• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

انڈر ۱۹؍ایشیا کپ میں ہندوستان نے افغانستان کو شکست دے دی

Updated: December 09, 2023, 11:04 AM IST | Agency | Dubai

ہندوستان کی نوجوان ٹیم نے ۷؍وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ ارشین کے ۷۰؍ اور مشیر خان کے ۴۸؍رن۔

India vs Afghanistan match photo. Photo: INN
ہندوستان اور افغانستان کے میچ کی تصویر۔ تصویر : آئی این این

ارشین کلکرنی کی۷۰؍ رن کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری اور مشیر خان کی۴۸؍ رن کی صبر آزما اننگز کی بدولت ہندوستان نے انڈر۱۹؍ ایشیا کے پہلے میچ میں افغانستان کو ۷؍ وکٹ سے مات دے کر ٹورنامنٹ میں جمعہ کو فاتحانہ آغاز کیا۔
۱۷۴؍رن کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم تیسرے اوور میں ۱۴؍ رن پر آدرش سنگھ کی صورت میں اپنی پہلی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد بیٹنگ کےلئے آئے رُدر پٹیل بھی ۵؍ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان ادے سہارن بھی زیادہ دیر نہ چل سکے اور ۲۰؍ویں اوور میں ۲۰؍ رن پر زدران کی گیند پر نعمان شاہ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ لیکن کلکرنی ایک سرے پر ثابت قدم رہے اور مشیر خان کے ساتھ جیت کی شراکت قائم کی۔ مشیر۴۸؍رن اور کلکرنی۷۰؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں بلے بازوں نے تحمل سے بیٹنگ کرتے ہوئے۳۷ء۳؍ اوورس میں ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر۱۷۴؍ رن بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ افغانستان کی جانب سے بشیر احمد، وحید اللہ زدران اور خلیل احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
 قبل ازیں ہندوستان نے راج لمبانی اور ارشین کلکرنی کے ۳۔۳؍ وکٹوں کی مہلک گیند بازی کی بدولت افغانستان کو انڈر۱۹؍ ایشیا کپ میں گروپ اے کے پہلے میچ میں ۱۷۳؍ رن پر آؤٹ کر دیا تھا۔
ہندوستان نے جمعہ کو یہاں افغانستان کے خلاف میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پہلے بیٹنگ کرنے آئے افغانستان کی شروعات خراب رہی اور چوتھے اوور کی تیسری گیند پر۱۵؍ رن پر وفی اللہ تراخیل کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ تراخیل کو لمبانی نے بولڈ آؤٹ کیا۔ جمشید زدران اور سہیل خان نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کا اسکور۷۵؍رن تک پہنچا دیا۔ لیکن سہیل خان۱۹؍ اوورس میں ۱۲؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ابھیشیک نے۲۳؍ویں اوور میں زدران کو۴۳؍رن پر بولڈ کر کے افغانستان کو تیسرا جھٹکا دیا۔ اکرم محمد زئی نے۲۰؍رن، نعمان شاہ نے۲۵؍رن ، محمد یونس نے۲۶؍ رن بنائے۔ کپتان نصیر خان معروف خیل صرف۵؍ رن بنا سکے اور خلیل احمد ۹؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ رحیم اللہ جرمتی، وحید اللہ زدران اور بشیر احمد صفر پر آؤٹ ہوئے۔ افغانستان کی پوری ٹیم مقررہ۵۰؍ اوورس میں ۱۷۳؍رن کے اسکور پر آل آؤٹ ہوگئی۔ہندوستان کی جانب سے راج لمبانی اور ارشین کلکرنی نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ نمن تیواری نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا اور مروگن ابھیشیک اور مشیر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK