• Sun, 23 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انگلینڈ کو شکست دے کرہندوستانی خواتین نے شاندار آغاز کیا

Updated: February 16, 2025, 9:51 PM IST | Bhuvneshwar

ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نےسنیچرکی رات کو ایف آئی ایچ ویمنز پرو لیگ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کو۲۔۳؍گول سے شکست دے کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا

Navneet.Photo:INN
ہاکی کھلاڑی نونیت۔(تصویر: آئی این این)

 ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم نےسنیچرکی رات  کو ایف آئی ایچ ویمنز پرو لیگ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ کو۲۔۳؍گول  سے شکست دے کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔  کلنگا اسٹیڈیم میں ہندوستان کیلئے  ویشنوی وٹھل پھالکے (۶)، دپیکا (۲۵`) اور نونیت کور(۵۹)   نے گول کئے جبکہ انگلینڈ کے لئے ڈارسی بورن (۱۲`) اور فیونا کریکلز (۵۸؍رن `) نے گول کیا۔ ہندوستان کے ۲؍ گول پنالٹی کارنر سے آئے، جو اس شعبے میں بہتری  ظاہر کرتے ہیں جسے اکثر ان کی کمزوری سمجھا جاتا ہے۔
 پہلے کوارٹر میں سخت مقابلہ رہا، جس میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا۔ ہندوستان نے میچ کا پہلا پنالٹی کارنر حاصل کرکے چھٹے منٹ میں ہی برتری حاصل کرلی۔ منیشا چوہان کے ابتدائی شاٹ کو انگلینڈ کی فرسٹ ریشر ٹیسا ہاورڈ نے روک دیا۔ ریباؤنڈ سشیلا چانو کو گیا، جنہوں نے ایک طاقتور شاٹ مارا، جسے ویشنوی وٹھل پھالکے نے چالاکی سے نیٹ میں ڈال دیا۔
انگلینڈ نے دفاعی  غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے  ۱۲؍ویں منٹ میں جواب دیا۔ شوٹنگ سرکل کے اندر ویشنوی نے قبضہ کھو دیا، جس سے میڈی آکسفورڈ کو شاٹ لینے کا موقع ملا، جسے شروع میں گول کیپر سویتا نے بچالیا تاہم، ڈارسی بورن نے تیزی سے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ریباؤنڈ کو گول میں ڈال دیا اور اسکور کو برابر کردیا۔ پہلے کوارٹر کے آخر میں، ٹیسا ہاورڈ نے بائیں طرف سے ایک طاقتور شاٹ لگایا، لیکن سویتا نے ایک مضبوط بچاؤ کرتے ہوئے اسکور کو ۱۔۱؍ سے برابر رکھا۔
دوسرے کوارٹر میں سخت مقابلہ رہا۔ ہندوستان نے درست پاسنگ کے ساتھ گیند کو تیزی سے آگے بڑھاتے ہوئے گیند پر اپنا دبدبہ برقرار رکھا۔۲۵؍ ویں منٹ میں  ہندوستان کو اپنا دوسرا پنالٹی کارنر ملا، جسے نوجوان ڈریگ فلک سنسنی  دپیکا نے مہارت کے ساتھ گول میں تبدیل کردیا، جس نے ایک اہم گول کے ساتھ اپنی۵۰؍ ویں بین الاقوامی موجودگی درج کی۔
 تیسرے کوارٹر میں دونوں  نے جارحانہ انداز میں حملہ کیا۔ ہندوستان نے مڈ فیلڈ کو کنٹرول کرنے پر توجہ مرکوز کی جبکہ انگلینڈ نے فلینکس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ انگلینڈ کیلئے، کیٹی کرٹس نے گیند کو آگے بڑھانے کیلئے اپنی اسٹک مہارت کا استعمال کیا، لیکن ہندوستان دفاع میں ثابت قدم رہا اور اہم پاسیز کو روکا۔۴۲؍ویں منٹ میں ہندوستان کو ایک اور پنالٹی کارنر ملا اور دپیکا نے ایک زوردار شاٹ لگایا، جسے انگلش گول کیپر نے بچالیا۔
 انگلینڈ نے آخری کوارٹر میں رفتار حاصل کی اور لگاتار ۳؍ پنالٹی کارنر حاصل کئے لیکن ان میں سے کسی کا بھی فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا۔ ان کے مسلسل دباؤ کا نتیجہ آخر کار ۵۸؍ویں منٹ میں ہوا جب فیونا کریکلز نے برابری کا گول کیا تاہم ہندوستان نے تقریباً فوراً جواب دیا۔ صرف ایک منٹ بعد، نائب کپتان نونیت کور نےشوٹنگ سرکل کے کنارے سے زوردارحملہکیا، جس سے گیند گول کیپر کے پیروں سے ہوتے ہوئے نیٹ میں چلی گئی۔ دیر سے کئے گئے گول نے ہندوستان کیلئے  ۲۔۳؍ کی ڈرامائی جیت کو یقینی بنایا، جس سے انہیں اپنی مہم کا شاندار آغاز کرنے کیلئے  ۳؍ پوائنٹس ملے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK