Inquilab Logo Happiest Places to Work

یکروزہ سہ رخی سیریز کیلئے ہندوستانی خواتین ٹیم کا اعلان

Updated: April 09, 2025, 10:09 AM IST | Mumbai

کپتان ہرمن پریت کور کی واپسی۔ ۳؍ نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع ملا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

کاشوی گوتم، این سری چرنی اور شوچی اپادھیائے کو سری لنکا میں منعقد ہونے والی یکروزہ سہ رخی سیریز کیلئے  ہندوستانی خواتین کی ٹیم میں پہلی بار شامل کیا گیا ہے۔ سلیکٹرس نے جنوری میں آئرلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے محروم ہونے کے بعد ہرمن پریت کور کو  بحیثیت کپتان ٹیم میں شامل کیا ہے۔ اس کے علاوہ اسنیہا رانا، یاستیکا بھاٹیہ، اروندھتی ریڈی اور امن جوت کور کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ سلیکٹرس نے زخمی رینوکا سنگھ، پوجا وستراکر اور تیز گیند باز تیتاس سدھو کے ناموں پر غور نہیں کیا۔ ۲۱؍سالہ کاشوی گوتم اس سال ویمنز پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) میں بہترین کارکردگی پیش کرنے  والوں میں سے ایک رہیں۔ انہوں نے اپنے ۹؍ میچوں میں۱۱؍ وکٹ حاصل کئے۔ ۲۰؍سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر چرنی نے ڈبلیو پی ایل میں دہلی کیپٹلس (ڈی سی) کیلئے صرف ۲؍ میچ کھیلے اور ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ اس درمیان بائیں ہاتھ کے اسپنر اُپادھیائے گزشتہ سال دسمبر میں منعقدہ سینئر ویمنز ون ڈے ٹرافی میں تیسری سب سے زیادہ وکٹ لینے والی گیندباز تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے ۹؍ اننگز میں ۳ء۴۸؍ کے اکنامی ریٹ اور۱۵ء۴۴؍ کے اوسط سے۱۸؍ وکٹ حاصل کئے۔ انہیں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ ان کی ٹیم مدھیہ پردیش نے ٹرافی جیتی۔اس سال ستمبر اکتوبر میں ہندوستان میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سیریز تینوں ٹیموں کیلئے  اہم ہے۔   سہ رخی سیریز کی تیسری ٹیم جنوبی افریقہ ہے۔ سیریز کے تمام میچ کولمبو کے پریم داسا اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ ۲۷؍ اپریل کو ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم ۱۹؍ اپریل کو جنوبی افریقہ سے مقابلہ کرے گی۔ میچ۲؍ مئی کو سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان، ۴؍ مئی کو سری لنکا اور ہندوستان، ۷؍ مئی کو ہندوستان اور جنوبی افریقہ اور۹؍ مئی کو سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا۔سیریز کا فائنل۱۱؍ مئی کو ہو گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK