Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ہندوستانی ٹیم کا ہدف سیریز پر قبضہ کرنا

Updated: February 09, 2025, 10:36 AM IST | Cuttack

آج ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا یکروزہ میچ۔ٹاپ آرڈ رسے بہتر کھیل کی امید۔ مہمان ٹیم بھی واپسی کیلئے کوشاں۔

The Indian team had performed well in the first ODI. Photo: PTI
ہندوستان کی ٹیم نے پہلے یکروزہ میں اچھا مظاہرہ کیا تھا۔ تصویر: پی ٹی آئی

سیریز کے افتتاحی میچ میں اپنے شاندار مظاہرہ سے پرجوش ہندوستانی ٹیم اتوار کو بارابتی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں۳؍ میچوں کی ایک روزہ سیریز اپنے نام کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی، جب کہ مہمان انگلینڈ سیریز کو برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔  ناگپور میں پہلے ایک روزہ میچ میں کامیابی  حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی ٹیم مقابلے میں  فارم  کے ساتھ اترے گی  تاہم کپتان روہت شرما کے  فارم پر خدشات برقرار ہیں۔ آئی سی سی  چمپئن  ٹرافی سے قبل صرف دو میچ باقی ہیں اور اوپنر اپنا  فارم دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بے چین ہوں گے۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل پر جان بوجھ کر غزہ میں امداد پہنچانے میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام

 روہت نے میچ سے پہلے کہاکہ ’’میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ ہم اس بات کو یقینی بناتے رہیں کہ ہم جتنی بار ممکن ہو صحیح کام کریں۔ ایسا کچھ بھی خاص نہیں ہے جسے ہم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ہم صرف گیندبازی، بلے بازی اور دیگر پہلوؤں کو فٹ اور بہتر رکھنا چاہیں گے۔‘‘  ناگپور میں اپنے  ابتدائی میچ میں متاثر کرنے والے نوجوان تیز گیند باز ہرشیت رانا اپنی کارکردگی کو آگے بڑھانا چاہیں گے۔ اگرچہ انگلینڈ کے اوپنرس نے انہیں ابتدائی دباؤ میں ڈال دیا تھا، لیکن انہوں نے زبردست واپسی کی اور ۳؍ اہم وکٹ حاصل کر کے مہمان ٹیم کو۲۴۸؍ رن پر روک دیا۔ دوسرے ایک روزہ میں  انگلینڈ کے ٹاپ آرڈر کے خلاف ان کا کردار اہم ثابت ہوسکتا ہے۔ رن مشین وراٹ کوہلی کی واپسی سے ہندوستان کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی آ سکتی ہے۔ تجربہ کار بلے باز گھٹنے کی انجری کے باعث پہلا ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے اور ان کی میچ میں شرکت ابھی تک واضح نہیں ہے۔ اگر وہ واپس آتے ہیں تو ٹیم مینجمنٹ کو اس بارے میں سخت فیصلے کا سامنا کرنا پڑے گا کہ کس کو باہر کرنا ہے  کیونکہ ان کے متبادل شریاس ایّر نے رن کے کامیاب تعاقب میں شاندار نصف سنچری اسکور کی ہے۔ ایّرنے میچ کے بعد کہاکہ  ’’ہم سب جانتے ہیں، بدقسمتی سے ایک کھلاڑی زخمی ہوگئے اور پھر مجھے موقع ملا۔ لیکن میں نے خود کو تیار رکھا۔ میں جانتا تھا کہ مجھے کسی بھی وقت موقع مل سکتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ۳؍ اسرائیلی یرغمال اور ۱۸۳؍ فلسطینی قیدی رہا

دوسری جانب انگلینڈ سیریز میں لوٹنے کے لئے  بے چین ہوگا۔ سیریز کے افتتاحی میچ میں ان کی بلے بازی  لڑکھڑا گئی اور انہیں اپنے مڈل آرڈر سے مضبوط کوشش کی ضرورت ہوگی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے، بارابتی اسٹیڈیم میں کرکٹ شائقین کو سنسنی خیز مقابلے کا انتظار ہے۔ خیال رہے کہ ہندوستان کی جیت سیریز پرقبضہ کرلے گی۔  ٹیم انڈیا: روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، شریاس ایّر، یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی، رشبھ پنت، کے ایل راہل، رویندر جڈیجا، اکشر پٹیل، واشنگٹن سندر، عرشدیپ سنگھ، ہرشیت رانا، کلدیپ یادو، محمد سمیع، ورون چکرورتی۔ ٹیم انگلینڈ: جوز بٹلر (کپتان)، ہیری بروک، بین ڈکٹ، جو روٹ، فلپ سالٹ، جیمی اسمتھ، جیکب بیتھل، برائیڈن کارس، لیام لیونگ اسٹون، جیمی اوورٹن، جوفرا آرچر، گس اٹکنسن، ثاقب محمود، عادل رشید، مارک ووڈ۔

اعداد وشمار کیا کہتے ہیں؟

ہندوستان نے بارابتی اسٹیڈیم میں اب تک۱۷؍ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔  اس  نے ان میں سے۱۳؍ میچ جیتے ہیں  جبکہ اسے ۴؍ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ انگلینڈ نے آخری بار یہاں جنوری۲۰۰۲ء میں ہندوستان کو۱۶؍ رن سے شکست دی تھی۔ اس کے علاوہ نومبر ۲۰۰۳ء میں نیوزی لینڈ نے اسے ۴؍ وکٹ سے شکست دی۔ دسمبر۱۹۹۰ء میں سری لنکا نے اسے۳۶؍ رن سے اور دسمبر۱۹۸۴ء میں انگلینڈ نے  ایک رن سے شکست دی۔ ہندوستان نے کٹک میں آخری  ۷؍ون ڈے جیتے ہیں۔  آخری بار ۲۱؍ سال قبل نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ ایسے میں روہت بریگیڈ کے پاس مسلسل ۸؍ ویں کامیابی حاصل کرکے ریکارڈ بنانے کا  موقع ہے۔ ہندوستان  اور انگلینڈ کے درمیان پہلا میچ۱۷؍ جنوری۱۹۸۲ء کو بارابتی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ پھر ہندوستان نے یہ میچ عظیم بلے باز سنیل گاوسکر کی۸۷؍ گیندوں  پر ۷۱؍ رن کی اننگز کی بنیاد پر۵؍ وکٹ سے جیت لیا۔ nبارابتی اسٹیڈیم میں اعداد و شمار کے لحاظ سے انگلینڈ کو ہندوستان پر برتری حاصل ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان یہاں ۵؍ ون ڈے میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ ان میں سے انگلینڈ نے۳؍ میچ جیتے ہیں جب کہ ہندوستانی ٹیم صرف دو بار ہی جیت سکی ہے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے بھی کٹک میں کل ۶؍ ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK