• Thu, 26 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان ٹی ۲۰؍ کا عالمی چمپئن

Updated: June 29, 2024, 11:55 PM IST | Barbados

آخری اوور تک جاری رہنے والے سنسنی خیز میچ میں ٹیم انڈیا نے ۷؍رن سے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کا فائنل جیت لیا۔ جنوبی افریقہ کا چمپئن بننے کا خواب ٹوٹ گیا ۔ وراٹ کوہلی کی نصف سنچری ۔ ہاردک پانڈیا نے ۳؍وکٹ لئے

Virat Kohli. Photo:PTI
وراٹ کوہلی۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

سنیچر کو ٹی ۲۰؍عالمی کپ کے فائنل میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو ۷؍رن سے شکست دے کر خطاب پر قبضہ کرلیا۔ ہندوستان نے وراٹ کوہلی کی نصف سنچری کی بدولت ۲۰؍ اوور میں ۷؍وکٹ ۱۷۶؍ بنائے ،جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ۲۰؍ اوور میں ۸؍وکٹ پر ۱۶۹؍رن بنائے۔ ٹیم انڈیا نے ۷؍رن سے کامیابی حاصل کرلی اور ۲۰۰۷ء کے بعد ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ پر قبضہ کیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال ہندوستان کو یکروزہ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ 
۱۷۷؍رن کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کو جدوجہد کرنی پڑی۔ اس کی شروعات اچھی نہیں ہوئی اور اوپننگ بلے باز ریزا ہینڈرکس اور کپتان ایڈین مارکرم ۴۔۴؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد کوئٹن ڈی کاک اور ٹرسٹن اسٹبس نے اننگز کو سنبھالا ۔ یہ دونوں بھی ٹیم کے رن کی رفتار کو آگے بڑھانے میں ناکام  رہے۔ ڈی کاک ۳۹؍رن اور ٹرسٹن ۳۱؍رن بنانے کے بعدآؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ہینرک کلاسین اور ڈیوڈ ملر نے ٹیم کوفتح کی منزل تک پہنچانے کی کوشش کی۔ لیکن کلاسین ۵۲؍رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔  اس کے بعد ڈیوڈ ملر بھی ۲۱؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ آخری اوور میں جنوبی افریقہ کو ۶؍گیندوں پر ۱۶؍رن چاہئے تھا۔ تاہم اس کے لوور آرڈر بلے باز کچھ خاص نہیں کرسکے۔ آخری اوور میں مقابلہ بہت قریبی ہوگیا تھااور اسٹیڈیم میں ہندوستانی شائقین کی آواز بلند ہوگئی تھی۔ میچ کی آخری ۲؍ گیندوں پر جنوبی افریقہ کو ۱۰؍ درکار تھے۔ ایک گیند پر جنوبی افریقہ کو ۹؍درکار تھے لیکن اس کے بلے باز یہ رن بنانے میں ناکام رہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم ۸؍وکٹ پر ۱۶۹؍رن ہی بنا سکی۔ ہندوستان نے یہ میچ ۷؍رن سے جیت لیا۔   ہندوستان کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے ۳؍وکٹ لئے ، ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بمراہ نے ۲۔۲؍وکٹ لئے۔ اکشر پٹیل کو ایک وکٹ ملا۔ 
اس سے قبل ہندوستان نے سنیچر کو یہاں ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ اس میچ میں وراٹ کوہلی کا بلہ گرجا اور انہوں نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۴ء کے ٹورنامنٹ میں پہلی نصف سنچری بنائی۔ ہندوستانی ٹیم نے کاپی پرنٹ میں جانے تک اپنی  اننگز میں ۲۰؍اوور میں ۷؍وکٹ کے نقصان پر ۱۷۶؍رن بنالئے تھے۔  
ہندوستان کا آغاز اچھا نہیں ہواتھا۔ اس نے  سب سے پہلے  ۲۳؍رن کے اسکور پر روہت شرما کا وکٹ گنوا دیا۔ وہ ۹؍رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد رشبھ پنت بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ٹی ۲۰؍ کے ہٹر بلے باز سوریہ کمار یادو بھی ۳؍رن کے ذاتی اسکورپر پویلین لوٹ گئے۔ ہندوستان نے ۳۴؍ رن کے اسکورپر اپنے ۳؍وکٹ گنوا دیئے تھے۔ اس کے بعد وراٹ کوہلی اور اکشر پٹیل نے اننگز کو سنبھالا  اور رنوں کی رفتار کو آگے  بڑھایا۔ حالانکہ اکشر پٹیل بھی نصف سنچری بنانے سے محروم رہے اور  ۴۷؍ رن کے نجی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ وہ کوئنٹن ڈی کاک کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ انہوںنے ۳۱؍گیندوں پر ایک چوکے اور ۴؍چھکوں کی مدد سے ۴۷؍رن  بنائے۔ اس کے بعد شیوم دوبے اور وراٹ کوہلی نے رنوں کی رفتار کو آگے بڑھایا۔ اس دوران وراٹ کوہلی نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ۱۹؍ویں اوور میں جینسن کا شکار ہوگئے۔ وراٹ کوہلی نے آؤٹ ہونے سے قبل ۵۹؍ گیندوں پر ۶؍چوکوں اور ۲؍چھکوں کی مدد سے ۷۶؍ رن کا تعاون کیا۔ شیوم دوبے بھی آخر میں ۲۷؍رن کے نجی اسکور پر آؤٹ ہوگئے ۔رویندر جڈیجا نے ۲؍رن بنائے اور آؤٹ ہوگئے۔ ہاردک پانڈیا ناٹ آؤٹ کریز پر موجودتھے اور انہوں نے ۵؍ رن بنائے۔ہندوستان نے ۲۰؍ اوور میں ۷؍وکٹ کے نقصان پر ۱۷۶؍رن بنائے اور جنوبی افریقہ کے سامنے ۱۷۷؍رن کا مشکل ہدف رکھا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور اینرک نورتجے نے ۲۔۲؍وکٹ لئے۔ مارکو جینسن اور کگیسو ربادا کو ایک ایک وکٹ ملا ۔ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK