• Wed, 25 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں ۵ء۷؍ لاکھ روپے فی میچ فیس دی جائیگی

Updated: September 29, 2024, 11:23 AM IST | Agency | Mumbai

بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کا اعلان ۔ ہر فرنچائزی سیزن میں اپنے کھلاڑیوں کو میچ فیس کے طور پر۰۶ء۱۲؍ کروڑ روپے ادا کرے گی۔ یہ رقم معاہدہ کی رقم سے الگ ہوگی

Jay Shah. Photo: INN
جئےشاہ۔ تصویر: آئی این این

بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے سنیچر کو بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب آئی پی ایل کے ہر میچ میں ہر کھلاڑی کو میچ فیس کے طور پر ۷ء۵؍ لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ اس طرح ہر فرنچائزی اس سیزن میں اپنے کھلاڑیوں کو میچ فیس کے طور پر۱۲ء۰۶؍ کروڑ روپے ادا کرے گی۔ 
 جے شاہ نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر لکھاکہ ’’ہم آئی پی ایل میں مستقل مزاجی اور بہترین کارکردگی کا جشن منانے کیلئے ایک تاریخی قدم اٹھا رہے ہیں۔ ہم اپنے کرکٹرس کے لئے ۷ء۵؍ لاکھ روپے فی میچ کا اعلان کرتے ہوئے بہت خوش ہیں کہ یہ آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کیلئے ایک نیا دور ہے۔ یہ رقم ان کی معاہدہ شدہ رقم کے علاوہ ہوگی۔ 
 اس طرح فرض کریں کہ اگرانڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۵ء کی نیلامی میں کسی کھلاڑی کو۳؍ کروڑ روپے دے کر خریدا جاتا ہے اور وہ کھلاڑی لیگ کے تمام میچ کھیلتا ہے تو سیزن کے اختتام پر وہ کل۴ء۰۵؍ کروڑ روپے کمائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ یہ اعلان ابھی تک آئی پی ایل فرنچائزیز کے ساتھ باضابطہ طور پر شیئر نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام فرنچائزیز میگا نیلامی سے قبل کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کے قوانین کا انتظار کر رہی ہیں جہاں ۲۰۲۵ءکے سیزن کے لئے ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔ 
 آئی پی ایل ۲۰۲۵ء کیلئے تمام ٹیموں کے پاس ۵؍ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا اختیار ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ نیلامی کے دوران ٹیموں کے پاس رائٹ ٹو میچ(آر ٹی ایم ) کارڈ کا آپشن بھی ہوگا۔ کرک انفو کے مطابق برقرار رکھنے کے دیگر قوانین کی تفصیلات کو حتمی شکل دی جائے گی اور اگلے آئی پی ایل سیزن کی میگا نیلامی سے پہلے اسے عام کر دیا جائے گا۔ 
   ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ کتنے ہندوستانی یا غیر ملکی کھلاڑیوں کو برقرار رکھا جائے گا۔ مجموعی طور پر ابھی تک برقرار رکھنے کے قوانین میں تبدیلیوں کے بارے میں کوئی معلومات دستیاب نہیں ہے کہ برقرار رکھے جانے والے کل کھلاڑیوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں، غیر ملکی کھلاڑیوں اور اَن کیپڈ کھلاڑیوں کی تعداد کیا ہوگی۔ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کیلئے کتنے مرحلے ہوں گے اس بارے میں بھی معلومات دستیاب نہیں ہیں تاہم، ہر ٹیم کے پاس تقریباً۱۱۵؍ سے ۱۲۰؍ کروڑ روپے کا پرس ہوگا۔ 
 آئی پی ایل گورننگ کونسل کی میٹنگ اس ہفتے کے آخر میں بنگلورو میں بی سی سی آئی کی سالانہ جنرل میٹنگ کے دوران ہونے کا امکان ہے۔ اگر وہ ۶؍ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی اجازت دیتے ہیں تو یہ آئی پی ایل کی تاریخ میں برقرار رکھنے کی سب سے بڑی تعداد ہوگی۔ ۲۰۱۷ء کی میگا نیلامی میں (۲۰۱۸ء کی آئی پی ایل ٹیم کے انتخاب کیلئے ) ۵؍ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی اجازت تھی، لیکن ایک اصول تھا کہ صرف ۳؍ ہندوستانی کھلاڑیوں کو برقرار رکھا جا سکتا تھا۔ پھر اگر کسی ٹیم نے کسی کھلاڑی کو برقرار نہیں رکھا تو ان کے پاس ۳؍ آر ٹی ایم کا آپشن بھی تھا۔ آر ٹی ایم کے تحت، کسی بھی ٹیم کو یہ اختیار حاصل ہے کہ اگر کوئی اور فرنچائزی کسی کھلاڑی کیلئے سب سے زیادہ بولی لگاتی ہے، تو آر ٹی ایم کا استعمال کرتے ہوئے، اس کھلاڑی کو اپنی ٹیم میں برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK