Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی خواتین نے سری لنکا کو ۹؍وکٹ سے روند دیا

Updated: April 28, 2025, 11:15 AM IST | Agency | Colombo

اسنیہ رانا، دپتی شرما اور سری چرنی کی شاندار گیند بازی۔ پرتیکا راول اور ہرلین دیول کی عمدہ بلے بازی۔

Pratika Rawal. Picture: INN
پرتیکا راول۔ تصویر: آئی این این

اسنیہ رانا (۳؍ وکٹ)، دپتی شرما اور سری چرنی (۲؍ وکٹ) کی شاندار گیندبازی کے بعد پرتیکا راول (ناٹ آؤٹ ۵۰؍رن)، ہرلین دیول ( ناٹ آؤٹ ۴۸؍رن ) اور اسمرتی مندھانا (۴۳؍رن) کی شاندار بلے بازی  سے ہندوستانی خواتین ٹیم نےبارش سے متاثر سہ روزہ سیریز کے پہلے یک روزہ مقابلے میں  میزبان سری لنکا کو۵۶؍ گیندیں باقی رہتے ۹؍ وکٹ سے شکست دے دی۔
 ۱۴۸؍رن کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان نے پرتیکا راول اور اسمرتی مندھانا کی اوپننگ جوڑی کے ساتھ پہلے وکٹ کیلئے ۵۴؍ رن کی شراکت کے ساتھ اچھی شروعات کی۔ ۱۰؍ ویں اوور میں انوکا راناویرا نے نصف سنچری کی جانب گامزن اسمرتی مندھانا کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو پہلی کامیابی فراہم کی۔ اسمرتی مندھانا نے ۴۶؍ گیندوں پر۶؍چوکوں کی مدد سے ۴۳؍ رن بنائے۔ اس کے بعد ہرلین دیول بیٹنگ کے  لئے آئیں اور پرتیکا راول کے ساتھ مل کر تحمل سے بیٹنگ کرتے ہوئے۲۹ء۴؍ اوورس میں ایک وکٹ کے نقصان پر۱۴۹؍ رن بنا کر ہندوستانی ٹیم کو۹؍ وکٹ سے فتح دلادی۔ پرتیکا راول نے ۶۲؍ گیندوں پر ۷؍ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۵۰؍ رن بنائے۔ہرلین دیول نے۷۱؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سے۴۸؍رن بنائے۔ 
 ا س سے قبل اسنیہ رانا (۳؍ وکٹ)، دپتی شرما اور سری چرنی (۲؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے اتوار کو سہ فریقی سیریز کے بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں  سری لنکا کو۳۸ء۱؍ اوور میں۱۴۷؍ رن پر ڈھیر کردیا۔ 
 اتوارکو ہندوستانی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی  کا فیصلہ کیا۔ بارش کی وجہ سے اس ون ڈے میچ کو۳۹۔۳۹؍ اوورس تک محدود کر دیا گیا۔ سری لنکا کی بیٹنگ میں شروعات خراب رہی کیونکہ اس نے ۸؍ویں اوور میں کپتان چماری اٹاپٹو (۷؍رن) کو گنوا دیا۔ وہ اروندھتی ریڈی کے ہاتھوں وکٹ کیپر رچا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں۔۱۴؍ویں اوور میں اسنیہ رانا نے ہسینی پریرا (۳۰؍رن) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے سری لنکا کا دوسرا وکٹ لیا۔ سری لنکا کا تیسرا وکٹ ہرشیتھا سماراویکراما (۱۴؍رن) کے رن آؤٹ کے طور پر گرا۔ ہنسینی کرونارتنے (۴) کو اسنیہ رانا نے اپنی ہی گیند پر کیچ کرلیا۔ نیلاکشی ڈی سلوا (۱۰؍رن) کو بھی رانا نے اپنی ہی گیند پر کیچ کرلیا۔ کاویشا دلہری (۲۵؍رن) اور پیومی بدلاج (۲؍رن) کو سری چرنی نے آؤٹ کیا۔ ۳۷؍ویں اوور میں دپتی شرما نے انوشکا سنجیوانی (۲۲؍رن) کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو ان کا ۸؍وا ںوکٹ دلایا۔ اس کے بعد ملاکی مدارا  ۲؍رن آؤٹ ہوئیں۔ دپتی شرما نے ۳۹؍ویں اوور کی پہلی گیند پر اچینی کلسوریا (۱۷؍رن) کو آؤٹ کر کے سری لنکا کی اننگز ۱۴۷؍  رن  پر سمیٹ دی۔ہندوستانی خواتین ٹیم کی جانب سے اسنیہ رانا نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ سری چرنی اور دپتی شرما نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ اروندھتی ریڈی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK