔ ساتھ ہی ریزرو کھلاڑیوں کی فیس میں ۸۷ء۵؍ فیصد کمی کی گئی ہے۔ دی ڈان کے مطابق پی سی بی نے میچ فیس۴۰؍ ہزار روپے سے کم کر کے۱۰؍ ہزار روپے کر دی ہے۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کے فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کا انتظام بھی منسوخ کر دیا گیا ہے تاہم پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے حکام سے معاملے پر دوبارہ غور کرنے کیلئے کہا ہے۔
پاکستان ہوم گراؤنڈ پر صرف ایک میچ کھیل سکا
پاکستان ٹیم ٹورنامنٹ میں جلدہی باہر ہوگیا تھا۔اس نے گھر پر صرف ایک میچ کھیلا۔ اس نے یہ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا۔ اس ٹیم نے دبئی میں ہندوستان کے خلاف میچ کھیلا جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہو سکا۔