• Tue, 19 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پیرالمپکس میں ہندوستان نے پہلی بار۲۹؍ تمغے جیتے

Updated: September 09, 2024, 4:23 PM IST | Agency | Paris

ہندوستان نے۷؍گولڈ میڈل پر قبضہ کیا۔ سب سے زیادہ تمغےایتھلیٹ کے کھاتے میں آئے ۔ٹوکیو پیرالمپکس کا ریکارڈ توڑا۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

ہندوستان نے پیرس پیرالمپکس۲۰۲۴ءمیں تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ۷؍ گولڈ سمیت۲۹؍ تمغے جیت کر اپنے سفر کا اختتام کیا۔ ۱۰؍ویں دن، ۷؍ ستمبر بروز سنیچر ملک کو۳؍ تمغے ملے۔ گیمز کی اختتامی تقریب اتوارکو ہندوستانی وقت کے مطابق دیر رات ساڑھے ۱۱؍بجے شروع ہونے والی تھی۔ 
 ہندوستان تمغوں کی تعداد میں ۱۸؍ویں نمبر پر رہا۔ ملک نے۷؍ طلائی، ۹؍ چاندی اور۱۳؍ کانسہ کے تمغے جیتے۔ یہ ہندوستان کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے، اس سے پہلے ملک نے ٹوکیو میں ۵؍ گولڈ سمیت۱۹؍ تمغے جیتے تھے۔ 
 گزشتہ روز ہندوستان کے جیولین پھینکنے والے نودیپ نے مردوں کے ایف۴۱؍ زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا، حالانکہ نودیپ کو ایرانی ایتھلیٹ بیت سیاح صادق کی نااہلی کے بعد سونے کا تمغہ دیا گیا۔ نودیپ کے علاوہ سمرن نے خواتین کے ٹی ۲۰؍ زمرے میں ۲۰۰؍ میٹر کی دوڑ میں ایک کانسہ کا تمغہ جیتا اور ناگالینڈ کے ہوکاٹو سیما نے مردوں کے شاٹ پٹ میں ایک کانسہ کا تمغہ جیتاتھا۔ خیال رہے کہ وہ ۲۲؍ سال قبل ایک دہشت گردانہ حملے میں اپنی بائیں ٹانگ سے محروم ہو گئے تھے۔ 
ایتھلیٹکس میں زیادہ سے زیادہ۱۷؍ تمغے
  ہندوستان نے ٹوکیو میں ۱۹؍ تمغے جیتے تھے، اس بار صرف ایتھلیٹکس میں ۱۷؍ تمغے جیتے ہیں۔ ایتھلیٹس نے۴؍ طلائی، ۶؍ چاندی اور ۷؍ کانسہ کے تمغے جیتے جبکہ بیڈمنٹن دوسرا بہترین کھیل تھا، اس میں ہندوستان نے ایک گولڈ، ۲؍ سلور اور۲؍ برونز میڈل حاصل کئے۔ 
 ہندوستان کو پہلی بار پیرا آرچری میں گولڈ میڈل ملا، ہرویندر سنگھ نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ راکیش کمار اور شیتل دیوی کی جوڑی نے تیر اندازی میں کانسہ کا تمغہ بھی جیتا تھا۔ شوٹنگ میں ایک گولڈ، ایک سلور اور۲؍ برونز میڈل حاصل کئے۔ ان کے علاوہ جوڈو میں پہلی بار کانسہ کا تمغہ ملا۔ 
ہندوستان کیلئے آخری دن کیسا رہا 
  ایرانی کھلاڑی کی نااہلی کے بعد نودیپ نے سونے کا تمغہ مردوں کےایف ۴۱؍ زمرے کے فائنل میں جیتا۔ خیال رہے کہ نودیپ نے اپنی تیسری کوشش میں ۴۷ء۳۲؍ میٹر کا بہترین تھرو کیا۔ یہ پیرا لمپک ریکارڈ رہا لیکن پھر ایران کے صادق نے اپنی ۵؍ویں کوشش میں ۴۷ء۶۴؍ میٹر کا بہترین تھروکیا۔ 
   سمرن نے خواتین کی ٹی ۲۰؍ کیٹیگری میں ۲۰۰؍ میٹر میں کامیابی حاصل کی، آخر کار ہندوستان کی سمرن نے۲۰۰؍ میٹر کی دوڑ میں کانسہ کا تمغہ اپنے نام کیا۔ سمرن۱۰۰؍ میٹر کی دوڑ میں تمغہ جیتنے سے محروم رہی تھیں۔ ۴؍ کھلاڑیوں کے فائنل میں انہوں نے۲۴ء۷۵؍ میٹر کے وقت کے ساتھ ریس مکمل کی۔ کیوبا کی کھلاڑی نے طلائی تمغہ جیتا اور وینزویلا کی کھلاڑی نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ٹی۱۲؍ کیٹیگری میں ایسے کھلاڑی شامل ہیں جن کو بینائی کے مسائل ہیں۔ اس لئے ٹریک ایونٹس میں ایک گائیڈ بھی ان کے ساتھ چلتا ہے۔ 
 خواتین کے سی وَن۔ تھری کیٹیگری کے روڈ سائیکلنگ ایونٹ میں ۶؍ کھلاڑی میڈل نہیں جیت سکیں۔ وہ ۱۵؍ویں نمبر پر تھیں۔ مینز روڈ سائیکلنگ ایونٹ میں ارشد شیخ بھی ریس مکمل نہ کر سکے، وہ۲۸؍ویں نمبر پر رہے۔ ہندوستان کے سویاش جادھو مردوں کے۵۰؍ میٹر بٹر فلائی ایس ۷؍ زمرے میں پانچویں نمبر پر رہے۔ 
 وی ۲؍زمرہ کے خواتین کی۲۰۰؍ میٹر کی پیرا کینوئنگ فائنل میں ہندوستان کی پراچی یادو ۸؍ویں نمبر پر رہیں۔ انہوں نے ریس ۰۸ء۵۵:۱؍ منٹ میں مکمل کی۔ یش کمار مردوں کے کے ایل وَن زمرے کے۲۰۰؍ میٹر کینو اسپرنٹ سیمی فائنل میں  ۵؍ویں نمبر پر رہے۔ وہ فائنل میں جگہ نہیں بنا سکے۔ دلیپ مہدو مردوں کی ۴۰۰؍ میٹر میں تمغہ جیتنے سے محروم رہے۔ 
   ہندوستانی کھلاڑی پوجا اوجھا پیرس پیرالمپکس کے آخری دن اتوار کو منعقدہ پیراکینو خواتین کے ۲۰۰؍ میٹر سنگلز کے ایل۔ وَن ایونٹ کے سیمی فائنل میں چوتھے نمبر پر رہیں اور فائنل میں جگہ بنانے سے محروم رہیں۔ اتوار کوپیرس میں منعقدہ مقابلے میں پوجا نے سخت کوشش کرنے کے باوجود بالآخر۱۷ء۲۳:۱؍ کے وقت کے ساتھ سیمی فائنل میں چوتھی پوزیشن پر رہیں۔ اس کے ساتھ ہی پیرس پیرا لمپکس ۲۰۲۴ء میں ہندوستان کی مہم ختم ہوگئی۔ خیال رہے کہ پیرس پیرالمپکس میں ہندوستان نے ٹوکیو پیرالمپکس ۲۰۲۰ء کے ۱۹؍ تمغوں کا ریکارڈ توڑتے ہوئے مجموعی طورپر ۲۹؍ تمغے اپنے نام کئے۔ چند نے بہت اچھا مظاہرہ کیا اور گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK