Inquilab Logo

ٹی ۲۰؍ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ۶؍ وکٹ سے شکست دے دی

Updated: September 22, 2022, 1:27 PM IST | Agency | Karachi

ہیلز کی نصف سنچری کی بدولت انگلینڈ نے ٹی ۲۰؍ میں صفر۔ ایک کی برتری حاصل کرلی ۔رشید نے ۲؍ وکٹ لئے

England players are seen during the match .Picture:INN
میچ کے دوران انگلینڈ کے کھلاڑی نظرآرہے ہیں ۔ تصویر:آئی این این

الیکس ہیلز (۵۳؍ رن) کی نصف سنچری اور ہیری بروک کی شاندار اننگز کی بدولت انگلینڈ نے منگل کو پہلے ٹی۲۰؍ میں پاکستان کو ۶؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو ۲۰؍ اوور میں۱۵۹؍ رن کا ہدف دیا تھا جسے معین علی کی ٹیم نے۱۹ء۲؍ اوور میں حاصل کر لیا۔ ۳؍ سال بعدآسٹریلوی ٹیم میں لوٹنے والے ہیلزنے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ۴۰؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں کی مدد سے۴۳؍ رن بنائے۔ عثمان قادر نے ڈیوڈ ملان (۲۰) اور بین ڈکٹ (۲۱) کو آؤٹ کرکے پاکستان کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی، لیکن بروکس اور ہیلز نے چوتھے وکٹ کی ۵۵؍رن کی شراکت کرکے انگلینڈ کو فاتح بنایا۔انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا۔ کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے پہلے وکٹ کیلئے ۸۵؍ رن کی شراکت کی تاہم بابر اچھے آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے اور۲۴؍ گیندوں پر ۳۱؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان نے۴۶؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور۲؍ چھکوں کی مدد سے۶۸؍ رن بنائے۔ پاکستان نے پہلے۱۰؍ اوور میں۸۷؍ رن بنائے تھے لیکن مڈل آرڈر اس بنیاد پر کوئی بڑی عمارت نہ بنا سکا۔حیدر علی نے۱۱ ؍رن  جبکہ ٹی ۲۰؍ ڈیبیو کرنے والے شان مسعود نے ۷؍ گیندوں میں اتنے ہی رن بنائے۔ محمد نواز بھی ۴؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، البتہ افتخار احمد نے ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۱۷؍ گیندوں پر۲۸؍ رن بنا کر ٹیم کو۲۰؍ اوور میں ۷؍ وکٹ پر ۱۵۸؍رن کے اسکور تک پہنچا دیا۔ پاکستان آخری۱۰؍ اوور میں صرف۷۱؍ رن بنا سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے لیوک ووڈ نے ۴؍ اوورس میں۲۴؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ لئے جبکہ عادل رشید نے ۲؍ اور سیم کرن اور معین علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
 ۱۵۹؍رن کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے اوپنر فلپ سالٹ (۱۰) کا وکٹ جلد ہی گنوا دیا ، لیکن ان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے والے ہیلز ایک سرے پر ڈٹے رہے۔ ہیلز نے ملان کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے ۳۴؍ رن جوڑے جبکہ ڈکٹ کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے۳۴؍رن کی شراکت  کی۔ بروک اور ہیلز کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے ۵۵؍رن کی شراکت نے پاکستان کو میچ سے مکمل طور پر باہر کر دیا۔ بروکس نے۲۵؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں کی مدد سے۴۲؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جس میں جیت کا چوکا  شامل تھا۔پاکستان کی جانب سے قادر نے ۴؍ اوور میں ۳۶؍رن دے کر ۲؍ وکٹ لئے جب کہ شاہنواز دہانی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ نسیم شاہ نے ۴؍ اوور میں ۴۱؍ رن دئیے جب کہ وہ ایک بھی وکٹ نہیں لے سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK