• Mon, 03 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان کا انڈر ۱۹؍ ویمنز ورلڈ کپ پر قبضہ

Updated: February 03, 2025, 2:09 PM IST | Agency | Kuala Lumpur

ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ۹؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ جی تریشاکی آل راؤنڈ کارکردگی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

جی تریشا (۳؍وکٹ / ناٹ آؤٹ ۴۴؍رن) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو جنوبی افریقہ کو ۹؍ وکٹ سے شکست دے کر خواتین کے انڈر ۱۹؍ ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ جیت لیا۔جی تریشا کو ان کی شاندار کارکردگی پر `پلیئر آف دی میچ  اور `پلیئر آف دی سیریز  کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
  جنوبی افریقہ کے۸۲؍ رن کے جواب میں جی کملینی اور جی تریشا کی ہندوستانی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے ۳۶؍ رن جوڑے۔ کیلا رینیکے نے پانچویں اوور کی تیسری گیند پر جی کملینی (۸؍رن) کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی سانیکا چالکے نے جی تریشا کے ساتھ شاندار پرفارم کرتے  ہوئے ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان۴۸؍ رن کی ناٹ آؤٹ شراکت ہوئی۔ جی تریشا نے۳۳؍ گیندوں پر ۸؍ چوکے لگاکر  ناٹ آؤٹ ۴۴؍رن  کی اننگز کھیلی ۔ سانیکا چالکے نے۲۲؍ گیندوں پر ۴؍ چوکے لگا کر  ناٹ آؤٹ ۲۶؍ رن بنائے۔ سانیکا چالکے نے ۱۲؍ ویں اوور کی دوسری گیند پر ہندوستان کے لیے فاتحانہ چوکا لگایا۔ ہندوستان نے۱۱ء۲؍ اوورس میں ایک وکٹ پر۸۴؍ رن بنانے کے بعد یہ میچ ۹؍ وکٹ سے جیت لیا۔
  اس سے قبل  اتوار کو  جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے آنے والے جنوبی افریقہ کا آغاز اچھا نہ تھا اور ۱۱؍ رن کے اسکور پر سائمن لارنس (صفر) کا پہلا وکٹ اور ۲۰؍ کے اسکور پر جیما بوتھا (۱۶؍ رن) کا  دوسرا وکٹ اور پھر تیسرا وکٹ دیرا راملکن (۳؍ رن) کی شکل میں گنوا دیا۔ کپتان کیلا رینیکے (۷؍ رن) جلد آؤٹ ہو گئیں۔ جنوبی افریقہ کا کوئی بھی بلے باز ہندوستانی بولنگ  اٹیک کے سامنے زیادہ دیر نہیں ٹھہر سکا۔ کاربو ماسیو  ۱۰؍اور فے کاؤلنگ  ۱۵؍رن  بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ٹیم کی جانب سے  میکے وان وورسٹ  نے  ۲۳؍رن کی اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کے ۴؍ بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ ۲۰؍ اوورس تک  کھیلا لیکن وہ  ۸۲؍ رن ہی بنا سکی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK