Inquilab Logo

ہندوستان کلین سویپ اورنیوزی لینڈ بچنےکیلئےتیار

Updated: January 24, 2023, 12:14 PM IST | Indore

ہندوستان نے پہلے ہی سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ہے۔ نیوزی لینڈکی ٹیم وقار بچانے کیلئے میدان پر اترے گی

The coach and players of the Indian team are inspecting the Indore pitch. (PTI)
ہندوستانی ٹیم کے کوچ اور کھلاڑی اندور کی پچ کا معائنہ کررہے ہیں۔(پی ٹی آئی )

پہلے ۲؍ میچوں میں فتوحات سے خوش ہندوستانی ٹیم منگل کو یہاں تیسرے اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے خلاف کلین سویپ کرنے کا ارادہ کرے گی، اس کے مڈل آرڈر بلے باز اچھا مظاہرہ کرنے کے خواہاں ہیں۔ سیریز  پہلے ہی اپنے  نام کرنے کی وجہ سے ہندوستان اس میچ میں اپنی گیند بازی میں کچھ تبدیلیاں کر سکتا ہے۔
 اوپنر شبھمن گل شاندار فارم میں ہیں۔ انہوں نے پہلے میچ میں ڈبل سنچری بنائی اور کم اسکور والے دوسرے میچ میں۴۰؍رن کی اننگز کھیلی۔ کپتان روہت شرما نے بھی اچھی شروعات کی ہے اور وہ اسے بڑے اسکور میں تبدیل کرنا چاہیں گے۔ ہندوستانی ٹیم کو اچھی طرح معلوم ہوگا کہ سیریز میں ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کے باوجود اب تک صرف گل اور روہت ہی رن بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔یہ بھی حقیقت ہے کہ دوسرے بلے بازوں کو کافی مواقع نہیں ملے ہیں اس لئے ایشان کشن، ہاردک پانڈیا اور سوریہ کمار یادو جیسے کھلاڑیوں کو میچ کنڈیشنز میں کچھ بیٹنگ پریکٹس کرنے کا اچھا موقع ملے گا۔
 وراٹ کوہلی کو ایک بار پھر لیفٹ آرم اسپنرس کو کھیلنا مشکل ہو رہا ہے۔ اس کرشماتی بلے باز کو مشیل سینٹنر نے مسلسل آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے پہلے ۴؍ اننگز میں ۳؍ سنچریاں بنانے والے کوہلی آخری ۲؍ ون ڈے میچوں میں جلد آؤٹ ہوئے کیونکہ نیوزی لینڈ کے بائیں ہاتھ کے اسپنر نے اپنی کمزوری کو بے نقاب کیا۔ اس سال جب ورلڈ کپ ہونا ہے تو کوہلی اس کمزوری کو جلد از جلد دور کرنا چاہیں گے۔
 شریس ایّر کی غیر موجودگی میں سوریہ کمار سے اچھی اننگز کی توقع تھی لیکن ٹی ۲۰؍ میں دھوم مچانے والا یہ بلے باز سیریز کے پہلے میچ میں ناکام رہا۔ ہاردک بھی مڈل آرڈر میں اچھی بلے بازی نہیں کررہے ہیں ۔ ہندوستان کی اس ہفتے کے آخر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی۲۰؍ سیریز بھی ہے جس کے بعد اگلے مہینے آسٹریلیا کے خلاف سیریز ہوگی اور ٹیم انتظامیہ کچھ کھلاڑیوں کو آرام دے سکتی ہے اور رجت پاٹیدار کو شروعات کرنے کا موقع دے سکتی ہے۔ پاٹیدار نے گھریلو سطح پر اپنی کارکردگی سے متاثر کیا ہے۔گیندبازی کے شعبے میں بھی تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں اورتیز گیندباز عُمران ملک اور لیگ اسپنر یزویندر چہل کو ٹیم میں رکھا جا سکتا ہے۔ ہندوستانی گیند بازوں نے پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو ۶؍ وکٹ پر۱۳۱؍ رن پر آؤٹ کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کو۳۰۰؍سے زیادہ رن بنانے کا موقع دیا تھا اس کے باوجود  رائے پور میں دوسرے میچ میں انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ محمد سراج، محمد سمیع اور ہاردک نے اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ اسپنرس نے بھی اپنا کردار بخوبی نبھایا ہے۔
 یہ میچ جیت کر نیوزی لینڈ ہندوستان کو کلین سویپ کرنے سے روکنے کی پوری کوشش کرے گا اور ٹی ۲۰؍ سیریز سے قبل اپنے حوصلے کو بھی بڑھانا چاہے گا۔ نیوزی لینڈ کو بلے بازی میں سابق کپتان کین ولیمسن کی کمی محسوس ہورہی ہے۔ نیوزی لینڈکے ٹاپ ۶؍بلے بازوں نے اپنی آخری۳۰؍ اننگز میں صرف ۷؍ مواقع پر۴۰؍ یا اس سے زیادہ رن بنائے ہیں۔ ان کی بلے بازی لائن اپ میں صرف مائیکل بریسویل ہی اب تک اثرڈالنے میں کامیاب رہے ہیں۔ ان کے علاوہ سینٹنرنے بھی حیدرآبادمیں پہلے میچ میں اچھی بلے بازی کی۔ ہولکر اسٹیڈیم کی پچ بلے بازوں کیلئے اچھی خیال کی جاتی  ہے اور یہاں گیند بازوں کو بلے بازوں کو قابو میں رکھنے کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK