ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں امیلیا کیر نے نیوزی لینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا اور۱۵؍ وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ نعمان علی نے اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ۲۰؍ وکٹیں لی تھیں ۔
EPAPER
Updated: November 13, 2024, 11:28 AM IST | Dubai
ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں امیلیا کیر نے نیوزی لینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا اور۱۵؍ وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ نعمان علی نے اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ۲۰؍ وکٹیں لی تھیں ۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے منگل کو اکتوبر۲۰۲۴ء کیلئے نیوزی لینڈ کی آل راؤنڈر خاتون کھلاڑی امیلیا کیر اور پاکستان کے گیند باز نعمان علی کو ان کی بہترین کارکردگی کیلئے `آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ سے نوازا ہے۔ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی آل راؤنڈر امیلیا کیر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کیلئے انہیں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے ۶؍ میچوں میں ۱۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف ۲۹؍ رن بنائے اور ۴؍ وکٹیں حاصل کیں، نیز سری لنکا کے خلاف۳۴؍ رن بنانے کے ساتھ ہی ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے خلاف۱۴؍ رن دے کرتین وکٹ لئے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیمی فائنل میچ میں ۱۴؍ رن دے کر۲؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ کیر نے جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میں ۳۸؍ گیندوں پر۴۳؍ رن بنائے تھے اور وہ ٹیم کی ٹاپ اسکورر رہی تھیں ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے۲۴؍ رن دے کر ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے بعد احمد آباد میں ہندوستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں ۴؍ وکٹ لیا۔
نعمان علی نے اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف ۳؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ۲۰؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔ انہوں نے ۳؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے پیچھے رہنے والے پاکستان کو بقیہ دو میچوں میں جیت دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسرے ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں ۱۰۱؍ رن دے کر ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری اننگز میں انہوں نے۴۶؍ رن دے کر۸؍ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ۸۸؍رن دے کر تین وکٹ لئے۔ دوسری اننگز میں ۴۲؍ رن پر ۶؍ وکٹ جھٹکے۔ اس کے ساتھ انہوں نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ۴۵؍ رن بھی بنائے۔
کیر اور نعمان نے آئی سی سی ڈیس کرکٹ ڈاٹ کام پر رجسٹرڈ عالمی شائقین اور آئی سی سی ہال آف فیمرز، سابق بین الاقوامی کھلاڑیوں اور میڈیا کے نمائندوں کے ایک ماہر پینل کے درمیان ووٹنگ کے بعد جیت حاصل کی۔
کیر نے خواتین کے ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ کے ساتھی ستاروں ڈینڈرا ڈوٹن اور لورا وولوارڈ کے مقابلے میں اکتوبر کا ایوارڈ جیتا۔ نعمان گزشتہ ماہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ مقابلے میں دیگر مقامات پر بہترین وکٹ لینے والے کاگیسو ربادا اور مچل سینٹنر کے مقابلے میں مردوں کے زمرے میں فاتح بنے۔ ویمنز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ حاصل کرنے پر کیر نے کہا کہ یہ ایوارڈ حاصل کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے کیونکہ دنیا بھر میں بہت سے ورلڈ کلاس کرکٹرز ہیں جو اس کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا ’’میرے لئے یہ ورلڈ کپ جیت کے ساتھ ایک خاص مہینہ ہے اور یہ میرے لئے ٹیم، کوچز، نیوزی لینڈ اور میرے خاندان کیلئے بہت معنی رکھتا ہے۔ ان لوگوں کے بغیر میں وہ نہیں کرپاتی جو میں کر رہی ہوں۔ ‘‘
نعمان علی نے کہا’’ مجھے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ قرار دیے جانے پر خوشی ہے اور میں اپنے تمام ساتھیوں کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اپنی بہترین کارکردگی دکھانے میں مدد کی تاکہ پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف تاریخی گھریلو ٹیسٹ سیریز جیتنے میں مدد مل سکے۔ ‘‘انہوں نے کہا، ’’اپنے ملک کے لیے ایسی یادگار جیت کا حصہ بننا ہمیشہ پرجوش ہوتا ہے۔ ‘‘