• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان نے آئرلینڈ کو۳۰۴؍رن سے ہرادیا، سیریز پر قبضہ

Updated: January 16, 2025, 11:25 AM IST | Rajkot

یکروزہ میچوں میں رنوں کے لحاظ سے ہندوستانی خاتون ٹیم کی سب سے بڑی جیت، ٹیم نے ۵۰؍ اوورز میں ۵؍وکٹوں پر۴۳۵؍ رنوں کا پہاڑ کھڑا کردیا ، آئرلینڈ کی ٹیم ۱۳۱؍رنوں پرسمٹ گئی، ہندوستانی کپتان اسمرتی مندھانا کی زبر دست سنچری، تیز ترین سنچری بنانے والی پہلی ہندوستانی بلے باز بن گئیں۔

Smriti Mandhana and Pratika Rawal shared a partnership of 233 runs for the first wicket. Photo: INN.
اسمرتی مندھانا اور پرتیکا راول نے پہلےوکٹ کیلئے ۲۳۳؍ رنوں کی شراکت داری کی۔ تصویر: آئی این این۔

ہندوستانی خواتین ٹیم نے بدھ کو راجکوٹ میں آئرلینڈ کے خلاف تیسرا یکروزہ میچ ریکارڈ ۳۰۴؍ رنوں سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز۰-۳؍سے جیت لی۔ رنوں کے لحاظ سے یہ ٹیم کی سب سے بڑی جیت ہے۔ سابقہ ریکارڈ۲۴۹؍ رن کا تھا جب ٹیم نے ۲۰۱۷ء میں آئرلینڈ کو شکست دی تھی۔ ٹیم نے اس میچ میں اپنا سب سے زیادہ اسکور بنایا۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے ۵۰؍ اوورز میں ۵؍وکٹوں پر۴۳۵؍ رنوں کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ ۳؍ دن پہلے ہندوستان نے آئرلینڈ کے خلاف ۳۷۰؍ رن بنائے تھے۔ آخری یکروزہ میچ میں ہندوستانی بلے باز اسمرتی مندھانا نے بھی ریکارڈ بنایا۔ 
ہندوستانی خاتون ٹیم کا ون ڈے کرکٹ میں یہ چوتھا سب سے بڑا اسکور ہے۔ سب سے زیادہ اسکور کا ریکارڈنیوزی لینڈ کے نام ہے۔ کیوی ٹیم نے ۲۰۱۸ء میں آئر لینڈ کے ہی۴۹۱؍ رن بنائے تھے۔ دوسری جانب کپتان اسمرتی مندھانا نے۷۰؍ گیندوں میں سنچری اسکور کی۔ وہ یکروزہ میچوں میں سنچری بنانے والی ہندوستان کی تیز ترین بلے باز بن گئی ہیں۔ اسمرتی نے۸۰؍گیندوں میں ۱۳۵؍ رن کی اننگ کھیلی۔ 
پرتیکا راول اور اسمرتی مندھانا کی سنچری
بدھ کو راج کوٹ میں ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ٹیم نے مقررہ ۵۰؍ اوورز میں ۵؍ وکٹوں پر۴۳۵؍ رن بنائے اور آئرلینڈکو۴۳۶؍ رن کا ہدف دیا۔ جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم ۳۱ء۴؍ اوورز میں ۱۳۱؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 
ٹیم انڈیاکی جانب سے اسمرتی مندھانا اور پرتیکا راول نے سنچریاں اسکور کیں۔ مندھانا نے۸۰؍ گیندوں میں ۱۳۵؍ اور پرتیکا راول نے ۱۲۹؍گیندوں میں ۱۵۴؍ رن بنائے۔ دونوں کے درمیان پہلے وکٹ کیلئے۲۳۳؍ رنوں کی شراکت ہوئی۔ ریچا گھوش نے ۴۲؍ گیندوں پر۵۹؍رن کی اننگز کھیلی۔ آئرلینڈ کی جانب سے اورلا پرینڈرگیسٹ نے۲؍ وکٹیں لیں۔ ارلین کیلی، فرئیا سارجنٹ اور جارجینا ڈیمپسے نے ایک ایک وکٹ لیا۔ 
دپتی شرما نے۳؍ وکٹ لئے
۴۳۶؍رنوں کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کے۷؍ بلے باز دہرے ہندسےتک بھی نہ پہنچ سکے۔ سارہ فوربس نے سب سے زیادہ ۴۱؍رن بنائے۔ اورلا پرینڈرگیسٹ نے ۳۶؍ رن بنائے۔ لیا پال نے ۱۵؍ اور لورا ڈیلانی نے ۱۰؍ رن بنائے۔ ٹیم انڈیا کی جانب سے دپتی شرما نے۳؍ وکٹ اپنے نام کئے۔ تنوجا کنور کو۲؍ وکٹ ملے۔ تیتاس سادھو، سیالی ستگھرے اور منو منی نے ایک ایک وکٹ لیا۔ 
ہندوستانی ٹیم نے۳؍ دن میں اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا
ہندوستانی ٹیم نے تین دن میں اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ ٹیم نے۱۲؍ جنوری کو آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں ۳۷۰؍ رن بنائے تھے۔ یہ یکروزہ بین الاقوامی میچوں میں ہندوستانی خاتون ٹیم کا سب سے بڑا اسکور تھا۔ ۳؍ دن میں ۴۳۵؍ رن بنا کر ٹیم انڈیا نے اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ 
کپتان اسمرتی مندھانا کی شاندار بلے بازی ؕ
ہندوستانی خاتون ٹیم کی کپتان اسمرتی مندھانا نے بدھ کو آئرلینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی ون ڈے کریئر کی ۱۰؍ویں سنچری بنائی۔ یہاں آئر لینڈ کے خلاف مندھانا نے صرف۷۰؍ گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کرلی۔ یہ کسی بھی ہندوستانی خاتون کھلاڑی کی جانب سے اب تک کی تیز ترین سنچری ہے۔ مندھانا نے ۷؍ یکروزہ میچوں میں ۲؍ سنچریاں اور ۳؍ نصف سنچریاں بنائی ہیں ۔ بدھ کو مندھانا نے ۸۰؍ گیندوں میں ۱۲؍چوکوں اور۷؍ سکسرز کی مدد سے ۱۳۵؍ رن کی اننگ کھیلی۔ وہ۲۷؍و یں اوور میں اورلا پرینڈرگیسٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئیں۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا او رٹیم میں دوتبدیلیاں کی تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK