ورون چکرورتی کی شاندارکارکردگی ،۵؍ وکٹ اپنے نام کئے، ٹیم انڈیا کا اب منگل کو آسٹریلیا کے ساتھ سیمی فائنل، نیوزی لینڈ کا جنوبی افریقہ سے مقابلہ ہوگا۔
EPAPER
Updated: March 03, 2025, 12:23 PM IST | Agency | Dubai
ورون چکرورتی کی شاندارکارکردگی ،۵؍ وکٹ اپنے نام کئے، ٹیم انڈیا کا اب منگل کو آسٹریلیا کے ساتھ سیمی فائنل، نیوزی لینڈ کا جنوبی افریقہ سے مقابلہ ہوگا۔
ہندوستان نے چمپئن ٹرافی میں اپنی ناقابل شکست مہم جاری رکھی۔ ٹیم نے اتوار کو نیوزی لینڈکو۴۴؍ رن سے شکست دی۔ اتوار کو نیوزی لینڈ کی ٹیم ۲۵۰؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں ۴۵ء۳؍اوورز میں ۲۰۵؍ رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ورون چکرورتی نے۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔ کلدیپ یادو نے۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ کین ولیمسن نے سب سے زیادہ ۸۱؍رن بنائے۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلےگیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی ٹیم کی بلے بازی متاثر کن نہیں رہی۔ ٹیم مقر رہ ۵۰؍ اوورز میں ۸؍ وکٹوں پر صرف ۲۴۹؍ رن بنا سکی۔ شریاس ایر نے ۷۹؍ رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے ۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان گروپ اے میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ یعنی ہندوستان کا سیمی فائنل میچ۴؍ مارچ کو اسی میدان پر آسٹریلیا کے خلاف ہوگا۔ جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
آئی سی سی چمپئن ٹرافی کے آخری گروپ میچ میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے ۲۵۰؍رن کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں کیویز ۲۰۵؍ رن پر ڈھیر ہوگئی۔ میٹ ہنری (پانچ وکٹ) اور دیگر گیند بازوں کے شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے چمپئن ٹرافی کے ۱۲؍ویں میچ میں اتوار کو ہندوستان کو ۲۴۹؍پر روک دیا۔
یہاں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے خراب شروعات کی، تیسرے اوور میں شبھمن گل (۲) کا وکٹ گنوا دیا۔ وہ میٹ ہنری کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ چھٹے اوور میں کائل جیمیسن نے ہندوستان کو دوسری کامیابی دلائی جب انہوں نے کپتان روہت شرما کو ۱۵؍ رن پر ول ینگ کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ اس کے بعد میٹ ہنری نے وراٹ کوہلی کو ۱۱؍ رن پر فلپس کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ ۳۰؍کے اسکور پر تین وکٹ گنوانے کے بعد ہندوستانی ٹیم کو شریس ایر اور اکشر پٹیل کی جوڑی نے سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کے لیے ۹۸؍رن کی شراکت ہوئی۔
۳۰؍ویں اوور میں راچن رویندر نے اکشر پٹیل کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو چوتھی کامیابی دلائی۔ اکشر پٹیل نے ۶۱؍گیندوں میں تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۲؍ رن کی اننگ کھیلی۔ شریس ایر، جو اچھی بیٹنگ کر رہے تھے، ۳۷؍ویں اوور میں ولیم اورورک کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ شریس ایر نے ۹۸؍گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ۷۹؍رن کی اہم اننگ کھیلی۔ مچل سینٹنر نے ۴۰؍ویں اوور میں کے ایل راہل (۲۳) کا وکٹ لیا۔ ۴۶؍ویں اوور میں میٹ ہنری نے رویندر جڈیجا کو ۱۶؍ رن پر آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو ساتویں کامیابی دلائی۔ میٹ ہنری نے ۵۰؍ ویں اوور میں ہاردک پانڈیا کو آؤٹ کیا۔ ہاردک پانڈیا نے ۴۵؍گیندوں میں چار چوکے اور دو چھکے لگا کر ۴۵؍رن کی شاندار اننگ کھیلی۔
محمد سمیع (پانچ) میٹ ہنری کا پانچواں شکار بنے۔ نیوزی لینڈ کے شاندار بالنگ اٹیک کے سامنے ہندوستان مقررہ ۵۰؍اوور میں ۹؍وکٹ پر ۲۴۹؍رن ہی بنا سکا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے پانچ وکٹ حاصل کیے۔ کائل جیمیسن، ولیم او رورک، مچل سینٹنر اور راچن رویندرا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔