• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہندوستانی خواتین ٹیم جنوبی افریقہ پر ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کیلئے تیار

Updated: June 19, 2024, 12:02 PM IST | Bengaluru

آج جنوبی افریقہ کی خواتین کیساتھ ہندوستانی ٹیم کا دوسرا یکروزہ مقابلہ۔ اسمرتی مندھانا سے ایک بار پھر سنچری اننگز کی توقع۔ میزبان سیریز میں آگے۔

Captain Harmanpreet Kaur. Photo: INN.
کپتان ہرمن پریت کور۔ تصویر : آئی این این۔

پہلے میچ میں بڑی جیت سے حوصلہ افزا ہندوستانی خواتین ٹیم بدھ کو یہاں ہونے والے دوسرے ون ڈے کرکٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی اچھی کارکردگی کو جاری رکھنے کی کوشش کرے گی اور سیریز میں ۰۔ ۲؍ کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے کیلئے کھیلے گی۔ ہندوستان نے پہلا میچ۱۴۳؍  رن سے جیتا تھا لیکن ٹیم کچھ کھلاڑیوں کی کارکردگی سے پریشان رہے گی۔ ہندوستان نے پہلا میچ اسمرتی مندھانا کی سنچری اور اسپنرس کی شاندار کارکردگی کی بدولت جیتا تھا تاہم بلے بازی میں ان کی کچھ کمزوریاں سامنے آئی ہیں۔ ہندوستان کیلئے سب سے بڑی پریشانی اوپنر شیفالی ورما کی ون ڈے میں مسلسل خراب کارکردگی ہے۔ انہوں نے اپنی آخری نصف سنچری۲۰۲۲ء میں ون ڈے میں بنائی تھی۔ وہ آخری ۶؍ میچوں میں دُہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکیں۔ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے کیلئے انہیں بڑی اننگز کھیلنے کی ضرورت ہے۔ 
ٹیم انڈیا کی کپتان ہرمن پریت کور کا بلہ بھی کام کرنے کے قابل نہیں ہے۔ گزشتہ ۵؍ میچوں میں انہوں نے۱۴، ۹، ۵، ۳؍اور۱۰؍ رن بنائے ہیں۔ چوٹ سے واپس آنے والی ایک اور ٹاپ آرڈر بلے باز جمائمہ روڈریگز بھی متاثر کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ ان سب کو اسمرتی مندھانا سے سیکھنے کی ضرورت ہے جنہوں نے ون ڈے میں اپنی چھٹی سنچری بنائی ہے۔ بائیں ہاتھ کی یہ بلے باز اچھے فارم میں ہے۔ انہوں نے فروری۲۰۲۲ء سے اب تک ون ڈے میں ۷؍ نصف سنچریاں اور ۲؍ سنچریاں اسکور کی ہیں۔ ہندوستانی خواتین ٹیم ان سے ایک اور بڑی اننگز کی امید رکھے گی۔ 
گیند بازوں میں لیگ اسپنر آشا شوبھنا نے اپنا پہلا میچ کھیلتے ہوئے۲۱؍رن دے کر ۴؍ وکٹ حاصل کئے ہیں لیکن ٹیم انتظامیہ تیز گیندباز پوجا وستراکر کی فٹنیس کے تعلق سے پریشان ہو گی جنہوں نے جنوبی افریقہ کی اننگز کے۱۸؍ویں اوور میں میدان چھوڑ دیا۔ اگر وہ نہیں کھیلتی ہیں تو اروندھتی ریڈی کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ جہاں تک جنوبی افریقہ کا تعلق ہے، اگر وہ سیریز میں برقرار رکھنا چاہتا ہے تو اس کے بلے بازوں کو ہندوستانی اسپنرس کا بہادری سے سامنا کرنا ہوگا۔ آخری میچ میں ہندوستانی اسپنرس آشا، دپتی شرما اور رادھا یادیو نے مل کر ۷؍ وکٹ حاصل کئے تھے، اس لئے اسے بہتر حکمت عملی کے میدان پر آنا ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK