• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سوریہ کمار یادو، ریڈی اور رنکو کی جارحانہ بلے بازی سے متاثر

Updated: October 11, 2024, 2:35 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi

بنگلہ دیش کے خلاف ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنےکے بعد ٹیم انڈیا کے کپتان نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے بازوں کو کارکردگی پیش کرنے کا موقع ملے۔

Team India`s batsmen Bazantish Reddy (left) and Rinku Singh displayed aggressive batting against Bangladesh. Photo: INN
ٹیم انڈیا کے بلے بازنتیش ریڈی(بائیں)اور رنکو سنگھ نے بنگلہ دیش کے خلاف جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ تصویر : آئی این این

دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی۔ ۲۰؍ انٹرنیشنل میچ میں ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش کو ۸۶؍رنوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ’مین ان بلیو‘ نے۳؍ میچوں کی سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی۔ نتیش ریڈی ہندوستان کی جیت کے ہیرو تھے۔ نتیش ریڈی نے اپنے کرئیر کا صرف دوسرا ٹی۔ ۲۰؍انٹرنیشنل میچ کھیلتے ہوئے ۳۴؍ گیندوں میں ۷۴؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ۲؍وکٹیں بھی حاصل کیں۔ نتیش اور رنکو سنگھ کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے ۱۰۸؍ رنوں کی شراکت ہوئی۔ 
  میچ جیتنے کے بعد کپتان سوریہ کمار یادو نے نتیش ریڈی اور رنکو سنگھ کی تعریف کی۔ رنکو۔ نتیش کی بلے بازی سے خوش سوریہ کمار یادو نے کہا’’میں میچ میں ایسی صورتحال چاہتا تھا کہ نمبر ۵، ۶، اور ۷؍ کے بلے بازوں کو بیٹنگ کا موقع ملے۔ میں رنکو سنگھ اور نتیش ریڈی کی بلے بازی سے بہت خوش ہوں۔ انہوں نے بالکل اسی طرح بلے بازی کی جس طرح میں چاہتا تھا۔ میں نے ٹیم سے کہا ہے کہ جا کر اپنے کھیل کا لطف اٹھائیں ۔ 
  سوریہ کمار یادو نے میچ میں ۷؍گیند بازوں کو استعمال کرنے کے بارے میں کہا کہ ’’میں بولروں کو آزمانا چاہتا تھا۔ میں یہ دیکھنا چاہتا تھا کہ مختلف گیندباز مختلف حالات میں کیا کر سکتے ہیں۔ کبھی ہاردک پانڈیا بولنگ نہیں کریں گے اور کبھی واشنگٹن سندر بولنگ نہیں کریں گے۔ میں دیکھنا چاہتا تھا کہ دوسرے گیندباز کیا کر سکتے ہیں۔ یہ نتیش کا دن تھا اس لئے میں نے سوچا کہ ان کے خاص دن کو بڑا بنایا جائے اور میں نے ان سے بھی گیندبازی کرائی۔ ‘‘
  بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپان نجم الحسین شانتو نے میچ کے بعد کہا کہ’’ ہم نے وہی غلطیاں کیں جو پہلے کی تھیں، ایک ٹیم کے طور پریہ اچھی بات نہیں۔ ٹاس جیت کر بولنگ ایک اچھا فیصلہ تھا۔ پہلے ۶۔ ۷؍ اوور ہم نے اچھی گیندبازی کی لیکن بعد میں اپنے منصوبے پر عمل نہ کر سکے۔ ہمیں ابتدائی وکٹوں کے بعد مزید ایک سے ۲؍ وکٹوں کی ضرورت تھی لیکن وہ حاصل نہیں کر سکے۔ بلے باز کے طور پر، ہمیں ذمہ داری لینے اور زیادہ دیر تک کریز میں رہنے کی ضرورت ہے۔ ‘‘
  مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے نتیش کمار ریڈی نے اپنی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’ہندوستان کی نمائندگی کرنا اچھا لگتا ہے۔ میں کپتان اور کوچ کو کریڈٹ دیتا ہوں۔ انہوں نے مجھے اپنا فطری کھیل کھیلنے کی اجازت دی تھی۔ میں نے کریز پر تھوڑا وقت لیا اور اس کے بعد سب کچھ میرے لئے آسان ہوتا چلا گیا۔ امید ہے کہ آئندہ بھی اسی طرح کی کاردگی پیش کرسکوں گا۔ ‘‘
 ایسا ۹۲؍سال میں پہلی بار ہوا!
 ٹیم انڈیا نے اپنی `۹۲؍سالہ کرکٹ تاریخ میں پہلی بار ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس سے عالمی کرکٹ بھی حیران رہ گیا۔ ٹیم انڈیا سوریہ کمار یادو کی کپتانی میں ٹی۔ ۲۰؍کرکٹ میں ایک نیا باب لکھ رہی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان نے ۳؍ٹی۔ ۲۰؍میچوں کی سیریز میں دو صفرکی برتری حاصل کر لی ہے۔ ٹیم انڈیا بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹی ۲۰؍میچ ۷؍ وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب رہی تھی جبکہ دوسرےمیچ میں ٹیم انڈیا نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ ۸۶؍رنوں سے کامیابی حاصل کی۔ یہاں قابل ذکربات یہ ہے کہ۹۲؍سالہ تاریخ میں ٹیم انڈیا نے بنگلہ دیش کے خلاف ایک انوکھا ریکارڈ بنایا۔ ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو نے دوسرے ٹی۔ ۲۰؍ میچ میں ۷؍ گیند بازوں سے گیندبازی کروائی۔ انہوں نےارش دیپ سنگھ، نتیش ریڈی، واشنگٹن سندر، ورون چکرورتی، ریان پراگ،مینک یادو اور ابھیشیک شرما کو گیند بازی کا موقع دیا اور ان سبھی نے گیندبازی کرتے ہوئے کم از کم ایک وکٹ ضرور لیا۔ ایسا ہندوستانی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔ واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا نے گیندبازی نہیں کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK