میلبورن میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ سے قبل آسٹریلیائی ٹیم کو گھاس والی جبکہ ٹیم انڈیا کو مشق کےلئے سست وکٹ دینے سے تنازع۔
EPAPER
Updated: December 24, 2024, 12:15 PM IST | Abhishek Tripathi | Melbourne
میلبورن میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ سے قبل آسٹریلیائی ٹیم کو گھاس والی جبکہ ٹیم انڈیا کو مشق کےلئے سست وکٹ دینے سے تنازع۔
ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان باکسنگ ڈے (۲۶؍ دسمبر) سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کی تیاریوں پر تنازعہ بڑھ گیا ہے۔ اتوار کو پریکٹس کیلئے ہندوستانی ٹیم کو کم سپاٹ پچ فراہم کی گئی تھی جبکہ پیر کو آسٹریلیائی ٹیم کو ایسی پچیں فراہم کی گئیں جن پر کافی گھاس تھی۔ یہ پچ میچ میں استعمال ہونے والی پچ سے ملتی جلتی تھی۔
سست وکٹ پر اتوار کو مشق کرتے وقت ہندوستان کے کپتان روہت شرما زخمی ہو گئے اور ان کے پاؤں میں سوجن آ گئی تھی۔ روہت کو آئس پیک لگانا پڑا۔ ٹیم کے ` منتظمین نے اس کے لئے پچ کے غیر یکساں اُچھال کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ ہندوستانی ٹیم نے ۲؍ ماہ پہلے اپنا ٹریننگ پروگرام بھیجا تھا لیکن ایم سی جی کے چیف کیورٹر میٹ پیج نے ٹیسٹ میچ سے ۳؍ دن پہلے نئی پریکٹس پچ دینے کے پروٹوکول پر اصرار کیا۔ پیج نے ہندوستانی ٹیم کی جانب سے پچ کی سہولتوں پر اٹھائے گئے سوالات کا جواب دیا ہے۔ پیج نے ایم سی جی کے پروٹوکول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ کےمعیار کی پریکٹس پچ میچ سے ۳؍ دن پہلے تیار کی جاتی ہیں۔ چونکہ ٹیسٹ جمعرات کو شروع ہو رہا ہے اور اتوار کو ہندوستانی ٹیم نے پریکٹسکی، اس لئے دستیاب پچیں اس کے مطابق نہیں تھیں۔ پیج نے مزیدکہا کہ ہم ٹیسٹمیچ کی پچیں ۳؍ دن پہلے تیار کرتے ہیں۔ اگر ٹیمیں اس سے پہلے آ کر مشق کرتی ہیں تو انہیں وہی پچیں ملیں گی جو وہاں پہلے سے دستیاب ہوں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ پالیسی تمام ٹیموں پریکساں طور پرنافذہوتی ہے۔ ہمیں ہندوستانی ٹیم کا پروگرام کافی پہلے مل گیا تھا لیکن ہم عموماً میچ سے ۳؍ دن پہلے میچ کیلئے مخصوص وکٹ فراہم کرتے ہیں۔ یہ تمام ٹیموں کیلئے یکساں ہے۔
پیج کی وضاحت کے باوجودہندوستانی ٹیم ناراض ہے کیونکہ گھاس والی پریکٹس پچ دستیاب تھیں لیکن ہندوستانی ٹیم کے سیشنز کے لئے فراہم نہیں کی گئیں۔ اس کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ایسا آسٹریلیا کو بہتر سہولت فراہم کرنے کیلئے کیا گیا تھا۔ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ی پرہے، اس لئے سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ کیاہندوستانی ٹیم ان چیلنجز سے نمٹ کر ایم سی جی پر ۳؍ برس پہلے کی طرح مضبوط کارکردگی دکھا سکتی ہے۔
پچ تیز گیند بازوں کے لیے مددگار ہوگی
پیج نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لئے ایم سی جی کی پچ کے بارے میں کہا کہ یہ پچ کافی اچھی ہوگی لیکن شیفیلڈ شیلڈ اور’ `اے‘ لسٹ میچوں کیلئے اس سیزن کے شروع میں استعمال کی گئی پچ کی طرح اُچھال والی نہیں ہوگی۔ انہوں نے اندازہ لگایا کہ پچ ہندوستان کے جسپریت بمراہ سمیت تیز گیند بازوں کے حق میں ہوگی جبکہ اسپنرز کیلئے بہت کم مدد ہوگی، جیسا کہ اس سیریز میں اب تک نظر آیا ہے۔ اب تک ۳؍ ٹیسٹ میچوں میں ۹۳؍ میں سے صرف ۷؍ وکٹ اسپن گیندبازوں کو ملی ہیں۔ پیج نے کہا کہ باکسنگ ڈے پر۴۰؍ ڈگری سیلسیس کی گرمی کی پیش گوئی حالات کو کچھ متاثر کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس کی نگرانی کریں گے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ میلبورن میں موسم تیزی سے بدل سکتا ہے۔ گرمی کی تلافی کیلئے پچ میں زیادہ نمی برقرار رکھی جا سکتی ہے جس سے دن چڑھنے کے ساتھ اس کی رفتار تیز ہو سکتی ہے۔