• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستان نے گھرپر ۱۸؍ویں ٹیسٹ سیریز جیتی

Updated: October 02, 2024, 10:58 AM IST | Agency | Kanpur

ٹیم انڈیا نے کانپور ٹیسٹ ۷؍وکٹ سے جیت کر بنگلہ دیش کو سیریز میں کلین سویپ کیا۔ آر اشون مین آف دی سیریز رہے۔

Team India. Photo: INN
ٹیم انڈیا۔ تصویر : آئی این این

مثبت سوچ اور جارحانہ انداز کی بدولت ہندوستان نے  بارش کی وجہ سے متاثر ٹیسٹ میچ میں منگل کو مہمان بنگلہ دیش کو۷؍ وکٹ  سے شکست دے کر۲؍ میچوں کی سیریز ۰۔۲؍ سے جیت لی۔ یہ گھر پر ہندوستان کی لگاتار ۱۸؍ویں جیت ہے جبکہ ٹیم انڈیا کی ۸؍ویں جیت کانپور میں درج کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن  شپ کے فائنل کیلئےاپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے۔
پہلی اننگز  ۷۱؍رن  اور دوسری اننگز ۵۱؍ رن کی شاندار اننگز کھیلنے والے یشسوی جیسوال کو پلیئر آف دی میچ کا خطاب دیا گیا۔ سیریز میں ۱۱۴؍ رن دے کر۱۱؍ وکٹ لینے والے روی چندرن اشون سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
ہندوستان نے یہ میچ صرف ۵۲؍اوور کھیلنے کے بعد جیتا، اس طرح یہ اوورس کے لحاظ سے میزبان ٹیم کی اب تک کی دوسری سب سے بڑی جیت ہے۔ ٹیسٹ میچ میں بارش کے باعث پہلے دن صرف ۳۵؍ اوور کروائے جا سکے تھے جبکہ دوسرے اور تیسرے دن کا کھیل بارش اور گیلے میدان کے باعث منسوخ کرنا پڑا۔ باقی دو دنوں میں نتیجہ کی امیدیں دم توڑ چکی تھی لیکن کپتان روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتری اور بنگلہ دیش کی پہلی اننگز ۷۴ء۲؍ اوورس میں ۲۳۳؍ رن  پر سمیٹ دی۔ اس کے بعد ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز طوفانی انداز میں کیا اور صرف۳۴ء۴؍  اوورس میں ۹؍ وکٹ پر ۲۸۵؍ رن بنانے کے بعد اننگز ڈکلیئر کر دی، جس کی وجہ سے مہمان ٹیم کو چوتھے دن ہی دوسری اننگز کیلئے  میدان میں اترنا پڑا۔ ادھر ہندوستان کے اسٹار اسپنر روی چندرن اشون نے بنگلہ دیش کی اوپننگ جوڑی کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھ دی۔
  منگل کو میچ کے پانچویں اور آخری دن کپتان روہت شرما نے گیندبازوں کا ہوشیاری سے استعمال کیا جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش کے بلے باز صبح سے ہی مشکلات  میں نظر آئے۔ شادمان اسلام (۵۰؍رن) اور تجربہ کار مشفق الرحیم (۳۷؍ رن) کے علاوہ دیگر بلے باز ہندوستانی بولنگ  اٹیک کا سامنا کرنے میں ناکام رہے اور بنگلہ دیش کی دوسری اننگز کھانے کے وقفے سے عین قبل ۱۴۶؍ رن پر سمٹ گئی اور ہندوستان کو جیت کیلئے ۹۵؍  رن کا ہدف ملا۔ کپتان روہت (۸؍رن) اور یشسوی جیسوال (۵۱؍رن) نے ایک بار پھر بنگلہ دیشی بولنگ اٹیک کے سامنے ہاتھ کھولے لیکن مہدی حسن کی گیند پر روہت سویپ  شاٹ سے محروم رہ  گئے اور اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔ پہلی اننگز کی طرح یشسوی نے دوسری اننگز میں بھی طوفانی انداز میں نصف سنچری مکمل کی۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد وراٹ کوہلی (ناٹ آؤٹ ۲۹؍ رن) اور رشبھ پنت (  ناٹ آؤٹ۴؍رن ) نے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔

مسلسل سب سے زیادہ ٹیسٹ سیریز گھر پر جیتی
۱۸: ہندوستان۔(۲۰۲۴ء۔۲۰۱۳ء) 
۱۰: – آسٹریلیا ۔(۲۰۰۰ء۔۱۹۹۴ء)
 ۱۰: – آسٹریلیا(۲۰۰۸ء۔ ۲۰۰۴ء) 
۸: – ویسٹ انڈیز(۱۹۸۶ء۔۱۹۷۶ء) 
۸: – نیوزی لینڈ(۲۰۲۰ء۔ ۲۰۱۷ء)

سب سے زیادہ پلیئر آف دی سیریز ایوارڈس
۱۱: – متھیا مرلی دھرن
۱۱: – روی چندرن اشون
۹: – جیکس کیلس
۸: – سر رچرڈ ہیڈلی
۸: عمران خان 

ٹیسٹ میں سب سے زیادہ جیت
۴۱۴: – آسٹریلیا
۳۹۷:  انگلینڈ
۱۸۳:   ویسٹ انڈیز
۱۸۰:  ہندوستان
۱۷۹: جنوبی افریقہ 

ٹیسٹ جیتنے کیلئے کھیلی گئی سب سے کم گیندیں (دونوں اننگز میں)
 ۲۷۶ : انگلینڈ بمقابلہ ویسٹ انڈیز، برج ٹاؤن،۱۹۳۵ء
۲۸۱: ہندوستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، کیپ ٹاؤن،۲۰۲۴ء
۳۰۰:  جنوبی افریقہ بمقابلہ زمبابوے، کیپ ٹاؤن،۲۰۰۵ء
۳۱۲: ہندوستان  بمقابلہ بنگلہ دیش، کانپور،۲۰۲۴ء
۳۲۷:   آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ، میلبورن،۱۹۳۲ء

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK