• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

روہت نے کیپ ٹاؤن میں ملی جیت کوخاص قراردیا

Updated: January 06, 2024, 11:29 AM IST | Agency | Cape Town

ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ نیولینڈس میں ملی فتح اس لئے خاص ہے کیوںکہ یہاں اب تک کوئی ایشیائی ٹیم جیت حاصل نہیں کر سکی تھی۔

Rohit Sharma. Photo: INN
روہت شرما۔ تصویر : آئی این این

ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ کیپ ٹاؤن میں جیت ہماری بہترین ٹیسٹ میچ جیت میں سے ایک ہے۔ انہوں نے جسپریت بمراہ اور محمد سراج کے بولنگ اٹیک کی تعریف کی۔ ہندستان کی ۷؍ وکٹوں سے جیت کے بعد روہت نے کہاکہ ’’یہ ہماری بہترین ٹیسٹ میچ جیت میں سے ایک ہے۔ یہ دیگر ٹیسٹ فتوحات کے مقابلے کافی خاص ہے کیونکہ اس سے پہلے کسی ایشیائی ٹیم نے کیپ ٹاؤن میں ٹیسٹ نہیں جیتا ہے۔ہر ٹیسٹ میچ کی اپنی اہمیت ہے اور ان کا موازنہ کرنا بہت مشکل ہے۔ گابا میں ہم نے جو ٹیسٹ میچ جیتا تھاوہ بھی بہت خاص تھا۔ اس سے پہلے اُس گراؤنڈ پر آسٹریلیا کو ہرانا بہت مشکل تھا۔ آخری بار انہیں ۱۹۸۸ء میں ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔۳۲؍سال کے بعد ہم نے وہاں ٹیسٹ میچ جیتا۔ یہ ایک طرح سے ان کا قلعہ بن گیا تھا۔ وہ وہاں کبھی ٹیسٹ میچ نہیں ہارتے۔
 انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح سے ہم نے وہ ٹیسٹ میچ جیتا وہ بہت اہم تھا۔ ہم اس سیریز میں ایک صفرسے پیچھے تھے۔ اس کے بعد ہم نے میلبورن میں کامیابی حاصل کی اور پھر ہم نے سڈنی میں ٹیسٹ میچ ڈرا کیا۔ پھر آخرکار برسبین گابامیں جیت گئے۔
 انہوں نے مزید کہا کہ یہ سچ ہے کہ ہم ٹیسٹ جیت کا موازنہ نہیں کر سکتے لیکن کیپ ٹاؤن میں جیت بہت خاص ہے کیونکہ ہم نے یہاں پہلے کبھی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا تھا۔ہمیں معلوم تھا کہ یہ زیادہ اسکور کرنے والا میچ نہیں ہوگا۔ اس وجہ سے ہم اپنی بولنگ میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا چاہتے تھے۔ ہم بہت زیادہ تجربہ نہ کرکے چیزوں کو آسان رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ایک بار جب ہم نے انہیں ۵۵؍رنوں پر آل آؤٹ کیا تو ہم نے بلے بازوں سے بات کی اور انہیں بتایا کہ ہمیں اس میچ میں چھوٹی شراکت کی ضرورت ہے۔ سچ پوچھیں تو ٹاپ ۴؍ یا ۵؍ بلے بازوں نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا۔ ہمیں معلوم تھا کہ پہلی اننگز کی برتری یہاں اہم ثابت ہوگی۔
ریٹنگ کے دہرے معیار پرتنقید
 ہندوستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ وہ محسوس کرتے ہیں کہ آئی سی سی اور میچ ریفری جب کسی بھی پچ کی ریٹنگ کی بات کرتے ہیں تو یکساں معیار استعمال نہیں کرتے۔ ٹیسٹ کی تاریخ کا مختصر ترین ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد ہندوستانی کپتان نے ہندوستان کی پچوں کے بارے میں بات کی، جنہیں اکثر اوسط یا اس سے کم ریٹنگ دی جاتی ہے۔روہت نے میچ ریفری اور پچھلے سال ہندوستان میں منعقدہ ورلڈ کپ کے دوران پچوں کو دی گئی کچھ ریٹنگ کو بھی نشانہ بنایا۔ روہت نے کہا’’میرے خیال میں یہ ضروری ہے کہ ہم جہاں بھی جائیں غیر جانبدار رہیں ۔ خاص طور پر میچ ریفریز کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے۔ کچھ میچ ریفریوں کو اس بات پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ پچوں کو کس طرح جج کرتے ہیں ، ریٹنگ کیسے دیں ، یہ کھیل کا ایک اہم حصہ ہے۔‘‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’اسی لئے مجھے امید ہے کہ وہ اپنی آنکھیں اور کان کھلے رکھیں گے اور کھیل کے تمام پہلوؤں پر توجہ دیں گے۔ سچ پوچھیں تو میں ایسی پچوں کے حق میں ہوں ۔ ہم ایسی پچوں پر کھیل سکتے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK