بنگلورو میں ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ہندوستانی ٹیم کو ۳۶؍برس کے بعد اس کے ہی میدان پر شکست دی۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن بھی حاصل کی۔
EPAPER
Updated: October 21, 2024, 11:52 AM IST | Dubai
بنگلورو میں ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ہندوستانی ٹیم کو ۳۶؍برس کے بعد اس کے ہی میدان پر شکست دی۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن بھی حاصل کی۔
ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہندوستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کی ۸؍ وکٹ سے جیت نے جاری ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل میں کچھ بڑی تبدیلیاں لائی ہیں۔ ڈبلیو ٹی سی اسٹینڈنگ کے تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق ہندوستان اب بھی سرفہرست ہے، لیکن بنگلورو میں شکست نے دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیا پر ان کی برتری کو کم کر دیا ہے۔ بنگلورو میں نیوزی لینڈ کے خلاف ۸؍ وکٹ سے شکست کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی دوڑ دلچسپ ہو گئی ہے۔ ہندوستان کے اب تک۶۸ء۰۶؍ فیصد پوائنٹس ہیں اور اسے اس میں بہتری لانے کے لئے نیوزی لینڈ کے خلاف پونے اور ممبئی میں مزید دو ٹیسٹ کھیلنے ہیں۔
اس سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ۵؍ میچوں کی سیریز کھیلی جانی ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کی درجہ بندی میں آسٹریلیا(۶۲ء۵۰؍ فیصد) اور سری لنکا(۵۵ء۵۶؍فیصد) بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبرپر ہے۔ ہندوستان کے اس وقت ۶۸ء۰۶؍ فیصد پوائنٹس ہیں اور موجودہ ڈبلیو ٹی سی میں ۷؍میچ باقی ہیں جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ۲؍ ٹیسٹ اور آسٹریلیا کے خلاف ۵؍ ٹیسٹ میچ باقی ہیں۔ ہندوستان کو اپنے طور پر فائنل میں پہنچنے کے لئے اگلے ۷؍ میں سے ۴؍ میچ جیتنے ہوں گے۔ اگر جنوبی افریقہ اپنے باقی تمام ۶؍ ٹیسٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ۶۹ء۴۴؍فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔ دوسری جانب ۲۰۲۱ء کی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن نیوزی لینڈ کی ٹیم چھٹے نمبر سے چوتھے نمبر پر پہنچ گئی۔ اس ٹیم نے انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے۴۴ء۴۴؍ فیصد نمبرس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔
کپتان روہت شرما نے سرفراز خان کی تعریف کی
ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد شبھمن گل کے مستقبل کے بارے میں بات چیت کی۔ سرفراز خان کو شبھمن کی جگہ پلیئنگ۱۱؍ میں جگہ دی گئی۔ سرفرازخان نے۱۵۰؍ رن بنا کر سب کو حیران کر دیا۔ پریس کانفرنس کے دوران اس نوجوان بلے باز کی تعریف کرتے ہوئے روہت نے کہا کہ ایسا لگتا تھا کہ ایک وقت میں ہم میچ میں آگے تھے۔ ہمیں ایسا محسوس نہیں ہوا کہ ہم۳۵۰؍رن سے پیچھے ہیں اور یہ وہ چیز ہے جس پر مجھے واقعی فخر ہے۔ یہ بدقسمتی تھی کہ شبھمن اس میچ سے محروم رہے۔ سرفراز نے اس موقع کا فائدہ اٹھایا اور۱۰۰؍ رن بنائے۔ یہ ٹیم کے لئے ایک اچھی علامت ہے۔ روہت نے کہا کہ گل اس وقت بالکل ٹھیک محسوس کر رہے ہیں اور دوسرے ٹیسٹ کیلئے ان کی دستیابی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ روہت نے کہا کہ ٹیم دوسری اننگز میں ۹۹؍ رن بنانے والے رشبھ پنت کے ساتھ محتاط ہے کیونکہ وکٹ کیپر بلے باز اب بھی اپنے کھیل میں سرفہرست ہیں۔ پنت کو گھٹنے میں چوٹ لگی تھی اور وہ تیسرے دن میدان سے باہر تھے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی پیر کا بڑا آپریشن ہوا ہے۔ ہمیں بس تھوڑا محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ جب وہ بیٹنگ کر رہے تھے تب بھی آرام سے نہیں چل رہے تھے۔ ہمیں صرف زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ ان کے گھٹنے کی بڑی سرجری ہوئی ہے۔
بنگلور ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو ۸؍وکٹ سے مات دی
راچن رویندر کی شاندار بلے بازی اور گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان کو ۸؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ سنیچرکو ہندوستان کو۴۶۲؍ رن پرسمیٹنے کے بعد نیوزی لینڈ کو۱۰۷؍ رن کا ہدف ملا۔ خراب روشنی کے باعث شام کو مزید کھیل نہیں ہو سکا تھا۔
اتوار کی صبح کے سیشن میں ہندوستانی تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے ٹام لاتھم (صفر) اور پھر ڈیون کونوے (۱۷؍رن) کو آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کو میچ میں لوٹنے کی امید دلائی تھی لیکن اس کے بعد بلے بازی کیلئے آنے والے ول ینگ اور راچن رویندر نے تحمل سے بلے بازی کی اور اپنی ٹیم کو فاتح بنایا۔ ول ینگ ( ناٹ آؤٹ۴۸؍رن ) اور راچن رویندر نے ۳۹؍رن کی اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ نے۲۷ء۴؍ اوورس میں ۲؍ وکٹوں پر۱۱۰؍ رن بنائے اور ۸؍ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔
اس سے قبل سرفراز خان اور رشبھ پنت کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں ۴۶۲؍ رن بنا کر شاندار واپسی کی تھی۔ سرفراز نے ذمہ دارانہ اور محتاط انداز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور شاندار۱۵۰؍رن بنائےجبکہ رشبھ پنت نے جارحانہ انداز میں ۹۹؍ رن بناکر ناظرین کو پر جوش کیا لیکن وہ سنچری سے محروم رہے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان ۱۷۷؍ رن کی شراکت ہوئی۔