• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان کی خواتین ٹیم نے بنگلہ دیش کو ہراکر سیریز برابر کی

Updated: July 20, 2023, 12:02 PM IST | Mirapur

ہندوستانی ٹیم نے دوسرا یکروزہ میچ ۱۰۸؍رن سے جیت لیا۔ جمائما راڈریگیز نے شاندار بلے بازی کی

Jemimah Rodrigues. Photo : INN
جمائما راڈریگیز۔ تصویر : آئی این این

 جمائما راڈریگیز (۸۶؍ رن، ۴؍ وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی اور دیویکا ویدیا (۳؍ وکٹ) کی قاتلانہ گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو خواتین کے دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش کو۱۰۸؍رن سے شکست دے کر سیریز۱۔۱؍ سے برابر کردیا۔
 جمائمااور ہرمن پریت کور (۵۲؍ رن) کی نصف سنچریو ں نے ہندوستان کو۵۰؍ اوورس میں۲۲۸؍رن تک پہنچا دیا۔ جواب میں میزبان بنگلہ دیش کی ٹیم ۱۲۰؍رن  پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہندوستان کی اس زبردست جیت کے بعد ون ڈے سیریز برابر ہے اور چمپئن کا فیصلہ سنیچر کو تیسرے ون ڈے کے بعد ہوگا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم جس نے پچھلے میچ میں ہندوستان کو دنگ کر دیا تھا، ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، حالانکہ اس بار ہندوستانی بلے باز زیادہ حوصلہ کے ساتھ کھیلتے نظر آئے۔
 معروفہ اختر نے پریا پونیا کو بولڈ کیا جبکہ یاستیکا بھاٹیہ رن آؤٹ ہوئیں لیکن اسمرتی مندھانا ایک سرے پر کھڑی تھیں۔ مندھانا نے ابتدائی اوورس میں مشکلات پر قابو پاتے ہوئے ۵۸؍ گیندوں پر۳۶؍ رن بنائے جس میں ۴؍ چوکے شامل تھے۔ اننگز کے۲۲؍ ویں اوور میں مندھانا کا وکٹ گرنے کے بعد ہرمن پریت اور جمائما نے ذمہ داری سنبھالی۔ ہرمن پریت اور جمائما کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے۷۳؍ رن  کی شراکت ہوئی جس کے بعد ہرمن پریت کو ہاتھ کی چوٹ کے باعث میدان چھوڑنا پڑا۔ ہرمن پریت اننگز کے اختتام سے قبل ہی میدان میں واپس آئیں تاہم واپسی پر وہ زیادہ رن نہ بنا سکیں اور۸۸؍ گیندوں پر۵۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں۔ ہرمن پریت کی صبر آزما اننگز میں ۳؍ چوکے شامل تھے۔
 جمائما اور ہرلین دیول (۳۶؍ گیندوں، ۲۵؍ رن) نے ہرمن پریت کے میدان میں واپس آنے سے قبل۵۸؍ رن کی شراکت کی۔ آخری ۴؍ اوورس میں ہندوستان نے تیزی سے  رن  اکٹھے کرنے کی کوشش میں ۴؍ وکٹ گنوائیں، حالانکہ ٹیم نے۲۲۸؍رن کے چیلنجنگ اسکور تک پہنچا دیا۔ بنگلہ دیش کیلئے  اس اسکور تک پہنچنا ناممکن ثابت ہوا۔ میزبان ٹیم پاور پلے میں ۲؍ وکٹوں کے نقصان پر۲۲؍ رن ہی بنا سکی۔ پاور پلے کے بعد بھی ہندوستان نے دباؤ ڈالنا جاری رکھا اور اسنیہ رانا نے لتا منڈل کو صرف ۹؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ بنگلہ دیش کے لیے صرف فرغانہ حق اور ریتو مونی ہی بامعنی کارکردگی دکھا سکیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK