اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ نے کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
EPAPER
Updated: July 26, 2024, 2:13 PM IST | Agency | Dehradun
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ نے کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے جمعرات کو پریڈ گراؤنڈ، دہرادون میں ۲۸؍جولائی تک منعقد ہونے والی ۲۲؍ویں اتراکھنڈ اسٹیٹ جونیئر اور سینئر بیڈمنٹن چمپئن شپ کا افتتاح کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ تمام کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے دھامی نے کہا کہ کھلاڑیوں میں ہمیشہ جوش اور توانائی ہوتی ہے۔ بیڈمنٹن کے میدان میں اتراکھنڈ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی خاص شناخت بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لکشیہ سین سمیت کئی کھلاڑی بیڈمنٹن میں تاریخ رقم کر رہے ہیں اور ملک اور ریاست کا نام روشن کر رہے ہیں۔ موجودہ دور میں کھیلوں کے لئے بہتر مواقع اور وسائل موجود ہیں۔ نوجوان اپنی کوششیں جاری رکھیں جس کی بدولت انہیں مستقبل میں ضرور کامیابی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے تئیں لگن اور نظم و ضبط زندگی میں نئی بلندیاں فراہم کرے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں کھیلوں کے میدان میں کئی تاریخی فیصلے کئے گئے ہیں۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ کھیلو انڈیا جیسے پروگراموں کے آغاز سے کھیلوں کو بڑے پیمانے پر فروغ دیا گیا ہے۔ اولمپکس میں ہندوستان کی اچھی کارکردگی کے لئے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح کی تربیت اور سہولیات دی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بین الاقوامی سطح کے کھیلوں میں ہندوستان کے قدم مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ ہندوستان سے اب تک کا سب سے بڑا دستہ اس سال منعقد ہونے والے پیرس اولمپکس میں شرکت کررہا ہے۔ ریاستی حکومت بھی ریاست میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کو فروغ دینے کے لئے ہر سطح پر کام کر رہی ہے۔ پوری ریاست میں تربیتی کیمپ لگائے جا رہے ہیں، کھیلوں کا سامان تقسیم کیا جا رہا ہے اور رہائشی اسپورٹس ہاسٹل اسکیم کے تحت کھلاڑیوں کو مفت تعلیم، علاج معالجہ اور کھانے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اولمپکس میں سونے، چاندی اور کانسہ کے تمغے جیتنے پر بالترتیب ۲؍کروڑ، ڈیڑھ کروڑ اور ایک کروڑ روپے کی مراعاتی رقم دی جارہی ہے۔ نیشنل گیمز میں سونے، چاندی اور کانسہ کا تمغہ جیتنے والوں کو بالترتیب ۶؍ لاکھ، ۴؍ لاکھ اور ۳؍ لاکھ کی مراعاتی رقم دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کو فروغ دینے کے لئے نئی اسپورٹس پالیسی نافذ کی گئی ہے۔ اس سال میڈل حاصل کرنے والے ۳۱؍کھلاڑیوں کو سرکاری محکموں میں تقرریاں دی گئی ہیں۔ ’ مکھیہ منتری ادیم کھلاڑی اُنائن یوجنا‘ کے تحت ۸؍ سے ۱۴؍سال کی عمر کے ۳؍ہزار۹۰۰؍کھلاڑیوں کو۱۵۰۰؍ روپے ماہانہ اسکالرشپ دی جا رہی ہے۔ اسپورٹس ہاسٹل میں رہ کر تیاری کرنے والے کھلاڑیوں کا یومیہ الاؤنس ۱۷۵؍ روپے سے بڑھا کر ۲۲۵؍روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سطح پر اوپن جم کیلئے۱۰؍کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اتراکھنڈ کو آئندہ قومی کھیلوں کے انعقاد کا موقع ملا ہے جو ہمارے لئے بہت بڑا موقع ہے۔ اس موقع پر اسپیشل پرنسپل سیکریٹری( اسپورٹس) امیت سنہا، یو ایس بی اے کے صدر ڈاکٹر الکنندا اشوک، سیکریٹری بی ایس منکوٹی، راکیش ڈوبھال اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔