پہلے میچ میں ٹیم انڈیا نے۶؍وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کی،پرتیکا اور تیجل کی ہاف سنچریاں،گیبی لوئس نے مہمان ٹیم کےلئے ۹۲؍رنوں کی اننگز کھیلی۔
EPAPER
Updated: January 11, 2025, 12:17 PM IST | Agency | Rajkot
پہلے میچ میں ٹیم انڈیا نے۶؍وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کی،پرتیکا اور تیجل کی ہاف سنچریاں،گیبی لوئس نے مہمان ٹیم کےلئے ۹۲؍رنوں کی اننگز کھیلی۔
ٹاپ آرڈر کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستانی خواتین ٹیم نے جمعہ کو سوراشٹرا کرکٹ اسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ۳؍یک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ کی خواتین ٹیم کو ۶؍ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کا شاندار آغاز کیا۔ پرتیکا راول (۸۹) اور تیجل حسبنیس (۵۳؍ ناٹ آؤٹ) نے ۱۱۶؍ رن جوڑ کر ہندوستان کو۴؍ وکٹ پر ۲۴۱؍رنوں تک پہنچا دیا اور میزبان ٹیم نے آئر لینڈ کے ۵۰؍اوور میں ۷؍وکٹ پر ۲۳۸؍ کے اسکور کو ۹۳؍ گیندیں باقی رکھ کر میچ جیت لیا۔
یہ کپتان اسمرتی مندھانا کے لئے بھی ایک تاریخی میچ تھا کیونکہ وہ خواتین کی کرکٹ میں ۴؍ہزاررن بنانے والی ہندوستان کی سب سے تیز اور مجموعی طور پر تیسری تیز ترین بلے باز بن گئیں۔ اسمرتی نے یہ کارنامہ ۹۵؍میچ میں انجام دیا۔
آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور اوپنرز سارہ فوربس (۹) اور گیبی لوئس (۹۲) نے اچھی شروعات کی۔ پانچویں اوور میں تیتاس سادھو نے سارہ فوربس کو آؤٹ کرکے اس جوڑی کو توڑ دیا۔ لوئس نے اننگز کو ایک سرے سے سنبھالے رکھا۔ ریمنڈ(۵)، اورلا پرینڈرگاسٹ (۹) اور لارا ڈیلانی (صفر) کی وکٹیں دوسرے سرے سے گر تی رہیں اور مہمان ٹیم کا اسکور ۴؍ وکٹ پر ۵۶؍رن ہوگیا۔ اس سے بعد لیہ پال (۵۹) نے اپنی کپتان کے ساتھ ۱۱۷؍ رنوں کی شراکت کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ اس پارٹنرشپ کا خاتمہ۳۹؍ ویں اوور میں لوئس کی شکل میں ہوا۔ دیپتی شرما نے لوئس کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ وہ آئرلینڈ کی خواتین کی ون ڈے تاریخ میں سب سے زیادہ رن بنانے والی کھلاڑی بن گئیں۔ انہوں نے۱۲۹؍گیندوں کی اپنی شاندار اننگز کے دوران ۹۲؍رن بنائے جن میں ۱۵؍ چوکے شامل تھے۔
کرسٹینا کولٹر ریلی (ناٹ آؤٹ ۱۵) اور آرلین کیلی (۲۸) کی مختصر اننگز کی بدولت آئرلینڈ نے ۵۰؍اوور میں ۷؍وکٹ پر۲۳۸؍ رن بنائے۔ ہندوستان کیلئے پریہ مشرا نے ۲؍جبکہ تیتاس سادھو، سیالی ستگھرے اور دیپتی شرما نے ایک ایک بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ آئر لینڈ کی ۲؍بلے باز رن آؤٹ ہوئیں۔
ہندوستان نے فتح کے تعاقب میں تیز شروعات کی۔ اسمرتی مدھانا (۴۱) اور پرتیکا نے اننگز کا شاندار آغاز کیا۔ اسمرتی ۱۰؍ویں اوور میں آؤٹ ہوگئیں۔ درمیان میں، ہارلین دیول (۲۰) اور جمائمہ روڈریگس (۹) نے اننگز کو سنبھالا اور ہندوستان کا اسکور۳؍وکٹ پر۱۱۹؍ رنوں تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد تیجل اور راول نے مہمان ٹیم سے میچ چھین لیا۔ پرتیکا کی وکٹ ہدف سے صرف ۷؍رن کی دوری پر گری، جس کے بعد ریچا گھوش (۸؍ناٹ آؤٹ) نے اپنی پہلی ۲؍ گیندوں پر ۲؍ چوکے لگا کر میچ ختم کردیا۔
راول نے پلیئر آف دی میچ جیتنے کے بعد کہا’’ کھیلتے وقت میں پُرسکون رہنا پسند کرتی ہوں۔ اس سے بہت مدد ملتی ہے۔ مجھے دوسرے سرے سے کھیل دیکھنا پسند ہے۔ مندھانا کی بلے بازی کا میں نے لطف اٹھایا۔ ہم نے واقعی ایک اچھی شروعات کی تھی۔ ہمیں صرف اپنے فارم برقرار رکھنا تھا۔ آخر میں، تیجل نے بہت اچھا کھیلا۔ میں صرف وہی کرنے کی کوشش کر رہی ہوں جو میں بہتر کرتی ہوں۔ ایک وقت میں صرف ایک میچ پر توجہ مرکوز کرنا۔ جب بھی گیند میرے سلاٹ میں ہوتی ہے میں بڑے شاٹس کھیلنے کی کوشش کرتی ہوں۔ ورنہ میں سنگلز لینے کی کوشش کرتی ہوں۔ ‘‘
میچ کے بعد کپتان اسمرتی مندھانا نے ٹیم کی کارکردگی پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس وکٹ پر گیندبازی کرنا بہت مشکل تھا۔ وکٹ بالکل سپاٹ۔ اس کے باوجود ہماری گیندبازوں نے شاندار گیندبازی کی اور انہیں کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ ‘‘