• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستانی ہاکی ٹیم اپنی سرزمین پر خطاب کادفاع کرنے کیلئے بے قرار

Updated: November 11, 2024, 12:21 PM IST | Bihar

آج سے بہار کے راجگیر میں خواتین کی ایشین چمپئن ٹرافی کا آغاز۔ ہندوستان کاپہلا مقابلہ آج کم درجہ والی ہاکی ٹیم ملائیشیا سے ہوگا۔ ٹیم انڈیا فارم دوبارہ حاصل کرنے کیلئے پُر عزم۔

Indian women`s hockey team ready to compete in the Asian Champions Trophy. Photo: INN.
ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم ایشین چمپئن ٹرافی میں مقابلے کیلئے تیار۔ تصویر: آئی این این۔

سال بھر خراب فارم سے نبرد آزما ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم اپنی سرزمین پر ایشین چمپئن ٹرافی (اے سی ٹی) خطاب جیت کر نئے اولمپکس سیزن کا آغاز کرنا چاہے گی اور اس کا پہلا میچ پیر کو ملائیشیا کی کم درجہ کی ٹیم سے ہوگا۔ ہندوستان اب تک ۷؍ بار ہوئے ٹورنامنٹ میں سنگاپور(۲۰۱۶ء) اور رانچی (۲۰۲۳ء) میں ٹورنامنٹ جیت چکا ہے۔ پیرس اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہنے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے اس سال ایف آئی ایچ پرو لیگ میں ۱۶؍ میں سے۱۳؍ میچ ہارے، صرف ۲؍ جیتے اور ایک ڈرا رہا۔ 
ہندوستان نے سلیمہ ٹیٹے کی کپتانی میں ایک مخلوط ٹیم کو میدان میں اتارا ہے جس میں نوجوان اور تجربہ کار دونوں کھلاڑی ہیں۔ اسٹرائیکر نونیت کور نائب کپتان ہوں گی۔ ہندوستان کو موجودہ اولمپک سلور میڈلسٹ چین، جاپان، کوریا، ملائیشیا اور تھائی لینڈ سے چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہندوستانی دفاع کی کمان ادیتا، جیوتی، آشیکا چودھری، سشیلا چانو اور ویشنوی وٹھل پھالکے کے ہاتھ میں ہوگی۔ کپتان ٹیٹے کے علاوہ نیہا، شرمیلا دیوی، منیشا چوہان، اسنہ لتا ٹوپو اور لالریمسیامی مڈ فیلڈ کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔ اگلی صف میں ذمہ داری نونیت، سنگیتا کماری، دپیکا، پریتی دوبے اور بیوٹی ڈونگ ڈونگ پر ہوگی۔ گول کیپنگ میں نظریں سابق کپتان سویتا اور نوجوان بچھو دیوی کھاریبم پر ہوں گی۔ سشیلا اور بیوٹی فٹنیس مسائل سے صحتیاب ہونے کے بعد لوٹ رہی ہیں۔ 
ہندوستانی ٹیم چین کے ساتھ خطاب کی مضبوط دعویدار کے طور پر میدان میں اترے گی، جو عالمی درجہ بندی میں چھٹے نمبر پر ہے۔ جنوبی کوریا ۳؍ بار اور جاپان دو بار ٹائٹل جیت چکا ہے۔ یہ ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم کے لئے نئی شروعات ہے جو پیرس اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔ کوچ ہریندر سنگھ نے میچ سے پہلے پریس کانفرنس میں کہاکہ ’’ پیرس اولمپکس نہ کھیل پانا اب ماضی کی بات ہے۔ اس سے آگے بڑھ کر اب ہم لاس اینجلس ۲۰۲۸ء اولمپکس کی تیاری کر رہے ہیں اور یہ اس کیلئے پہلا قدم ہے۔ یہ بہت اہم ٹورنامنٹ ہے اور ہم جیت کے ساتھ شروعات کرنا چاہیں گے۔ 
ٹیٹے نے پرو لیگ کے یورپی لیگ میں ہندوستان کی کپتانی کی ہے جس میں کارکردگی اچھی نہیں رہی۔ انہوں نے اس کیلئے فٹنیس اور ذہنی طاقت کی کمی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ ٹوکیو اولمپکس ۲۰۲۰ء میں تاریخ رقم کرنے کے بعد ٹیم پیرس اولمپکس کیلئے کوالیفائی نہیں کر سکی اور پچھلی بار ایف آئی ایچ پرو لیگ میں بھی اس کی کارکردگی خراب رہی تھی۔ ٹیٹے نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ `ہمارے پاس ایک بہترین ٹیم ہے جس میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔ ہمیں پیرس اولمپکس کو بھول کر آگے بڑھنا ہے اور ایشین چمپئن ٹرافی کا خطاب اپنی سرزمین پر برقرار رکھ کر ہم اگلے اولمپکس سائیکل کی تیاری شروع کر دیں گے۔ کوچ ہریندر نے بھی ہمیں یہی سکھایا ہے اور ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ ماضی کا ماتم کرتے رہنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK