ہندوستانی ٹیم کو حیدرآباد ٹیسٹ میں ۲۸؍رن سے شکست۔ ہارٹلی نے ۷؍وکٹ لئے۔ اولی پوپ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ ہندوستان ٹیسٹ سیریز میں ۰۔۱؍سے پیچھے
EPAPER
Updated: January 28, 2024, 9:57 PM IST | Hyderabad
ہندوستانی ٹیم کو حیدرآباد ٹیسٹ میں ۲۸؍رن سے شکست۔ ہارٹلی نے ۷؍وکٹ لئے۔ اولی پوپ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ ہندوستان ٹیسٹ سیریز میں ۰۔۱؍سے پیچھے
ٹام ہارٹلی کی ۷؍ وکٹوں کی جارح گیند بازی کی بدولت انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن اتوار کو دوسری اننگز میں ہندوستان کو۲۰۲؍ رن پر محدود کرنے کے بعد میچ ۲۸؍رن سے جیت لیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ نے ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔میچ میں اچھی بلے بازی کرنے پر اولی پوپ پلیئر آف دی میچ رہے۔
۲۳۱؍ رن کے ہدف کے تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم تو چل میں آیا کی طرز پر یکے بعد دیگرے وکٹ گنواتے ہوئے۶۹ء۱؍اوورس میں۲۰۲؍ رن پر ڈھیر ہو گئی۔ کپتان روہت شرما نے سب سے زیادہ۳۹؍ رن بنائے۔ کے ایل راہل۲۲؍ رن، اکشر پٹیل۱۷؍ رن، یشسوی جیسوال۱۵؍ رن، رویندر جڈیجا ۲؍ رن اور شبھمن گل کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔ شریاس ایّر ۱۳؍ رن، شریکر بھرت اور آر اشون۲۸۔۲۸؍ رن اور محمد سراج۱۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بمراہ ۶؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ہارٹلی نے ۷؍وکٹ حاصل کئے۔ جو روٹ اور جیک لیچ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن ہندوستانی گیند بازوں نے دوسری اننگز میں لنچ سے قبل انگلینڈ کو۴۲۰؍رن کے اسکور پر سمیٹ دیا تھا اور اب ہندوستانی ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے ۲۳۱؍ رن بنانے تھے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں اتوار کی صبح کے سیشن میں انگلینڈ نے تیسرے دن کے اپنے اسکور ۶؍ وکٹ پر۳۱۷؍ رن کے اسکور سے دن کا آغاز کیا۔ بمراہ نے ریحان احمد کو۲۸؍ رن پر بھرت کے ہاتھوں کیچ کروا کر انگلینڈ کو ساتواں جھٹکا دیا۔ اس کے بعد اشون نے ٹام ہارٹلی کو۳۴؍ رن پر بولڈ کرکے پویلین بھیج دیا۔ ۹؍ویں وکٹ کے طور پر مارک ووڈ(صفر) کو جڈیجا نے بھرت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔
انگلینڈ کی جانب سے اولی پوپ نے سب سے زیادہ رن بنائے، بمراہ نے انہیں۱۹۶؍رن کے اسکور پر بولڈ کرکے ڈبل سنچری بنانے سے روک دیا اور اس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی دوسری اننگز ۴۲۰؍رن پر سمٹ گئی۔ انگلینڈ کو۲۳۰؍ رن کی برتری حاصل تھی اور ہندوستان کو جیت کیلئے ۲۳۱؍ رن بنانےتھے ۔ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ آف اسپنر آر اشون نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ رویندرا جڈیجا نے ۲؍ بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ اکشر پٹیل نے ایک وکٹ حاصل کیا۔
ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن سنیچر کو انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں ۶؍ وکٹوں پر۳۱۶؍ رن بنا کر ہندوستان کے خلاف۱۲۶؍ رن کی برتری حاصل کرلی تھی۔ انگلینڈ نے لنچ کے بعد اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ چائے کے وقت جسپریت بمراہ اور روی چندرن اشون نے مہمان ٹیم کو ۵؍ وکٹ پر۱۷۲؍رن پر سمیٹ دیا تھا۔ لیکن پوپ نے سخت مقابلہ کیا اور ناٹ آؤٹ ۱۴۸؍ رن بنا کر انگلینڈ کو کھیل میں واپسی دلائی۔ وہ ہندوستان کے خلاف دوسری اننگز میں سنچری بنانے والے پہلے غیر ملکی بلے باز ہیں۔ بین فاکس اور پوپ کے درمیان چھٹے وکٹ کےلئے ۱۱۲؍ رن کی شاندار شراکت ہوئی۔ اس سے قبل ہندوستان نے اپنی پہلی اننگز کل کے اسکور۴۲۱؍ رن ۷؍ وکٹوں سے آگے شروع کی لیکن میزبان ٹیم جو روٹ کی خطرناک اسپن کا مقابلہ نہ کر سکی۔