• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان نے دوسرے راؤنڈ کے پہلے میچ میں کویت کو۰۔۱؍گول سے دی شکست

Updated: November 17, 2023, 9:52 PM IST | Kuwait City

جمعرات کو کھیلے جانےوالے اس میچ میں ہندوستان کیلئے واحد گول منویر سنگھ نے۷۵؍ویں منٹ میں کیا۔ اسی دوران کویت کے فیصل زید الحربی کو دوسرے ہاف کے اسٹاپیج ٹائم میں آؤٹ کردیا گیا

Manveer Singh. Photo:PTI
منویر سنگھ ۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

ہندوستانی مردوں کی فٹبال ٹیم نے جابر الاحمد انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء اے ایف سی کوالیفائر کے  دوسرے راؤنڈ کے گروپ اے کے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کو ۰۔۱؍گول سے شکست دی ہے۔جمعرات کو کھیلے جانےوالے اس میچ میں ہندوستان کیلئے  واحد گول منویر سنگھ نے۷۵؍ویں منٹ میں کیا۔ اسی دوران کویت کے فیصل زید الحربی  کو دوسرے ہاف کے اسٹاپیج ٹائم میں آؤٹ کردیا گیا۔ فٹبال رینکنگ میں۱۰۲؍ ویں نمبر پر موجود ہندوستان نے اچھی شروعات کی اور میچ پر غلبہ حاصل کرنے کی پوری کوشش کی۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کے پاس گول کرنے کے کئی مواقع تھے لیکن وہ ان سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔ اس کے ساتھ ہی کویت نے گیند پر اپنا قبضہ برقرار رکھا۔ ہندوستان کے ساحل عبدالصمد کو۱۸؍ویں منٹ میں پہلا بڑا موقع ملا لیکن وہ ناکام رہے۔
کچھ دیر بعد ہندوستانی کپتان سنیل چھیتری نے پہلا گول کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی یہ کوشش ناکام ثابت ہوئی۔۲۷؍ویں منٹ میں مہیش نااورم نے فری کک کے ذریعے ہندوستان کیلئے گول کا موقع بنایا جسے آکاش مشرا گول میں تبدیل نہ کر سکے۔ دنیا میں۱۳۶؍ویں رینکنگ والی کویت نے فری کک حاصل کی۔ الکھالڈی  باکس کے اندر سے کراس کے ذریعے گول کرنے کی کوشش کی، لیکن سندیش جھنگن نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے گول کی تلاش میں جارحانہ کھیل جاری رکھا لیکن پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیمیں گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں دونوں ٹیمیں جارحانہ نظر آئیں۔ کویت کو شروع میں ہی فری کک کے ذریعے گول کرنے کا موقع ملا۔ کویت کے کھلاڑی فہد الہاجری نے شاٹ لگایا، جو کراس بار سے ٹکرا گیا۔ اس کے بعد بھی ہندوستانی ٹیم کو مواقع ملے لیکن کامیابی نہیں ملی۔ بھرت سریش سنگھ نے۷۱؍ ویں منٹ میں لمبی دوری سے شاٹ لگایا جو کراس بار کے اوپر سے نکل گیا۔ ۷۵؍ویں منٹ میں منویر سنگھ نے اپنی ٹیم کو برتری دلائی اور اسکور۰۔۱؍ کر دیا۔ للیانزوالا چھانگتے کے شاندار پاس کو منویر سنگھ نے آگے بڑھاتے ہوئے کویت کے گول کیپر کو چکمہ دیا اور پہلا گول داغ دیا۔برتری حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم نے کھیل کی رفتار برقرار رکھی۔ وہیں کویت کی واپسی کی کوشش ناکام رہی اور اسٹاپیج ٹائم میں فیصل زید الحربی کو ریڈ کارڈ ملا اور کویت نے۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ میچ ختم کردیا۔ ہندوستان نے یہ میچ۰۔۱؍گول  سے جیتا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی مردوں کی فٹبال ٹیم نے اس سال کویت کے خلاف اپنی پہلی جیت درج کی۔ انہوں نے جولائی میں۲۰۲۳ء ایس اے ایف ایف  چمپئن شپ کے فائنل میں  فل ٹائم ۱۔۱؍ گول  سے ڈرا  کے بعد  پنالٹی کے ذریعہ کویت کو۴۔۵؍ سے ہرا یا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK