• Wed, 13 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستانی ٹیم آج برتری کو دُگنا کرنے کیلئے تیار

Updated: November 10, 2024, 10:14 AM IST | Gqeberha

۴؍میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز میں ہندوستانی ٹیم ۰۔۱؍سے آگے۔ سنجو سیمسن سے ایک اور سنچری کی امید

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اگر ہندوستان کو اتوار کو یہاں ہونے والے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ۲۰؍انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں کامیابی حاصل کرکے  اپنی جیت کی مہم کو جاری رکھنا ہے تو اس کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کوبہتر کھیلنا ہوگا اوران کی کارکردگی میں مستقل مزاجی ہوگی۔  وکٹ کیپر بلےبازسنجو سیمسن اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھنا چاہیں گے۔سیمسن نے ڈربن میں کھیلے جانے والے  پہلے میچ میں۵۰؍ گیندوں پر۱۰۷؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی جس کی بدولت ہندوستان نے یہ میچ ۶۱؍ رن سے جیت لیا۔
 دیگر ہندوستانی بلے باز خاطر خواہ تعاون  نہیں کر سکے جو ٹیم مینجمنٹ کیلئے تشویش کا باعث ہوگا۔ اوپنر ابھیشیک شرما کئی مواقع ملنے کے باوجود اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے جو ٹیم مینجمنٹ کیلئے  بڑی پریشانی کا باعث ہے۔ وہ اس سال کے شروع میں زمبابوے کے خلاف سنچری بنانے کے بعد رن بنانے کیلئے  مشکلات کا شکار ہیں۔ ہندوستان کی پلیئنگ الیون میں کسی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں لیکن ابھیشیک کی کارکردگی میں مستقل مزاجی کی کمی دیکھ کر ٹیم انتظامیہ کو مایوسی ہوگی۔
 خاص طور پر جب وہ روہت شرما کیٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اس مختصر فارمیٹ میں اوپننگ بلے باز کیلئے  دوسرے آپشنز تلاش کر رہے ہوں۔ تلک ورما نے۱۸؍ گیندوں پر ۳۳؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلی لیکن انہیں ایسے آغاز کو بڑے اسکور میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستانی مڈل آرڈر میں جگہ کیلئے  سخت مقابلہ ہے اور اگر ورما اپنی جگہ مضبوط کرنا چاہتے ہیں تو انہیں مسلسل کارکردگی پیش کرنا ہوگی۔
 ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو بھی پہلے میچ میں اچھی شروعات کا فائدہ نہیں اٹھا سکے جبکہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا بھی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے۔ ہندوستانی مڈل آرڈر کاغذ پر مضبوط نظر آرہا ہے لیکن پہلے میچ میں وہ شراکت برقرار رکھنے کیلئے  جدوجہد کرتے ہوئے نظر آئے۔

ہندوستان  ۶۱؍ رن سے فاتح  

سنجو سیمسن (۱۰۷؍رن) اور تلک ورما (۳۳؍رن) کی شاندار اننگز کے بعد ہندوستان نے جمعہ کو ورون چکرورتی اور روی بشنوئی کی شاندار گیند بازی کی بنیاد پر پہلے ٹی ۲۰؍ میچ میں جنوبی افریقہ کو۶۱؍ رن سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے ۴؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ہندوستان نے پہلے کھیلتے ہوئے ۲۰؍اوور میں ۸؍وکٹ پر ۲۰۲؍رن بنائے تھے۔ جنوبی افریقہ ۱۴۱؍رن پر آؤٹ ہوگیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK