• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ہندوستانی گیندبازوں کا دبدبہ

Updated: November 23, 2024, 1:23 PM IST | Agency | Perth

ٹیم انڈیاپہلی اننگز میں ۱۵۰؍ رن پر ڈھیر۔ ٹیم انڈیا کے بولرس نے آسٹریلیا کے۶۷؍رن پر ۷؍وکٹ لئے۔ کپتان جسپریت بمراہ نے ۴؍وکٹ لئے۔

The Indian players have rallied in one spot after dismissing Marnus Laboshin. Photo: INN
ہندوستانی کھلاڑی مارنس لبوشین کو آؤٹ کرنے کے بعد ایک جگہ جمع ہوگئے ہیں۔ تصویر : آئی این این

جسپریت بمراہ (۴؍ وکٹ)، محمد سراج (۲؍ وکٹ) اور ہرشیت رانا (ایک وکٹ) کی شاندار گیند بازی نے ہندوستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں واپسی کرادی۔ پرتھ ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ان تینوں گیند بازوں نے آسٹریلیا کے۶۷؍ رن اور ۷؍وکٹ  لے لئے  ہیں اور وہ ابھی بھی پہلی اننگز میں ہندوستان کے اسکور سے۸۳؍ رن پیچھے ہے۔
میچ کے تیسرے سیشن میں چائے کے بعد بلے بازی  کیلئے  آنے والی آسٹریلیا کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ کپتان بمراہ نے شاندار گیندبازی  کا مظاہرہ کیا اور۱۹؍رن  کے اسکور پر آسٹریلیا کے ۳؍ ٹاپ بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا۔ ناتھن  میک سوینی(۱۰؍رن، عثمان خواجہ (۸؍رن) اور اسٹیو اسمتھ (صفر) بمراہ کا شکار بنے۔ مارنس لبوشین  (۲؍رن) کو محمد سراج نے آؤٹ کیا۔ لبوشین  نے ٹیسٹ تاریخ کی سب سے سست اننگز کھیلی، انہوں نے۵۲؍ گیندوں پر صرف ۲؍ رن بنائے۔ ٹریوس ہیڈ (۱۱؍رن ) ہرشیت رانا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ مشیل مارش  ۶؍رن  اور پیٹ کمنس  ۳؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔۲۵؍ویں اوور میں ہندوستانی کپتان جسپریت بمراہ نے کپتان پیٹ کمنس کو پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر آسٹریلیا کو ساتواں جھٹکا دیا۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا نے۲۷؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر۶۷؍ رن بنا لئے ہیں اور ایلکس کیری (ناٹ آؤٹ۱۹؍رن) اور مشیل اسٹارک ( ناٹ آؤٹ ۶؍رن ) کریز پر موجود ہیں۔ہندوستان  کی جانب سے جسپریت بمراہ (۴؍ وکٹ)، محمد سراج (۲؍ وکٹ) اور ہرشیت رانا (ایک وکٹ) حاصل کیا۔
  اس سے قبل جوش ہیزل ووڈ (۴؍وکٹ) سمیت دیگر گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر آسٹریلیا نے ہندوستانی اننگز کو۱۵۰؍رن   کے اسکور پر سمیٹ دیا تھا۔ جمعہ کو پرتھ کے آپٹس اسٹیڈیم میں ہندوستانی کپتان جسپریت بمراہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے  آنے والی ہندوستانی ٹیم کی شروعات بہت خراب رہی، اس نے تیسرے اوور میں ہی اوپنر یشسوی جیسوال (صفر) کا وکٹ گنوا دیا۔ جیسوال کو مشیل اسٹارک نے  ناتھن  میک سوینی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بلے بازی کیلئے آئے دیو دت پڈیکل کو کے ایل راہل کے ساتھ جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔۱۱؍ویں اوور میں جوش ہیزل ووڈ نے دیودت پڈیکل (صفر) کو پویلین بھیجا۔ پڈیکل نے۲۴؍ گیندیں کھیلیں اور اپنا کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ وراٹ کوہلی (۵؍رن) بھی جوش ہیزل ووڈ کا شکار بنے۔ لنچ سے قبل مشیل اسٹارک نے۲۳؍ویں اوور میں کے ایل راہل (۲۶؍ رن) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو بڑا جھٹکا دیا۔ دن کے پہلے سیشن کے اختتام پر ہندوستان ۲۵؍ اوورس میں۵۱؍ رن پر ۴؍ ٹاپ بلے بازوں کا  وکٹ مشکل حالت میں تھا۔
  لنچ کے بعد رشبھ پنت اور دھرو جوریل نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اسکور میں ابھی۱۲؍  رن کا اضافہ کیا تھا کہ مشیل مارش نے دھرو جوریل (۱۰؍رن) کو مارسن لبوشین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر ہندوستان کو پانچواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد۳۲؍ویں اوور میں واشنگٹن سندر (۴؍رن) کو بھی مشیل مارش نے اپنا شکار بنایا۔ ایک وقت ہندوستان نے ۷۳؍ رن پر ۶؍ وکٹ گنوا   دیئے  تھے۔ ایسے بحران میں بلے بازی کیلئے آنے والے نتیش کمار ریڈی نے رشبھ پنت کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان ۷؍ویں وکٹ کیلئے ۴۸؍ رن کی شراکت ہوئی۔ پیٹ کمنس نے۴۶؍ویں اوور میں رشبھ پنت (۳۷؍ رن ) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد ہرشیت رانا (۷؍رن) اور کپتان جسپریت بمراہ (۸؍رن) کو جوش ہیزل ووڈ نے اپنا شکار بنایا۔ ہندوستان کا دسواں وکٹ نتیش کمار ریڈی کی صورت میں گرا، انہوں نے ٹیم کیلئے  سب سے زیادہ ۴۱؍رن  بنائے۔ پوری ہندوستانی ٹیم ۴۹ء۴؍ اوور میں۱۵۰؍رن  کے اسکور پر سمٹ گئی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK