Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی ٹیم رواں سال اگست میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، آئی پی ایل کے بعدٹیم کا دورۂ انگلینڈ

Updated: April 16, 2025, 2:05 PM IST | Agency | New Delhi

۲۰۱۴ءمیں ہندوستانی ٹیم نے بنگلہ دیش میں آخری مرتبہ سیریز جیتی تھی۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ہندوستانی ٹیم رواں سال اگست میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی۔ اس دورے پر میزبان بنگلہ دیش ٹیم انڈیا کے ساتھ ۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز اور۳؍ ٹی ٹوینٹی میچوں کی سیریز کھیلے گا۔ جس کا آغاز۱۷؍ اگست سے ہوگا۔ بی سی سی آئی نےمنگل۱۵؍ اپریل کو اپنا شیڈول جاری کیا۔
 سیریز کا پہلا میچ۱۷؍ اگست کو میرپور میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دوسرا ون ڈے۲۰؍ اگست کو میرپور میں ہی کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ۲۳؍اگست کو چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔  یکروزہ سیریز کے بعد ۳؍میچوں کی ٹی ٹوینٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ ٹی ٹوینٹی سیریز کا آغاز ۲۶؍اگست سے چٹاگانگ میں ہی ہوگا۔
 ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک کل ۵؍ یکروزہ سیریزکھیلی جا چکی ہیں۔ یہ تمام سیریز صرف بنگلہ دیش میں کھیلی گئی ہیں۔ ان میں سے ہندوستان نے۳؍اور بنگلہ دیش نے۲؍ سیریز جیتیں۔ گزشتہ ۲؍ سیریز میں بنگلہ دیش فاتح رہی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے آخری بار۲۰۱۴ء میں ون ڈے سیریز جیتی تھی۔  اس کے ساتھ ہی دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک۲؍ ٹی ۲۰؍ سیریز کھیلی گئی ہیں۔ ہندوستان نے ان دونوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔
ٹیم انڈیا آئی پی ایل کے بعد انگلینڈ جائے گی
 فی الحال کھلاڑی آئی پی ایل میں مصروف ہیں۔ آئی پی   ایل۲۵؍ مئی کو ختم ہوگا۔ اس کے بعد ٹیم انڈیاکو۲۰؍ جون سے انگلینڈ  میں ۵ ؍ ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے۔ یہ سیریز ۴؍ اگست تک چلے گی۔۵؍ میچ لیڈز، برمنگھم، لارڈز، مانچسٹر اور اوول کے میدانوں میں کھیلے جائیں گے۔واضح رہےکہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے رواں ماہ اعلان کیا تھا کہ بورڈ ’پٹودی ٹرافی‘ کو ریٹائر کرنے جا رہا ہے۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کو ’پٹودی ٹرافی ‘ کہا جاتا ہے۔ اسے۲۰۰۷ء میں متعارف کرایا گیا تھا لیکن ٹرافی کا نام ۲۰۲۵ء میں تبدیل کر دیا جائے گا۔ نیا نام کیا ہو گا اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہو سکا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK