• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان ایشین چمپئن ٹرافی کے فائنل میں داخل

Updated: September 16, 2024, 9:58 PM IST | New Delhi

سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کو ۱۔۴؍ گول سے روند دیا۔ ہرمن پریت سنگھ کے ۲؍ گول

Hockey Player.Photo:INN
ہاکی ٹیم کا میچ۔ (تصویر:آئی آئی این)

دفاعی چمپئن  ہندوستان نے پیر کو جنوبی کوریا کو۱۔۴؍گول  سے شکست دے کر مردوں کے ایشین چمپئن  ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی کی۔ ہندوستان کی جانب سے اتم سنگھ (۱۳؍ویں منٹ)، کپتان ہرمن پریت سنگھ (۱۹؍ویں اور۴۵؍ویں منٹ) اور جرمن پریت سنگھ (۳۲؍ ویں منٹ) نے گول کئے ، جبکہ کوریا کا واحد گول یانگ جیہون (۳۳؍ویں منٹ) نے کیا۔ منگل کو ہونے والے فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ میزبان چین سے ہوگا۔ ہندوستان نے لیگ مرحلے کے کھیلوں میں چین کو۰۔۳؍گول سے شکست دی تھی۔
اس سے قبل میزبان چین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے کر ایشین ہاکی  چمپئن  ٹرافی کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔چین میں جاری ایشین ہاکی چمپئن  ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل پاکستان اور میزبان چین کے درمیان کھیلا گیا۔ مقررہ وقت میں پاکستان اور چین کے درمیان میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ ایشین ہاکی چمپئن  ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستان کی جانب سے واحد گول احمد ندیم نے کیا۔ سیمی فائنل کو فیصلہ کن بنانے کیلئے  دونوں ٹیموں کو ۵۔۵؍ پنالٹی شوٹ آؤٹ  دیئے گئے، پاکستان نے ابتدائی۴؍ پنالٹی شوٹ آؤٹ ضائع کر  دیئے جبکہ چین نے ۴؍ میں سے ۲؍ پر گول کر  کے فائنل کیلئے  کوالیفائی کر لیا۔ چین نے دوسری بار پاکستان ہاکی ٹیم کو شکست سے دو چار کیا ہے، اس  سے قبل ۲۰۰۶ء کے ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں بھی چین نے پاکستان کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا تھا۔ واضح رہے کہ چین ایشین ہاکی چمپئن  ٹرافی کے فائنل میں پہلی بار پہنچا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK