• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج سے ہندوستان اور بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز کا آغاز

Updated: September 19, 2024, 11:04 AM IST | Chennai

ہندوستانی ٹیم طویل وقفے کے بعد میدان پر لوٹے گی۔ روہت شرما اور وراٹ کوہلی سے بڑی اننگز کی توقع۔ بنگلہ دیش بھی ٹیسٹ کیلئے پُر اعتماد۔

Indian batsmen practicing. Photo: INN.
ہندوستانی بلے باز پریکٹس کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این۔

ہندوستان کی نظریں گھریلو سرزمین پر اپنا دبدبہ برقرار رکھنے اور بنگلہ دیش کے خلاف یہاں شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز جیت کر ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ(ڈبلیو ٹی سی ) ٹیبل پر اپنی سرفہرست پوزیشن کو مستحکم کرنے پر ہوں گی۔ جمعرات کو ہندوستانی بلے بازوں کو اسپن کے خلاف اپنی کارکردگی کو بہتر کرنا ہوگا۔ بنگلہ دیش کا چیلنج بھی مضبوط ہوگا جو حال ہی میں پاکستان کو ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ۰۔ ۲؍سے شکست دینے کے بعد ہندوستان آیا ہے۔ ہندوستان۱۰؍ ٹیسٹ سیزن کی مثبت شروعات کرنا چاہے گا تاکہ وہ ڈبلیو ٹی سی فائنل کیلئے اپنا دعویٰ مضبوط کر سکے۔ 
ہندوستان کا گزشتہ ایک دہائی میں گھریلو سرزمین پر جیت ہار کا ریکارڈ بے مثال رہا ہےلیکن گزشتہ ۳؍برسوں میں کچھ کمزوریاں سامنے آئی ہیں، خاص طور پر اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کے معاملے میں۔ کوہلی نے۲۰۱۵ء سے گھر پر ہندوستان کی شاندار کارکردگی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور تمام گیند بازوں کے خلاف رن بنائے ہیں لیکن ۲۰۲۱ء سے اسپن کے خلاف ان کی کارکردگی کمزور نظر آ رہی ہے۔ اس دوران۱۵؍ٹیسٹ میں ان کا اوسط۳۰؍ رہا۔ یہ ایک بلے بازکی شکل میں کوہلی کی غیر معمولی خصوصیات کے خلاف نہیں ہے لیکن یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں چمپئن کرکٹر یقینی طور پر خود کو بہتر کرنا چاہیں گے۔ کپتان روہت شرما خاص طور پر۲۰۱۷ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف اوپننگ بلے باز کی ذمہ داری ملنے کے بعد اسپن کے خلاف اچھا کھیلنے میں کامیاب رہے ہیں۔ انہوں نے اسپنرس کے خلاف۹۰؍ سے زیادہ کے اوسط سے رن بنائے ہیں لیکن۲۰۲۱ء کے بعد سے اسپنرس کیخلاف بھی ان کی کارکردگی میں کمی آئی ہے اور وہ ۱۵؍ میچوں میں ۴۴؍ کے اوسط سے رن بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ روہت نے کے ایل راہل کو تیز گیند بازوں اور اسپن کے خلاف یکساں طور پر موثر بتایا ہے لیکن اعداد و شمار کچھ اور ہی بتاتے ہیں۔ 
پچھلے ۳؍برسوں میں راہل نے گھر پر ۵؍ ٹیسٹ کھیلے اور اسپنرس کے خلاف دائیں ہاتھ کے بلے باز کا اوسط صرف۲۳ء۴۰؍ تھا۔ مجموعی طور پر ان اعداد و شمار کو کم ہوتی ہوئی مہارتوں کی علامت کے طور پر دیکھا جانا چاہیے اور شاید اسپن کھیلنے کے فن پر دوبارہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ٹیم انڈیا کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشیٹ نے سری لنکا کے خلاف ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز میں ہندوستان کی ۰۔ ۲؍سے شکست کے بعد اس مسئلے کو اجاگر کیا تھا۔ تاہم رشبھ پنت، شبھمن گل اور یشسوی جیسوال نے اسپنرس کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جیسوال اور گل نے اس سال کے شروع میں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں زیادہ رن بنائے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK