ہندوستانی ٹیم نے ۱۹۷۸ء میں آخری بار سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس وقت کپتان بشن سنگھ بیدی تھے
EPAPER
Updated: January 05, 2021, 2:17 PM IST | Agency | Sydney
ہندوستانی ٹیم نے ۱۹۷۸ء میں آخری بار سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس وقت کپتان بشن سنگھ بیدی تھے
ہندوستان اور آسٹریلیا کے مابین بارڈر-گاوسکر ٹرافی کا تیسرا ٹیسٹ سڈنی میں ۷؍جنوری سے ہونے والا ہے اور سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہندوستان کو گزشتہ۴۳؍ برسوںسے اپنی پہلی جیت کا انتظار ہے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ۴؍ میچوں کی سیریز میںایک۔ایک کی برابری پر ہیں اور دونوں ٹیمیں سڈنی کے میچ میں سبقت حاصل کرنے کے ارادے سے اتریں گی۔ ہندوستان نے جنوری ۱۹۷۸ء میں آسٹریلیا کو صرف ایک بار اس گراؤنڈ پر شکست دی تھی جب بشن سنگھ بیدی کی سربراہی میں ہندوستانی ٹیم نے باب سمپسن کی زیرقیادت آسٹریلیائی ٹیم کو اننگز اور۲؍ رن سے شکست دی تھی۔ تب سے ہندوستان اس میدان پر کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیت سکا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جب۱۹۷۸ء میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی تھی تو سڈنی ٹیسٹ ۷؍ جنوری کو شروع ہوا تھا اور اس بار بھی سیریز کا سڈنی ٹیسٹ ۷؍ جنوری سے شروع ہورہا ہے۔ اس گراؤنڈ میں دونوں ٹیموں کی تاریخ میں ان ۲؍ ٹیسٹ میچوں کے علاوہ دیگر کوئی مقابلہ ۷؍ جنوری سے شروع نہیں ہوا ہے۔سڈنی میں ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز۱۸۸۲ء میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین ہوا تھا۔ ہندوستان نے۱۹۴۷ء میں آزادی حاصل کرنے کے بعد دسمبر میں سڈنی میں اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلا تھا۔ یہ میچ ڈرا رہا تھا۔اس کے بعد ہندوستان نے دوسرا میچ جنوری ۱۹۶۸ء میں سڈنی میں کھیلا تھا ، جسے آسٹریلیائی نے۱۴۴؍ رن سے جیتا ۔۱۰؍ سال بعد ۱۹۷۸ء میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں اننگز اور ۲؍ رن سے شکست دی تھی۔ جنوری۱۹۸۱ء میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو اننگز اور ۴؍ رن سے شکست دی۔ جنوری ۱۹۸۶ء میں دونوں ٹیموں کے مابین میچ ڈرا ہوا تھا۔ جنوری۱۹۹۲ء کا مقابلہ بھی ڈرا پر ختم ہواتھا۔ جنوری ۲۰۰۰ء کے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو اننگز اور۱۴۱؍ رن سے شکست دی تھی۔ جنوری۲۰۰۴ء میں کھیلا جانے والا میچ ڈرا پر ختم ہوا۔ لیکن جنوری۲۰۰۸ء میں آسٹریلیا نے ۱۲۲؍ رن سے مقابلہ جیتا۔ جنوری۲۰۱۲ء میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو اننگز اور۶۸؍ رن سے شکست دی۔جنوری۲۰۱۵ء کا میچ ڈرا پر ختم ہوا۔۱۹۔۲۰۱۸ء کے گزشتہ آسٹریلیائی دورے میں ہندوستان کے پاس جیتنے کا بہترین موقع تھا لیکن خراب روشنی اور آخری دن بارش نے ہندوستان کے ہاتھ سے یہ موقع چھین لیا۔ ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز چیتشور پجارا کے ۱۹۳؍ اور رشبھ پنت کے ناٹ آؤٹ ۱۵۹؍ رن کی بدولت ۷؍ وکٹوں پر۶۲۲؍رن بناکر ڈکلیئر کی تھی۔ سٹریلیائی ٹیم کی پہلی اننگز ۳۰۰؍ رن پر سمٹ گئی ۔ آسٹریلیا نے فالوآن کے بعد چوتھے روز دوسری اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے ۶؍ رن بنالئے تھے کہ لیکن سیشن کا کھیل خراب روشنی کی وجہ سے ممکن نہیں ہوسکا ۔ ۵؍ویں دن کا کھیل بارش کی نذر ہوگیا اور میچ ڈرا پر ختم ہوا۔ یہ سیریز کا چوتھا میچ تھا اور ہندوستان نے سیریز ایک ۔۲؍سے جیت لی۔ پجارا مین آف دی میچ اور سیریز بھی بنے تھے۔