• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان نے آسٹریلیا کے دورے کا آغاز شکست کے ساتھ کیا

Updated: May 19, 2023, 3:28 PM IST | Adelaide

خاتون ہاکی ٹیم کو میزبان ٹیم نے ۲؍کے مقابلے ۴؍گول سے ہرادیا،سنگیتا کماری اور شرمیلا دیوی نے ایک ایک گول کیا

Indian women`s hockey team faces defeat in first match (file photo)
ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کو پہلے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا(فائل فوٹو)

 ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کو جمعرات کو یہاں اپنے افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ۲۔۴؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ہندوستان کی جانب سے سنگیتا کماری (۲۹؍ویں منٹ) اور شرمیلا دیوی (۴۰؍ویں منٹ) نے ایک ایک گول کیا جبکہ آسٹریلیا نے آئسلنگ اتری (۲۱؍ویں منٹ)، میڈی فٹزپیٹرک (۲۷؍ویں منٹ)، ایلیس آرنٹ (۳۲؍ویں منٹ) اور کورٹنی شونیل (۳۵؍ویں منٹ) کے گولوں سے جیت درج کی۔
 آسٹریلیائی خواتین مقابلہ شروع ہوتے ہی اچھی فارم میں تھیں اور پہلے کوارٹر میں ہندوستان پر غلبہ حاصل کر گئیں۔ میزبان ٹیم نے ابتدائی ۱۵؍ منٹ میں کئی بار مہمانوں کے دفاع کا تجربہ کیا۔ آسٹریلیا نے کھیل کے ابتدائی کوارٹر میں ۳؍ پنالٹی کارنر بھی جیتے لیکن ہندوستانی ٹیم کی کپتان اور گول کیپر سویتا کے ساتھ ساتھ دفاعی لائن کی بے مثال کوششوں کی وجہ سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا۔
 دوسرے کوارٹر میں آسٹریلیا کے حملہ آور کھیل کا نتیجہ نکلا جس میں آئسلنگ اور میڈی نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ آئسلنگ نے ابیگیل ولسن کے کراس سے فیلڈ گول کیا جبکہ میڈی نے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل کر میزبان ٹیم کی برتری کو دُگنا کر دیا۔۲؍ گول سے پیچھے رہنے والے ہندوستان نے جارحانہ انداز اپنایا اور ۲۹؍ویں منٹ میں ہی سنگیتا نے نکی پردھان کی مدد سے مہمان ٹیم کا کھاتہ کھول دیا۔ ایلس اور کورٹنی نے تیسرے کوارٹر کے پہلے ۵؍ منٹ میں آسٹریلیا کی برتری کو ایک چار تک بڑھا دیا۔ شرمیلا نے میچ کے ۴۰؍ویں منٹ میں ہندوستان کے لئے ایک گول کیا حالانکہ یہ ٹیم کی جیت کے لئےکافی نہیں تھا۔
 آخری کوارٹر میں دونوں ٹیمیں گول کرنے کے قریب آئیں لیکن کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور فتح آسٹریلیا کے حصے میں آئی۔ہندوستانی اور آسٹریلیائی خواتین سنیچر کو دوسرے میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK