• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستانی خواتین ٹیم پاکستان کے بعد امارات کو زیر کرنے کیلئے تیار

Updated: July 21, 2024, 11:55 AM IST | Agency | Dambulla

آج ہندوستانی ٹیم ٹی ۲۰؍ ایشیا کپ میں یو اے ای سے مقابلہ کرے گی۔ اسمرتی مندھانا سے ایک اور بہترین اننگز کی توقع۔ امارات ٹورنامنٹ میں پہلا میچ جیتنےکیلئے بے قرار۔

Indian women`s cricket team is in good form at the moment and can capture the T20 Asia Cup. Photo: INN
ہندوستان کی خواتین کرکٹ ٹیم اس وقت اچھے فارم میں ہے اور وہ ٹی ۲۰؍ ایشیا کپ پر قبضہ کرسکتی ہے۔ تصویر : آئی این این

اعتماد سے بھری، ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم اتوار کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کامیابی حاصل کرکے خواتین کے ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں جگہ محفوظ کرنے کے لئے نظر آئے گی۔ دفاعی چمپئن ہندوستان نے روایتی حریف پاکستان کو جمعہ کو ۷؍ وکٹ سے شکست دے دی۔ یو اے ای کو ہرمن پریت کور کی ٹیم کو شکست دینے کے لئے کرشماتی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ہندوستان کے اس وقت ۲؍ پوائنٹس ہیں اور خالص رن ریٹ پلس ۲ء۲۹؍ہے اور امارات کو شکست دینے سے وہ ۴؍ پوائنٹس تک پہنچ جائے گا۔ دپتی شرما، رینوکا سنگھ اور پوجا وستراکر نے پاکستان کے خلاف اچھی بولنگ کی۔ ٹیم انتظامیہ بائیں ہاتھ کے اسپنر رادھا یادو سے بھی اچھی کارکردگی کی توقع رکھے گی جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے ذریعے واپسی کی ہے۔ 
 رینوکا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ `یہ ایک اچھا اسپیل تھا اور موسم نے بھی مدد کی۔ جس طرح میں نیٹ پر پریکٹس کر رہی ہوں، میں اسے میچ میں بھی دہرا سکتی ہوں۔ اوپنرز شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا نے ۹ء۳؍اوور میں ۸۵؍ رن کی شراکت کی۔ اس کے بعد ہندوستان نے تیزی سے ۳؍ وکٹ گنوا دیئے۔ ہندوستانی کیمپ متحدہ عرب امارات کے خلاف مڈل آرڈر بلے بازوں سے اچھی کارکردگی کی توقع کرے گا۔ 
 ایشیا کپ اکتوبر میں بنگلہ دیش میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے اہم سمجھا جاتا ہے۔ رینوکا نے کہاکہ `ایشیا کپ اہم ہے کیونکہ اس کے بعد ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ سے پہلے زیادہ میچ نہیں کھیلے جائیں گے۔ بنگلہ دیش میں بھی ایسی ہی صورتحال ہوگی، اس لئے ہمیں اس ٹورنامنٹ سے کافی مدد ملے گی، دوسرے میچ میں پاکستان کا مقابلہ نیپال سے ہوگا۔ 
 اس ٹورنامنٹ کا پہلا میچ یو اے ای اور نیپال کے درمیان کھیلا گیا تھا تاہم اس میچ میں یو اے ای کو نیپال کے ہاتھوں ۶؍ وکٹ سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس ٹورنامنٹ سے پہلے یو اے ای نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کوالیفائر کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی تھی لیکن پھر اسے سیمی فائنل میں قریبی میچ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ 
 یو اے ای کی کپتان ایشا اوجھا نیپال کے خلاف پہلے میچ میں رن آؤٹ ہوئی تھیں جس کی وجہ سے ان کی ٹیم بیٹنگ میں نیپال کو کوئی چیلنج پیش نہیں کر سکی۔ اوجھا نے اچھی شروعات کی اور دو چوکے لگائے لیکن اپنی اننگز کو آگے نہ لے جا سکیں تاہم وہ خود اس وقت اچھے فارم میں ہیں اور سری لنکا کے خلاف ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کوالیفائر میں اپنی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر بھی لے گئیں۔ اوجھا نے گزشتہ۱۰؍ ٹی۲۰؍ میں ۳۷ء۲۵؍ کے اوسط سے ۲۹۸؍ رن بنائے ہیں۔ 
 ہندوستان کا اسکواڈ: ہرمن پریت کور (کپتان)، اسمرتی مندھانا، شیفالی ورما، جیمائمہ راڈریگیز، رچا گھوش، اوما چھیتری، پوجا وستراکر، دپتی شرما، اروندھتی ریڈی، رینوکا سنگھ، ڈی ہیملتا، آشا شوبھنا، رادھا یادو، شریانکا پاٹل۔ 
 یو اے ای اسکواڈ: ایشا روہت اوجھا (کپتان)، کاویشا کماری، رتیکا رجت، سمیرا ڈی، لاونیا کینی، ایملی تھامس، حنا ہوچندانی، مہک ٹھاکر، اندوجا نند کمار، رینیتا رجت، خوشی موہن شرما، رشیتا راجت، سرکشا کوٹے، ویشنوی مہیش۔ 
تھائی لینڈ نے ملائیشیا کو۲۲؍ رن سے شکست  دی 
تھائی لینڈ کی ٹیم نے نانافت کونچاراوینکائی (۴۰؍رن)، فنیتا مایا (۲۹؍رن) کی اننگز کے بعد گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سنیچر کو ویمن ایشیا کپ ٹی۲۰؍ میچ میں ملائیشیا کو۲۲؍ رن سے شکست دے دی۔  
 سنیچر کو دامبولا میں تھائی لینڈ کی کپتان تھیپاچا پوتھاونگ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کیلئے آنے والی ٹیم تھائی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور۲۲؍رن کے اسکور پر اس کے ۲؍ وکٹ گر گئے۔ نانافت صفر، نتایا بوچاتھم ۱۸؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ تھائی لینڈ کی خواتین ٹیم نے نانافت کونچاراوینکائی (۴۰) اور فنیتا مایا (۲۹) کی اننگز کی بدولت۲۰؍ اوورس میں ۶؍ وکٹ پر۱۳۳؍رن بنائے۔ نانافت نے۳۵؍ گیندوں پر چھ چوکے لگا کر۴۰؍ رن بنائے۔ سووانان کھیوتو ۱۳؍رن اور روزنان کنوہ ۱۳؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ملائیشیا کی جانب سے اسماعیل نے ۴؍ اوور میں ۱۶؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ ۱۳۴؍رن کے ہدف کے تعاقب میں ملائیشیا کی اوپننگ جوڑی وان جولیا اور کپتان وینفریڈ دورائسنگم نے شاندار آغاز کیا اور پہلے وکٹ کیلئے ۶۸؍ رن کی شراکت کی۔ کپتان دورائسنگم (۲۲) کے آؤٹ ہونے کے باوجود جولیا نے ایک کنارا سنبھالا۔ انہوں نے ۵۲؍ رن بنائے۔ ملائیشیا کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹوں پر صرف۱۱۱؍ رن بنا سکی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK