سڈنی ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز میں ۱۸۵؍رن پر آؤٹ۔ آسٹریلیا کے بولینڈ نے ۴؍ اور مشیل اسٹارک نے ۳؍ وکٹ لئے۔
EPAPER
Updated: January 04, 2025, 12:59 PM IST | Agency | Sydney
سڈنی ٹیسٹ میں ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز میں ۱۸۵؍رن پر آؤٹ۔ آسٹریلیا کے بولینڈ نے ۴؍ اور مشیل اسٹارک نے ۳؍ وکٹ لئے۔
بارڈر گاوسکر ٹیسٹ سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جمعہ کو آسٹریلیا نے اسکاٹ بولینڈ (۴؍ وکٹ)، مشیل اسٹارک (۳؍ وکٹ) اور پیٹ کمنس(۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان کو پہلی اننگز میں۱۸۵؍ رن پر سمیٹنے کے بعد دن کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ پر ۹؍ رن بنا لئے ہیں۔ہندوستان کے۱۸۵؍ رن کے جواب میں بلے بازی کرنے آئی آسٹریلیا کی ٹیم نے دن کا کھیل ختم ہونے پر ۳؍ اوورس میں ۹؍ رن پر ایک وکٹ گنوا دیا۔ تیسرے اوور میں جسپریت بمراہ نے عثمان خواجہ (۲؍ رن) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اسٹمپ کے وقت سیم کونسٹاس (۷؍ ناٹ آؤٹ) کریز پر تھے۔
جمعہ کو ٹیم انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے اتری ہندوستان کی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں تھی اور۱۱؍رن کے اسکور پر کے ایل راہل (۴؍رن) کا وکٹ گنوا دیا۔ وہ اسٹارک کے ہاتھوں کونسٹاس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد بولینڈ نے یشسوی جیسوال (۱۰؍رن) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔ شبھمن گل ۲۰؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان کا چوتھا وکٹ وراٹ کوہلی (۱۷؍رن)کی شکل میں گرا تاہم اس کے بعد رشبھ پنت اور رویندر جڈیجا نے ہندوستان کی لڑکھڑاتی اننگز کو سنبھالا۔ چائے کے وقفے تک ہندوستان نے ۴؍ وکٹ پر۱۰۷؍رن بنالئے تھے۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان ۵؍ویں وکٹ کے لیے۴۸؍رن کی شراکت ہوئی۔
ہندوستانی ٹیم چائے کے وقفے تک تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ رشبھ پنت پانچویں وکٹ کی شکل میں ہوئے۔ انہوں نے۹۸؍ گیندوں ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۴۰؍ رن بنائے۔ انہیں بولینڈ نے آؤٹ کیا۔ رویندر جڈیجا۲۶، نتیش کمار ریڈی صفر ، واشنگٹن سندر ۱۴؍رن اور پرسدھ کرشنا ۳؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کپتان جسپریت بمراہ نے۱۷؍ گیندوں پر ۲۲؍ رن کی اننگز کھیلی۔ محمد سراج ۳؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیائی گیندبازی کے سامنے ہندوستانی اننگز۷۲ء۲؍ اوور میں۱۸۵؍رن کے اسکور پر سمٹ گئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے اسکاٹ بولینڈنے ۴، مشیل اسٹارک نے ۳، پیٹ کمنس نے دو اور ناتھن نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
ہندوستان کے ڈھیر ہونے کی کہانی اعدادوشمار کی زبانی
۱۸۵- ہندوستانی ٹیم نے جمعہ کو پانچویں ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں مجموعی طور پر۱۸۵؍ رن بنائے۔ یہ۲۰۰۱ء کے بعد سڈنی میں کسی بھی ٹیم کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔ اس معاملے میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلے نمبر پر ہے۔ وہ ۲۰۱۰ء میں پاکستان کے خلاف۱۲۷؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔
۸ - ہندوستان ایک کیلنڈر سال میں۱۸۵؍ یا اس سے کم کے اسکور پر سب سے زیادہ آؤٹ ہونے کے لحاظ سے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن پر ہے۔ ہندوستان ۲۵۔۲۰۲۴ء میں ۸؍ بار۱۸۵؍ یا اس سے کم پر آؤٹ ہوا۔ ہندوستان کے علاوہ ۵؍ دیگر ٹیمیں بھی ایک ہی ٹیسٹ سیزن میں ۸؍ بار۱۸۵؍ سے کم پر آل آؤٹ ہو چکی ہیں۔
۳۷۶ - ہندوستان نے اس سال چنئی میں بنگلہ دیش کے خلاف پہلی اننگز میں۳۷۶؍ رن بنائے تھے۔ یہ۲۵۔۲۰۲۴ءمیں کسی بھی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ہندوستان کا بہترین اسکور ہے۔ کم از کم۱۰؍ ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ٹیموں میں، ویسٹ انڈیز ہندوستان کے علاوہ واحد ٹیم ہے جس نے ایک بھی ٹیسٹ سیزن کے دوران پہلی اننگز میں ۴۰۰؍ کا اسکور عبور نہیں کیا۔ ویسٹ انڈیز نے ۰۱۔۲۰۰۰ء کے سیزن میں ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں۴۰۰؍رن کا اسکور عبور نہیں کیا۔
۱۸ء۷۴- – ہندوستان نے ۲۵۔۲۰۲۴ء ٹیسٹ سیزن میں پہلی اننگز میں فی وکٹ۱۸ء۷۴؍ رن کے اوسط سے اسکور کیا۔ یہ ایک سیزن میں کم از کم ۵؍ میچوں کے دوران کسی بھی ٹیم کی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سب سے کم اوسط ہے۔ ہندوستان کی پہلی اننگز (ٹیسٹ کی پہلی اور دوسری اننگز) میں اوسط۲۲ء۹۲؍ تھا، جو کم از کم ۱۰؍ میچوں کے ساتھ کسی بھی ٹیم کے ٹیسٹ سیزن میں سب سے کم اوسط ہے۔ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا میں جدوجہد پر مجبور ہے۔